کامیابی کی راہیں۔ نصاب ستارہ اطفال آٹھ سے نو سال کی عمر کے بچوں کے لیے نصاب چھ ارکانِ ایمان 3۔ اللہ کی کتابوں پر ایمان لانا اللہ تعالیٰ لوگوں کی راہنمائی اور ہدایت کے لیے فرشتوں کے ذریعہ سے اپنے رسولوں پر جو کلام نازل فرماتا ہے وہ وحی کہلاتا ہے۔ جس وحی میں کرنے کی باتوں کے احکام ہوں یا نہ کرنے کی باتوں سے منع کیا گیا ہو اسے کتاب یا شریعت کہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے بعض نبیوں پر ایسی کتابیں نازل کی ہیں۔ مثلاً تورات حضرت موسیٰ علیہ السلام پر نازل کی اور حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر جو کتاب اتاری گئی وہ قرآن شریف ہے۔ یہ کتاب تھوڑی تھوڑی کر کے 23 برس میں اُتری تھی۔ لوگوں کی بھلائی اور ان کی دینی تعلیم کے لیے جس قسم کی باتوں کی ضرورت تھی وہ سب کی سب قرآن شریف میں بیان ہوئی ہیں اب کسی اور کتاب کی ضرورت نہیں رہی۔ تمام انسانوں کی ہدایت کے لیے یہ آخری کتاب ہے اور آخری شریعت۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے خوب فرمایا ہے۔؎ شکرِ خدائے رَحماں جس نے دیا ہے قرآں غنچے تھے سارے پہلے اب گُل کھِلا یہی ہے ٭… ٭… ٭… ٭… ٭ روز مرّہ دعائیں رَبِّ انۡصُرۡنِیۡ عَلَی الۡقَوۡمِ الۡمُفۡسِدِیۡنَ (العنکبوت: 31) ترجمہ: اے میرے ربّ! اس فسادکرنے والی قوم کے خلاف میری مدد کر۔ اَحَادیث یاد کریں مُرُوْا أَوْلَادَكُمْ بِالصَّلَاةِ وَهُمْ أَبْنَاءُ سَبْعِ سِنِينَ (سنن ابي داود كتاب الصلاة باب متى يؤمر الغلام بالصلاة… حدیث نمبر: 495) ترجمہ: جب تمہاری اولاد سات سال کی ہو جائے تو تم ان کو نماز پڑھنے کا حکم دو۔ عربی الہام حضرت مسیح موعودؑ اَلْخَیْرُ کُلُّہُ فِی الْقُرآن ترجمہ: تمام قسم کی بھلائیاں قرآن میں ہیں۔ (کشتی نوح،روحانی خزائن جلد19 صفحہ 26) قصیدہ مع ترجمہ شعر نمبر15 قَدْ هَاضَهُمْ ظُلْمُ الْأُنَاسِ وَضَيْمُهُمْ فَتَثَبَّتُوْا بِعِنَايَةِ الْمَنَّانٖ ترجمہ: بے شک لوگوں کے ظلم و ستم نے اُنہیں چُور چُور کر دیا۔ پھر بھی خدائے منّان کی عنایت سے وہ ثابت قدم رہے۔