https://youtu.be/6mWzpYU3GN0 ٭…جرمنی کے شہر ہیمبرگ کے سیوریج کے نمونے میں وائلڈ پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ جرمن حکام کا کہنا ہے کہ جرمنی میں سیوریج کے نمونے میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق سے دنیا کو اس مہلک وائرس سے بچاؤ کی کوششوں کو ایک دھچکا لگا ہے۔ وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ سیوریج کے نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق اس بات کی نشاندہی ہے کہ پولیو وائرس سے بچاؤ کی کوششیں کام کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ جرمنی کے سیوریج کے نمونے میں پولیو وائرس کی موجودگی ملک میں پولیو وائرس کے آخری کیس کی تصدیق ہونے کے ۳۰؍سال سے زائد عرصے کے بعد ہوئی ہے۔ ٭…ترکیہ کے محکمہ جنگلات کا طیارہ کروشیا میں گرکر تباہ ہوگیا، حادثے میں طیارے کا پائلٹ جاں بحق ہوگیا۔ ترک وزیر زراعت و جنگلات ابراہیم یومکلی نے بتایا ہے کہ یورپی ملک کروشیا میں لاپتا ہونے والے ترک شعبہ جنگلات کے طیارے کا ملبہ مل گیا ہے۔ترک ڈائریکٹوریٹ آف فارسٹری کے آگ بجھانے والے ۲ طیارے ایک طے شدہ پروگرام کے مطابق مرمت اور دیکھ بھال کے لیے کروشیا کے زگریب ہوائی اڈے پر موجود تھے۔ ٭…بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے انتخابات کے دن ریفرنڈم کرانے کا اعلان کیا ہے۔ محمد یونس کا قوم سےخطاب میں کہنا تھا کہ پارلیمانی انتخابات کے دن ہی مجوزہ جمہوری اصلاحات پر ریفرنڈم ہوگا۔ اس سے اصلاحات کے ہدف میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئے گی۔ انتخابات مزید بہتر اور کم خرچ ہوں گے۔ جمہوری اصلاحات میں وزرائے اعظم کے لیے دو مدت کی حد اور صدارتی اختیارات میں توسیع کی تجویز پیش کی گئی ہے۔جولائی چارٹر کے نام سے مشہور یہ اصلاحاتی منصوبہ جولائی ۲۰۲۴ء کی عوامی بغاوت کے بعد تیار کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں انتخابات فروری ۲۰۲۶ء میں شیڈولڈ ہیں۔