https://youtu.be/JTYDSPDlG50 اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش نے تبلیغی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے آن لائن ذرائع سے استفادہ کرنے کا ایک نیا پروگرام تیار کیا۔ بنگلہ دیش آبادی کے لحاظ سے دنیا کے بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے، تاہم ابھی تک جماعت احمدیہ کا پیغام ملک کے تمام طبقات تک مؤثر انداز میں نہیں پہنچ سکا۔ اسی ضرورت کے پیشِ نظر آن لائن تبلیغی مہم کا آغاز کیا گیا۔ اس پروگرام کے پہلے مرحلہ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم Facebook پر ’’امام مہدی کی تلاش میں‘‘ کے عنوان سے ایک سیمینار کا اشتہار ڈھاکہ اور اس کے گردونواح کے علاقوں کو ہدف بنا کر چلایا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۳۰۰؍سے زائد غیر از جماعت احباب نے سیمینار میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کروائی۔ ان میں سے ۵۰تا۶۰؍ افراد سے فون کالز کے ذریعہ رابطہ کر کے انہیں مورخہ ۱۰؍اگست ۲۰۲۵ء رات ۹تا ساڑھے دس بجے Google Meet کے ذریعے منعقدہ آن لائن سیمینار میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی جس میں تقریباً ۲۰؍غیر از جماعت افراد نے شمولیت کی۔ سیمینار کا آغاز ایک معلوماتی پریزنٹیشن سے ہوا جس میں امام مہدیؑ کے عقیدہ، آپؑ کے زمانے کی علامات، جعلی احادیث کا وجود اور مختلف جھوٹے دعویداروں کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ آخر میں امام مہدیؑ کے ظہور کی بشارت سنائی گئی اور جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا گیا۔ بعدازاں شاملین کو سوالات کرنے کا موقع دیا گیا۔ سیمینار کے بعد تمام شرکا سے دوبارہ رابطہ کیا جا رہا ہے اور جو احباب مزید دلچسپی رکھتے ہیں انہیں زیرِ تبلیغ افراد کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے۔ آئندہ مرحلہ میں مزید رجسٹرڈ افراد کے ساتھ اسی نوعیت کے سیمینارز کے انعقاد کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ ان شاء اللہ اللہ تعالیٰ ان کوششوں میں برکت ڈالے اور جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کو اسلام احمدیت کا پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جرمنی میں ۷۷ویں ’فرینکفرٹ انٹرنیشنل بک فیئر‘میں جماعت احمدیہ کی شرکت