(مسجد مبارک اسلام آباد، ٹلفوڑد، ۱۴؍نومبر ۲۰۲۵ء ) سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ مورخہ ۱۴؍نومبر ۲۰۲۵ء کے آخر میں بنگلہ دیش، پاکستان اور افریقہ کے احمدیوں نیز فلسطینی مسلمانوں کے لیے دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا: مَیں نے پہلے بھی بنگلہ دیش کے بارہ میں دعا کے لیے کہا تھا۔ وہاں مولوی طبقہ جو ہے، احمدیت مخالف طبقہ جو ہے وہ کافی شور مچا رہا ہے۔ کل ان کا ایک جلسہ بھی ہے شاید۔ تو ان کے لیے خاص طور پہ دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ ہر احمدی کو محفوظ رکھے، ان کے شر سے بچائے۔ اسی طرح پاکستان کے احمدیوں کے لیے بھی دعا کریں اللہ تعالیٰ انہیں بھی محفوظ رکھے۔ اب بہت زیادہ دعاؤں کی ضرورت ہے۔ جب مخالفین کو کسی بھی طریقے سے دبایا جائے،قانوناً بھی اگر دبایا جاتا ہے، تو ان کی تان احمدیوں پر آکے ٹوٹتی ہے۔ اس لیے احمدیوں کو زیادہ دعاؤں کی طرف اور احتیاط کی طرف توجہ کرنی چاہیے۔ اسی طرح فلسطینیوں کے لیے بھی دعا کریں۔ معاہدات کے باوجود، سیز فائر کے باوجود ان کا اسی طرح قتل عام ہو رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ رحم فرمائے ۔ اسی طرح افریقہ کے احمدیوں کے لیے دعا کریں۔ ان میں بھی بعض جگہ حکومتیں ان پر ظلم کر رہی ہیں، بعض جگہ دہشت گرد مختلف جگہوں پر حملے کر رہے ہیں، بعض دفعہ احمدی بھی متاثر ہو جاتے ہیں اس سے۔ اللہ تعالیٰ تمام دنیا میں امن اور سلامتی قائم کرے۔ (آمین) ٭…٭…٭