٭…اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق والکر ترک نے کہا کہ سوڈان کے شہر الفشر میں ہولناک خونریزی دنیا پر ایک داغ ہے، جو تشدد کو روکنے میں ناکام رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ الفشر شہر کی زمین پر خلا سے لی گئی تصویروں میں خون کے دھبے دیکھے گئے ہیں۔والکر ترک کے مطابق ان کا عملہ خلاف ورزیوں کے شواہد اکٹھے کر رہا ہے، جو قانونی کارروائیوں میں استعمال ہو سکتے ہیں۔ عالمی فوجداری عدالت نے اشارہ دیا ہے کہ وہ صورت حال کو قریب سے دیکھ رہی ہے۔ الفشر شہر کے اس تنازعہ میں ملوث تمام افراد کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ انہیں دیکھ رہے ہیں اور انصاف کی فتح ہوگی۔ ٭…غزہ کی پٹی میں موسم سرما کی پہلی بارش کے باعث فلسطینی پناہ گزینوں کے ہزاروں خیمے ڈوب گئے، جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا۔ جمعہ کی صبح شروع ہونے والی بارش کا پانی خیموں میں داخل ہوگیا۔ خیموں میں پناہ لیے ہوئے فلسطینی خاندانوں نے سوئے ہوئے بچوں کو محفوظ جگہوں میں منتقل کیا۔اس دوران کئی مرد اور خواتین خیموں سے پانی نکالنے میں مصروف نظر آئے۔ بارش کے باعث بستر اور اشیاء خور و نوش بھیگ گئیں۔ بارش کے بعد سردی کی لہر میں اضافہ ہونے اور تباہ شدہ ملبوں اور میدانوں میں بارش کا پانی جمع ہونے پر وبائی اور موسمی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔ ٭…٭…٭