https://youtu.be/I7RmhWoTVc0 ٭…غزہ میں سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی انسانی بحران مزید گہرا ہوتا جارہا ہے۔بین الاقوامی سطح کی امدادی تنظیمیں مسلسل مطالبہ کر رہی ہیں کہ غزہ میں امدادی سامان کی بغیر رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ لاکھوں بے گھر فلسطینی خیموں، خوراک اور بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ جنگ بندی کے بعد امدادی سامان کی ترسیل میں کچھ اضافہ ضرور ہوا ہے لیکن یہ اب بھی ضرورت سے بہت کم ہے۔اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک (WFP) کی ترجمان عبیر عتیفہ نے کہا ہے کہ ہم وقت کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، سردی قریب ہے، لوگ بھوک سے دوچار ہیں اور ضرورتیں بے پناہ ہیں۔غزہ حکام کے مطابق جنگ بندی کے بعد روزانہ اوسطاً ۱۴۵؍امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہو رہے ہیں جبکہ معاہدے کے تحت یہ تعداد ۶۰۰؍ٹرک ہونی چاہیے۔ ٭… نیو یارک کا مسلمان میئر منتخب ہونے پر اسرائیل نے نو منتخب میئر ظہران ممدانی کو حماس کا حامی قرار دے دیا۔ اسرائیل کے وزیر برائے تارکین وطن نے کہا کہ وہ شہر جو کبھی عالمی آزادی کی علامت تھا، اب اس کی چابیاں ایک حماس کے حامی شخص کے حوالے کر دی گئی ہیں۔اسرائیلی وزیر نے کہا کہ ممدانی کے خیالات جہادی انتہا پسندوں سے زیادہ مختلف نہیں، جنہوں نے نائن الیون میں تین ہزار شہریوں کو ہلاک کیا۔ ٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دیکھتے ہیں ظہران ممدانی نیویارک میں کیسا کام کرتے ہیں، ہم ان کی تھوڑی مدد کریں گے۔میامی میں بزنس فورم سے خطاب کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی پالیسی سے بر خلاف نیویارک کے نئے منتخب میئر سے تعاون کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیویارک کے لوگوں نے بائیں بازو کے ظہران ممدانی کو میئر منتخب کرکے امریکہ کی ’خودمختاری‘ کھو دی ہے۔ ایک کمیونسٹ امریکہ کے سب سے بڑے شہر کا میئر بن گیا ہے، دیکھتے ہیں وہ کیسے اقدامات کرتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں نیویارک کامیاب ہو۔ واضح رہے کہ امریکی صدر نے الیکشن سے پہلے خبردار کیا تھا کہ ممدانی منتخب ہوئے تو وہ انہیں منصوبوں کے لیے فنڈز نہیں دیں گے۔ ٭…لندن کے میئر صادق خان نے ظہران ممدانی کے میئر نیویارک منتخب ہونے کو فنٹاسٹک فتح قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نیویارک کے شہری خوف پر امید اور تقسم پر اتحاد کا انتخاب کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ برٹش پاکستانی صادق خان مغربی دنیا کے بڑے شہر کے ۲۰۱۶ء میں پہلی بار میئر بنے تھے پھر ۲۰۲۱ء اور پھر ۲۰۲۴ء میں بھی اُنہوں نے یہ معرکہ جیت لیا۔ خیال رہے کہ امریکہ کے سب سے بڑے شہر کے میئر ایک مسلمان بھارتی نژاد ظہران ممدانی بنے ہیں اور صادق خان ہی کی طرح یہ بھی صدر ٹرمپ کی بدترین تنقید کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔ ٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ کے دوران مَیں نے سنا ہے کچھ اخبارات میں آیا کہ سات یا آٹھ طیارے گرائے گئے۔میامی میں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایک اخبار نے لکھا کہ سات طیارے گرائے گئے، ایک کو نقصان پہنچا، کسی اخبار کا نام نہیں لوں گا، زیادہ تر جھوٹی خبریں دیتے ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ مگر حقیقت میں پاک بھارت جنگ کے دوران آٹھ طیارے گرائے گئے، دونوں ایٹمی ممالک کی جنگ ٹیرف کی مدد سے روکی۔ ٭…روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ یا کسی بھی ملک نے جوہری تجربات دوبارہ شروع کیے تو روس بھی ’جوابی اقدامات‘ کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔ پیوٹن کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے محکمۂ دفاع کو ہدایت دی تھی کہ امریکہ فوری طور پر ۱۹۹۲ء سے معطل جوہری ہتھیاروں کے تجربات دوبارہ شروع کرے۔ خبر ایجنسی کے مطابق پیوٹن نے وزارتِ خارجہ، وزارتِ دفاع اور خفیہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ممکنہ جوہری تجربات کی تیاری کے حوالے سے تجاویز تیار کریں۔ ٭…٭…٭