اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کو اپنی نیشنل مجلس شوریٰ جماعتی ہیڈکوارٹر بانجل کومبو کی مرکزی مسجد میں مورخہ ۲۰؍ستمبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک اس سال صدر مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کا انتخاب بھی ہونا تھا چنانچہ پہلے اجلاس کی صدارت مکرم محمود احمد طاہر صاحب مبلغ انچارج نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور قواعد انتخاب پیش کرنے کے بعد آپ نے نئے صدر خدام الاحمدیہ گیمبیا کا انتخاب کروایا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نئے منتخب صدر کو احسن رنگ میں خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ انتخاب کے بعد حاضرین کی خدمت میںناشتہ پیش کیا گیا۔ دوسرے اجلاس کی صدارت مکرم سیکو جامع صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا نے کی۔ اجلاس کا آغاز عہد مجلس خدام الاحمدیہ سے ہوا۔ بعد ازاں معتمد صاحب نے قواعد اور گذشتہ سال کی مجلس شوریٰ کی کارروائی بیان کی۔ مکرم صدر صاحب نے اس سال کی تجویز پیش کی جس کا موضوع تھا: ‘‘خدام کو وقف عارضی کے ليے خود کو پیش کرنا چاہیے۔’’ اس تجویز پر مفصل گفتگو کے بعد رائے شماری ہوئی اور تجویز کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں منظوری کے ليے بھجوانے پر اتفاق ہوا۔ نمازِ ظہر و عصر باجماعت اور دوپہر کے کھانے کے بعد مہتمم مال نے گذشتہ سال کے مالی بجٹ کی رپورٹ اور آئندہ سال کا بجٹ پیش کیا جس پر تفصیلی بحث ہوئی اور رائے شماری کے ذریعہ اسے بھی منظوری کے ليے حضور انور کی خدمت میں بھجوانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے بعد ریجنل قائدین نے اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں اور معتمد صاحب نے نیشنل سطح کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر مکرم صدر صاحب نے دفتر خدام الاحمدیہ کی تعمیر کے ليے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری اور تعمیر کے منصوبے کی تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کیا اور کامیابی کے ليے دعا کی درخواست کی۔ اختتام پر صدر صاحب نے دعا کروائی جس کے بعد نمازِ مغرب و عشاء جمع کرکے ادا کی گئیں۔ بعد ازاں گروپ فوٹو ہوا اور تمام شاملین کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔ اس مجلس شوریٰ میں کل ۱۳۵؍خدام شامل ہوئے جن میں ملک کے تمام ۷؍ریجنز کی نمائندگی موجود تھی۔ اللہ تعالیٰ اس مجلس شوریٰ کو بابرکت فرمائے اور تمام خدام کو خدمت دین کی مزید توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: ڈائریکٹر آف ہیلتھ کا نائیجر میں جماعتی کلینک اور مشن ہاؤس کا دورہ