سکولوں میں موسم گرما کی چھٹیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جماعت احمدیہ گیمبیا کے لوئر ریور ریجن کو ماہ اگست، ستمبر و اکتوبر میں ریجن کی جماعتوں میں تربیتی کلاسیں منعقد کرنےکی توفیق ملی جن میں نومبائعین کی تربیت کا خاص طور پر خیال رکھا گیا اور اُن کے دیہات میں ایک روزہ کلاسیں منعقد کی گئیں۔ جبکہ بعض جگہوں پر دس روزہ کلاسیں بھی منعقد کی گئیں۔ کلاسوں کے دوران شاملین کی جوس و بسکٹ سے تواضع بھی کی گئی۔ اِن کلاسوں کے ليے نصاب تیار کرکے تمام معلمین کو دیا گیا۔ اِن کلاسوں میں ایک گھنٹہ قرآن کریم اور یسرنا القرآن سکھایا گیا۔ کلاس کے دوسرے حصہ میں اذان، وضو و تیمم کا طریق، نمازوں کے اوقات و نام و رکعات اور نماز کا طریق سکھایا گیا۔ اسی طرح بچوں نے نماز سادہ و باترجمہ، سورۃ البقرۃ کی ابتدائی سترہ آیات باترجمہ، پندرہ احادیث اور پیارے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بتائی ہوئی تین دعائیں (درود شریف، استغفار اور رَبّ کُلُّ شَیْءٍ…) یاد کیں۔ اس کے علاوہ شاملین نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ ایک جگہ اکٹھے ہوکر براہ راست سنا۔ کلاسوں کے اختتام پر شاملین میں اس نصاب کے حوالے سے مقابلے بھی کروائے گئے اور شاملین کو انعامات کے ساتھ ساتھ نصاب مکمل یاد کرنے والوں کو اسناد دی گئیں۔ اسی طرح دوران کلاسز ماہ ربیع الاول میں ریجن کی جماعتوں میں جلسہ ہائے سیرت النبی ﷺ بھی منعقد کيے گئے۔ ریجن میں کُل۶۰؍مقامات پر یہ جلسے ہوئے۔ اس سلسلہ میں ریجن کےہیڈکوارٹر مانساکونکو میں اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی مکرم ابوبکر نیابلی صاحب ریجنل صدر تھے۔ آپ نے اپنی اختتامی تقریر میں بچوں کی حوصلہ افزائی کی اور والدین کو بچوں کی تعلیم وتربیت کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ ریجن بھر میں کُل ۵۴؍ مقامات پر کلاسیں ہوئیں جن میں اطفال، ناصرات اور خدام نے حصہ لیا۔ ان کلاسوں کی کُل حاضری ایک ہزار ۵۵؍رہی۔الحمدللہ (رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: گنی بساؤ میں اطفال الاحمدیہ و ناصرات الاحمدیہ کی تربیتی کلاسز کا انعقاد