کرکٹ:ویمنزکرکٹ ورلڈکپ ۲۰۲۵ء:بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پہلی مرتبہ خواتین کا عالمی کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔نوی ممبئی میں ہونے والے فائنل میچ میں بھارتی ٹیم نے مقررہ ۵۰؍اوورزمیں سات وکٹوں کے نقصان پر۲۹۸؍رنز بنائے۔شیفالی ورما ۸۷؍رنز بناکر نمایاں رہیں۔ ہدف کےتعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی کپتان Laura Wolvaardt کی سینچری کے باوجود ۲۴۶؍رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔فائنل میں Deepti Sharma نے ۵۸؍رنزبنانے کے ساتھ ساتھ پانچ وکٹیں بھی حاصل کیں۔وہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر۲۱۵؍رنز اور ۲۲؍وکٹوں کے ساتھ پلیئرآف دی ٹورنامنٹ قرار پائیں۔قبل ازیں سیمی فائنل میں بھارت نے سات بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف ۳۳۹؍رنزکاہدف عبورکیا جبکہ جنوبی افریقہ نے انگلینڈکے خلاف کامیابی حاصل کی ۔ پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ:تین میچزپرمشتمل ٹی ٹوینٹی سیریز پاکستان نے جیت لی۔راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے ۱۹۴؍رنزبنائے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم ۱۳۹؍رنزبناکرآؤٹ ہوئی۔مہمان ٹیم کے George Linde نے ۳۶؍رنزبنانے کے ساتھ تین وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔لاہور میں ہونے والے دوسرے مقابلہ میں پاکستان نے نووکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔اس میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے بلے بازی کرتے ہوئے صرف ۱۱۰؍رنز بناسکی۔فہیم اشرف نے چارجبکہ سلمان مرزانے تین کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں صائم ایوب نے ۳۸؍گیندوں پر ۷۱؍رنزکی شاندارباری کھیلی۔فیصلہ کن معرکہ میں جنوبی افریقہ نے مقررہ بیس اوورزمیں ۱۳۹؍رنزبنائے۔ پاکستان نے ہدف چھ وکٹیں کھوکرپوراکرلیا۔ٹی ٹوینٹی ٹیم میں واپسی کرنے والے سابق کپتان بابراعظم ۶۸؍رنزبناکرمیچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔سیریز کے دوسرے میچ کےدوران بابراعظم نے ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزازاپنے نام کیا۔قبل ازیں یہ ریکارڈ بھارت کے سابق کپتان روہت شرماکےپاس تھا جوکہ۱۵۱؍اننگز ۴۲۳۱؍رنزبناچکے ہیں۔اب بابراعظم ۱۲۴؍اننگز میں۴۳۰۲؍رنزکے ساتھ سرفہرست ہیں۔ فٹ بال: انگلش پرییمئر لیگ میں گذشتہ ہفتہ ہونے والے مقابلوں میں آرسنل نے برنلی کے خلاف صفرکےمقابلہ میں دو گول سے فتح حاصل کی۔دیگرمقابلوں میں چیلسی نے ٹوٹینہیم کو ۱۔صفر،لیورپول نے آسٹن وِ لا کو۲۔صفراور مانچسٹرسٹی نے برن متھ کو ۳۔۱؍سے شکست دی۔مانچسٹریونائیٹڈ اورناٹنگھم فاریسٹ کا مقابلہ ۲۔۲؍گول سے برابررہا۔رواں سیزن میں آرسنل کلب ۱۰؍میں سے ۸؍میچزجیت کر۲۵؍پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔مانچسٹرسٹی ۱۹؍پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ لیورپول ۱۸؍پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبرپرہے۔ (ن م طاہر)