(۸؍اگست ۲۰۲۵ء، مسجد بیت الھدی سڈنی، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کا ۳۳واں سالانہ اجتماع مورخہ ۸ تا ۱۰؍اگست ۲۰۲۵ء کو مسجد بیت الھدی سڈنی کے خلافت ہال میں منعقد ہورہا ہے۔ اسی طرح مجلس انصار اللہ کی سالانہ مجلس شوریٰ بھی آج منعقد ہوئی۔ امسال اجتماع کا موضوع ’تعلق باللہ‘ تھا۔ ۷؍اگست بروز جمعرات کو شام چھ بجے مکرم عبد الجمیل مبشر صاحب، صدر مجلس انصاراللہ آسٹریلیا نے اجتماع کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ۸؍اگست بروز جمعۃ المبارک کو نماز تہجد و فجر کے بعد انصار نے مسجد بیت الھدیٰ سے متصل مقبرہ موصیاں میں دعا کی اور اس کے بعد ناشتہ کا انتظام تھا۔ صبح ساڑھے نو بجے مجلس شوریٰ کا پہلا اجلاس مکرم صدر صاحب مجلس کی صدارت میں شروع ہوا جو کہ ۱۲ بجے دوپہر تک جاری رہا۔ ظہرانے کے بعد نماز جمعہ اور عصر ادا کی گئیں۔ تقریب پرچم کشائی: دوپہر دو بجے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے لوائے انصاراللہ لہرایا اور مکرم انعام الحق کوثر صاحب امیر جماعت آسٹریلیا نے آسٹریلیا کا پرچم لہرایا اور دعا کروائی۔ افتتاحی اجلاس: تقریب پرچم کشائی کے بعد تقریباً اڑھائی بجے اجتماع کا افتتاحی اجلاس مکرم صدر صاحب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ مکرم شجر احمد صاحب نے تلاوت قرآن کریم اور ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم صدر صاحب نے انصاراللہ کا عہد انگریزی اور اردو میں دہرایا۔ اسکے بعد مکرم فاخر انور صاحب نے حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم کلام پیش کیا۔ نظم کے بعد مکرم صدر صاحب نے افتتاحی تقریر کی اور دعا کروائی۔ علمی مقابلہ جات: افتتاحی اجلاس کے بعد علمی مقابلہ جات خاکسار (ناظم علمی مقابلہ جات) کی زیر نگرانی منعقد ہوئے۔ ان مقابلہ جات میں مقابلہ تلاوت قرآن کریم (معیار خاص و معیار عام)، حفظ قرآن، حفظ حدیث اور مقابلہ نظم شامل تھے۔ بعد ازاں نماز مغرب اور عشا ادا کی گئیں اور انصار کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ اسکے بعد مجلس شوریٰ کی کمیٹیوں کی میٹنگز شروع ہوئیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے پہلے دن کا کامیاب اختتام ہوا۔ الحمد للہ