https://youtu.be/DI34gyFLOGU کرکٹ:آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں نے ویمنزکرکٹ ورلڈکپ کے سیمی فائنل مرحلہ میں جگہ بنالی۔ وشاکھاپٹنم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے بنگلہ دیش کو دس وکٹوں سے ہرایا،کپتان Alyssa Healyنے مسلسل دوسری سینچری بنائی۔اسی طرح کولمبو کے میدان پر جنوبی افریقہ نے سری لنکا کے خلاف ۱۲۱؍رنزکا ہدف بغیرکسی نقصان کے پوراکیااور ٹورنامنٹ میں لگاتارچوتھی کامیابی حاصل کی۔ میزبان بھارت کو مسلسل تیسرے میچ میں شکست کا سامنا کرناپڑا۔انگلینڈکے خلاف ۲۸۹؍رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم ۲۸۴؍رنزبناسکی۔ بھارت کو سیمی فائنل میں رسائی کے لیے اپنے آخری دو میچزمیں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ممبئی میں ہونے والے مقابلہ میں سری لنکا نے کانٹے دارمقابلہ کے بعد بنگلہ دیش کو سات رنز سے مات دے کرٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی ۔دوسری طرف کولمبومیں ہونے والے میچزبارش سے متاثرہونے کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان کے انگلینڈ اورنیوزی لینڈکے خلاف جبکہ سری لنکا کے نیوزی لینڈاور آسٹریلیا کے خلاف مقابلے بارش کے باعث بلانتیجہ ختم ہوئے ہیں۔ ویمنزورلڈکپ کے سیمی فائنل ۲۹؍اور۳۰؍اکتوبرجبکہ فائنل۲؍نومبرکو کھیلاجائے گا۔ پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح جنوبی افریقہ کو ۹۳ رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں ۳۷۸ رنز بنائے جس میں امام الحق اور سلمان علی آغا کے ۹۳،۹۳ رنز شامل تھے۔ جواب میں مہمان ٹیم ۲۶۹ رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ Tony de Zorziنے شاندار سینچری بنائی۔ پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں ۱۶۷ رنز بنا سکی۔ جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے ۲۷۷ رنز کا ہدف ملا تاہم ان کی پوری ٹیم ۱۸۳ رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ یوں پاکستان نے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ بائیں ہاتھ کے اسپن گیند باز، ۳۹ سالہ نعمان علی نے میچ میں مجموعی طور پر دس وکٹیں لیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ فٹ بال:مراکش نے پہلی مرتبہ انڈر ۲۰ فٹ بال ورلڈ کپ جیت لیا۔فیفا کے زیر اہتمام برِّاعظم جنوبی امریکہ کے ملک چلی (Chile) میں کھیلے گئے چوبیسویں انڈر۲۰ ورلڈ کپ کے فائنل میں مراکش نے ارجنٹائن کودو،صفر سے شکست دی۔سانتیاگو میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکہ میں مراکش کے یاسر زبیری نے کھیل کے بارہویں اورانتیسویں منٹ میں دو شاندار گول داغ کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنارکیا۔ ۲۷؍ ستمبر سے ۲۰؍اکتوبر تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں چوبیس ٹیموں نے شرکت کی۔ سیمی فائنل مرحلے میں مراکش نے فرانس کے خلاف پینلٹی شوٹس پرکامیابی حاصل کی جبکہ ارجنٹائن نے کولمبیاکو صفر کےمقابلہ میں ایک گول سے ہرایا۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں کولمبین ٹیم فتحیاب ہوئی۔ ہاکی: ملائیشیا میں ہونے والا انڈر۲۱، سلطان آف جوہر ہاکی ٹورنامنٹ آسٹریلیا نے جیت لیا۔فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو ایک کے مقابلہ میں دوگول سے شکست دی۔تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کو برطانیہ کے ہاتھوں ۳۔۲؍سے ہارکا سامنا کرناپڑا۔ میزبان ملائیشیا نے نیوزی لینڈ کےخلاف ۵۔۳؍سے کامیابی حاصل کرکے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔پاکستان کے سفیان خان ۹؍گولزکے ساتھ ٹاپ سکورررہے جبکہ ان کے ہم وطن حنان شاہدٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔ فارمولا وَن ریسنگ:۱۹؍اکتوبرکو آسٹن، ٹیکسس میں ہونے والی یوایس گراں پری Red Bull کےڈچ ڈرائیور Max Verstappen نے جیت لی۔انہوں نے ۵.۵۱۳؍کلومیٹر ٹریک کے۵۶؍چکروں پرمشتمل ریس ایک گھنٹہ۳۴؍منٹ میں مکمل کی۔برطانیہ کے McLarenگاڑی چلانے والےLando Norris نے دوسری جبکہ فیراری کے Charles Leclercنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔رواں سیزن میں پہلے نمبر پر آسٹریلیا کے Oscar Piastri ہیں جن کے ۳۴۶؍پوائنٹس ہیں جبکہ Lando Norris دوسرے نمبر پر ۳۳۲؍پوائنٹس کے ساتھ ہیں اور Max Verstappen تیسرے نمبر پر ۳۰۲؍پوائنٹس کے ساتھ ہیں۔ سکواش: پاکستان کے اشعب عرفان نے وینکوور اوپن اسکواش ٹورنامنٹ جیت لیا۔ فائنل میں ۲۱سالہ اشعب عرفان نے انگلینڈ کے Sam Todd کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف۴۳؍منٹ میں شکست دے دی۔ان کی جیت کا اسکور۱۱۔۹، ۱۱۔۱ اور۱۱۔۵؍رہا۔ (ن م طاہر) ٭…٭…٭