٭… باجماعت نمازوں اور درس کا اہتمام ٭… علمائے سلسلہ کی طرف سے مختلف روحانی و دینی موضوعات پر تقایر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سری لنکا کو اپنا جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء مورخہ ۱۴؍جنوری بروزمنگل مسجد بیت الباسط، پسیالہ میں کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس جلسہ میں مکرم مرزا نصیر احمد صاحب مربی سلسلہ نے بطور مرکزی نمائندہ شرکت کی۔ رضاکاروں نے انتھک محنت اور بےلوث قربانی کے جذبے کے ساتھ کام کرتے ہوئے جلسہ گاہ کو محض ۳۶؍گھنٹوں میں تیار کیا۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء جلسے کا آغاز باجماعت نماز تہجد، فجر اور درس سے ہوا۔ تقریب پرچم کشائی اور دعا کے بعد تلاوت قرآن کریم اور نظم کے ساتھ افتتاحی اجلاس شروع ہوا۔ بعدازاں مکرم ایس نظام خان صاحب نیشنل صدر نے ’’امام مہدی کی آمد اور آخری زمانہ کے نشانات‘‘کے موضوع پر تقریر کی۔ اردو نظم کے بعد مکرم طاہر احمد صاحب مربی سلسلہ نے ’’اللہ تعالیٰ کے وجود پر ایمان لانے کے فوائدو برکات‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد وقفہ برائے ریفریشمنٹ ہوا جس کے بعد مکرم انیس احمد صاحب صدر جماعت احمدیہ کولومبو نے ’’نظام جماعت کی برکات اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ اور مکرم حفیظ احمد صاحب صدر جماعت پسیالہ نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کے ارشادات کی روشنی میں آنحضرت ﷺکے عظیم الشان مقام اور آپ ﷺکے لیے آپؑ کا جذبہ فدائیت‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ ایک نظم کے بعد مکرم ظفراللہ صاحب نے ’’ہستی باری تعالیٰ‘‘ اور مکرم ناصر احمد صاحب نے ’’سری لنکا میں آغازِاحمدیت کی تاریخ‘‘کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ چند اعلانات کے بعد پہلے اجلاس کا اختتام ہوا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔ بعدہٗ جلسہ سالانہ کا دوسرا و اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم اسلم احمد صاحب صدر جماعت نگمبو نے ’’چندوں کی باقاعدہ ادائیگی کی ضرورت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ ایک نظم کے بعد خاکسار (مشنری انچارج ونائب صدر جماعت احمدیہ سری لنکا) نے ’’خدا تعالیٰ کے ساتھ تعلق رکھنے کے نتیجے میں رونما ہونے والے ایمان افروزواقعات‘‘ کے موضوع پر تقریر کرنے کی توفیق پائی۔ پھر عربی قصیدہ پیش کیا گیا۔ جلسہ سالانہ کی اختتامی تقریر مکرم مرکزی نمائندہ نے کی جس میں آپ نے خلفائے احمدیت کے بعض ایمان افروز واقعات بیان کیے اور خلافت کی برکات پر روشنی ڈالی۔ شام پانچ بج کر بیس منٹ پر دعا کے ساتھ اس جلسہ سالانہ کا بابرکت اختتام ہوا۔ امسال جلسہ سالانہ پر کل حاضری ایک ہزار تھی۔ الحمد للہ (رپورٹ: جاوید رحیم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ شال شیڑی، بنگلہ دیش میں وصیت سیمینار کا انعقاد