اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۱۰؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو کونگو کنشاسا کے ریجن Kikwit کی جماعت Mangai میں مسجد بیت الکریم کا افتتاح ہوا۔ اس جماعت میں احمدیت کا پودا ۱۹۹۵ء میں لگا اور اگست ۲۰۰۲ء میں باقاعدہ مشن کا آغاز ہوا۔ اس جماعت میں پہلا جلسہ سالانہ ۲۰۰۳ء میں منعقد کیا گیا۔ پہلے یہاں کچی مسجد بنائی گئی تھی۔ اب چونکہ جماعت کافی تعداد میں ہوچکی ہے اس ليے ایک پکی اور بڑی مسجد کا بنانا ضروری تھا۔ چنانچہ ۲۷؍جون بروز جمعۃالمبارک مکرم عطاءالقیوم صاحب ریجنل مبلغ نے یہاں پر مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔ تعمیر کا باقاعدہ آغاز ۱۲؍جولائی کو ہوا اور خدا کے فضل سے۶؍اکتوبر کو یہ مسجد مکمل ہوئی جس کا افتتاح ۱۰؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز جمعۃالمبارک مکرم خالد محمود صاحب امیرجماعت احمدیہ کانگو کنشاسا نے کیا۔ مکرم امیر صاحب نے مسجد بیت الکریم میں خطبہ جمعہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت کروائی۔ اہل دیہہ نے نئی مسجد میں نماز پڑھی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مکرم محمد ایوینی صاحب نے کی اور اس کے بعد مکرم عطاءالقیوم صاحب ریجنل مبلغ نے نظمپڑھی۔ اس کے بعد مکرم احمد ایوینی صاحب لوکل معلم نے مسجد کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ پھر مکرم مکرم انس محمد Musu صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور احمدی احباب کو مسجد اور نمازکی اہمیت کی طرف توجہ دلائی۔ اس تقریر کا لوکل زبان لنگالا میں ترجمہ مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے کیا۔ اس کے بعد مجلس سوال وجواب ہوئی اور پھر بعض سرکاری عہدیداران نےاپنے تاثرات پیش کيے۔ علاقہ کے میئر صاحب نے کہا کہ میں آج جماعت کا کام دیکھ کر بہت خوش ہوں اور آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ Chef De Groupement:چند دیہات کے ایک گروپ کا نگران اس گروپ کا چیف کہلاتا ہے۔ اس علاقہ کے مذکورہ چیف بھی تقریب میں موجود تھے، انہوں نے کہا کہ اس گاؤں میں اس مسجد سے زیادہ خوبصورت عمارت نہیں ہے چنانچہ میں تمام افراد سے درخواست کرتا ہوں کہ اس کو اسی طرح پاک صاف اور اچھی حالت میں رکھیں۔ اسی طرح انہوں نے روایتی انداز میں لوکل گیت گا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب کے ساتھ مقامی حکومتی عہدیداران مسجد کے پاس تشریف لائے اور مکرم امیر صاحب اور میئر نے مل کر فیتہ کاٹا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی۔ اس کے بعد تمام احباب کی تواضع کی گئی۔ مسجد بیت الکریم کا مسقف حصہ ۱۲۰؍مربع میٹر ہے۔ اس میں بیک وقت ۲۵۰؍نمازی نماز ادا کر سکتے ہیں۔ اس پروگرام میں کل حاضری ۸۰۰؍سے زائد رہی جس میں ۲۴۹؍غیر از جماعت افراد تھے۔ اس تمام تقریب کو Radio Mangai نے ریکارڈ کیا اور بعد میں نشر کیا جس کو Mangai سمیت اردگرد کے دیہات میں سنا گیا۔ اللہ تعالیٰ یہ مسجد احمدی احباب کے ليے مبارک کرے اور اس جماعت کو مسجد کے حقیقی مقصد کو پورا کرنے والا بنائے۔ (رپورٹ: شاهد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: قادیان دار الامان میں مجلس انصار اللہ بھارت کے پینتالیسویں سالانہ مرکزی اجتماع کا کامیاب انعقاد