خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے آئیوری کوسٹ کے بواکے ریجن کو مورخہ ۱۶؍نومبر بروز اتوار بواکے شہر میں ریجن کا پہلا ریفریشر کورس برائے مربیان، معلمین و صدران جماعت منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ مسجد فضل عمر بواکے شہر میں پروگرام کا آغاز صبح نو بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں نائب امیر مکرم کونے داؤد صاحب نے دعا کروائی جس کے بعد تمام صدران نے باری باری اپنا اور اپنی متعلقہ جماعت کا تعارف کروایا۔ وہاں جماعت کے قیام سے متعلق مختصر طورپر بتایا نیز ماضی میں کس طرز پر کام ہوا اور موجودہ درپیش صورت حال کا جائزہ اور آئندہ حکمت عملی کے ليے چند ایک باتیں بتائیں۔ بعد ازاں لوکل معلمین کرام نے اپنا تبلیغی و تربیتی طریق کار بیان کیا نیز آئندہ کس طرح سے کام میں بہتری آسکتی ہے اس بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔ بعدازاں خاکسار (ریجنل مبلغ سلسلہ) نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا نیز باہمی رابطے اور تعاون کو مزید فروغ دینے اور موجودہ درپیش مسائل کے حل کے ضمن میں اظہار خیال کیا اور حکمت عملی بنائی۔ مکرم کونے داؤد صاحب نائب امیر صاحب نے حاضرین کے سوالات کے جواب دیے نیز مرکزی ہدایات کی طرف توجہ دلائی اور بالعموم فعال حکمت عملی کا طریق کار اپنانے کی طرف توجہ دلائی۔ اختتامی دعا اور نماز ظہر و عصر کی باجماعت ادائیگی کے بعد لوکل معلّمین سے آئندہ تین ماہ کی حکمت عملی اور طریق کار اپنانے نیز تربیتی و تبلیغی دورہ جات کے سلسلہ میں قبل از وقت منصوبہ بندی اور پروگرام بنا کر بھجوانے نیز روابط کو تیز کرنے کی طرف توجہ دلائی گئی جس کے بعد پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ تمام شاملین کے ليے ریفریشمنٹ اور کھانے کا انتظام تھا۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو جزائے خیر عطا فرمائے اور اس پروگرام کے انعقاد سےاحباب اور جماعت کے ليے مثبت نتائج پیدا فرمائے نیز ہماری ادنیٰ کوشش کو باثمر فرماوے۔ آمین (رپورٹ:احتشام الحسن۔ مبلغ سلسلہ بواکے، آئیوری کوسٹ) مزید پڑھیں: احمدیہ ڈینٹل کلینک ٹلنڈنگ،گیمبیا کے ۵۳؍سال پورے ہونے پر تقریب کا انعقاد