حکایات مسیح الزماںؑ میرا سر حضرت مصلح موعودؓ فرماتے ہیں کہ ’’حضرت مسیح موعودعلیہ السلام سے میں نے ایک لطیفہ سنا ہوا ہے جو شاید مقامات حریری یا کسی اور کتاب کا قصہ ہے آپ فرمایا کرتے کہ کوئی مہمان کسی جگہ نہانے کے لئے گیا حمام کے مالک نے مختلف غلاموں کو خدمت کے لئے مقرر کیا ہوا تھا اتفاق ایسا ہوا کہ اُس وقت مالک موجود نہ تھا جب وہ نہانے کے لئے حمام میں داخل ہوا تو تمام غلام اسے آ کر چمٹ گئے اور چونکہ سر کو آسانی سے ملا جا سکتا ہے اس لئے یکدم سب سر پر آ گرے، ایک کہے یہ میرا سر ہے، دوسرا کہے یہ میرا سر ہے، اس پر آپس میں لڑائی شروع ہوگئی اور ایک نے دوسرے کے چاقو مار دیا جس سے وہ زخمی ہو گیا شور ہونے پر پولیس آئی اور معاملہ عدالت تک پہنچ گیا عدالت کے سامنے بھی ایک غلام کہے یہ میرا سر تھا، دوسرا کہے میرا سر تھا عدالت نے نہانے والے سے پوچھا تو وہ کہنے لگا حضور یہ تو بے سر تھے ان کی باتوں پر تو مجھے تعجب نہیں تعجب یہ ہے کہ آپ نے بھی سوال کر دیا حالانکہ سر نہ اس کا ہے نہ اُس کا سر تو میرا ہے حضرت مسیح موعود علیہ السلام یہ مثال اس لئے دیا کرتے تھے کہ دنیا کے جھگڑے بیہودہ ہوتے ہیں میرا کیا اور تیرا کیا۔ غلام کا تو کچھ بھی نہیں ہوتا وہ تو جب اپنے آپ کو کہتا ہے کہ میں عبد اللہ ہوں تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اب اس کا کچھ نہیں سب کچھ خداتعالیٰ کا ہے، اس کے بعد میرے تیرے کا سوال ہی کہاں باقی رہ سکتا ہے۔ قرآن مجید پڑھ کر دیکھ لو اس میں رسول کریم ﷺ کا نام بھی عبداللہ رکھا گیا ہے۔ ‘‘ (خطبات محمودجلد 16 صفحہ 270-271) سوال جواب جیب خرچ کیسے خرچ کریں؟ مورخہ 12؍ اکتوبر 2025ء ، بروزاتوار، امام جماعت احمدیہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والی ناصرات الاحمدیہ اور واقفاتِ نَو کے ایک وفد کو شرفِ ملاقات حاصل ہوا۔ شاملینِ مجلس میں سے ایک ناصرہ نے انتہائی معصومیت سے حضورِانور سے سوال کیا کہ آپ کو کس عمر میں والدین سے جیب خرچ ملنا شروع ہوا، کتنا جیب خرچ لیا کرتے تھے اور آپ اپنا جیب خرچ کس طرح خرچ فرمایا کرتے تھے؟ اس پر حضورِانور نے کمال شفقت اور محبّت بھرے انداز میں فرمایا کہ ہمیں تو کبھی regular money ملتی ہی نہیں تھی، تمہاری طرح تو نہیں تھے کہ عیاشیاں کرتے۔ نیز جیب خرچ ملنے کی بابت اپنےایّامِ طفولیت کی دلفریب عملی تربیتی مثال بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ کبھی کبھی امّاں ابّا نے دے دیا، عید پر پیسے آ گئے، تو ہم نے اپنی امّاں کے پاس reserve کرادیے اور پھر آہستہ آہستہ ان سے لیتے رہے یا کبھی ضرورت ہوئی تو اُمّی سے مانگ لیا کہ پیسے دیں۔ اور اس کے بعد جو میرے پیسے ہوتے تھے جو کسی نے تحفہ دیا یا عید پر عیدی آئی، تو ہماری اُمّی نے کہاکہ ان کو میرے پاس reserveرکھو اور اپنا تحریکِ جدید اور وقفِ جدید کا چندہ تم نے اس میں سے دینا ہے، تو ہم اس میں سے دیا کرتے تھے۔ اسی طرح جیب خرچ کے مصرف کی بابت اپنے معمولاتِ بچپن کا مزید ذکر کرتے ہوئے بیان فرمایا کہ چندہ دے دیتے تھے۔ جو پیسے ہوتے تھے، اس میں سے اطفال کا چندہ دیتا تھا۔ باقی جو بچ جاتے تھے، کبھی کبھی ضرورت ہوتی تھی، تو مانگ لیتا تھا۔ جب میرے پیسے ختم ہو جاتے تھے، تو پھر اُمّی سے کہتا تھا کہ مجھے اَور دیں، جہاں سے مرضی دیں، مَیں نے خرچ کرنے ہیں۔ اگر وہ مان جاتی تھیں، تو دے دیتی تھیں، نہیں تو مَیں چُپ کر کے بیٹھ جاتا تھا اور لڑتا نہیں تھا۔ (بحوالہ الفضل انٹرنیشنل 22؍اکتوبر 2025ء) احمدی بچوں کے رسائل احمدیہ گزٹ کینیڈا میں بچوں کا صفحہ سیّدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے احمدیہ گزٹ کینیڈا کی پچاس سالہ جوبلی کے موقع پر مئی 2022ء میں خصوصی پیغام عنایت فرمایا، جس میں آپ نے ادارہ کی توجہ اس طرف مبذول فرمائی کہ گزٹ میں نوجوان نسل کی دلچسپی کے لیے مواد شائع ہونا چاہیے۔ چنانچہ اپنے آقا کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے علاوہ دیگر اقدامات کے ادارے نے مدیر اعلیٰ مکرم مولانا ہادی علی چوہدری صاحب کی ادارت میں بچوں کے صفحے جولائی 2022ء کے شمارے سے انگریزی میں (بعنوان: Kids Zone) اور فروری 2023ء کے شمارے سے اردو میں (پہلے شمارے میں بعنوان “نونہالان جماعت کا صفحہ” اور پھراس کے بعد تاحال “بچوں کا صفحہ”) شائع کرنے شروع کیے۔ اردو میں بچوں کا صفحہ فروری 2023ء میں شروع ہوا اور اس شمارے میں اس کا موضوع “نونہالان جماعت کا صفحہ” تھا۔ پھر مارچ 2023ء میں اس کا عنوان تبدیل کر کے “بچوں کا صفحہ” رکھا گیا۔ اب تک اسی نام سے موسوم ہے۔ پہلے یہ سیکشن صرف ایک صفحے کا تھا ۔جولائی 2023ء سے اب تک یہ سیکشن دو صفحوں پر مشتمل ہے۔ آج کل انگریزی اور اردو میں بچوں کے لیے دو دو صفحات مخصوص ہیں (یعنی کُل چار صفحات) جن میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تحریرات یا ملفوظات سے مختصر اقتباسات کے علاوہ دعائیں، احادیث، فرمودات حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اور دیگر دلچسپ معلومات وغیرہ شامل ہوتی ہیں۔ نیز کوئی نہ کوئی activity بھی شامل ہوتی ہے۔ امید ہے کہ اس سیکشن سے بچوں میں گزٹ کو پڑھنے اور اس سے مستفیض ہونے کا شوق بڑھ رہا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ادارےکو حتی الوسع حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے تمام ارشادات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (فرحان حمزہ قریشی مدیر احمدیہ گزٹ )