https://youtu.be/8KCIoM5oilE ٭… DWکی رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر ۲۰۲۵ء کی پہلی ششماہی میں قدرتی آفات کے باعث اقتصادی نقصانات ۱۳۵؍ارب ڈالر تک جا پہنچے، جن میں سب سے زیادہ نقصان جنوری میں لاس اینجلس میں لگنے والی جنگلاتی آگ سے ہوا۔ یہ اعداد و شمار بدھ کو زیورخ میں قائم بین الاقوامی ری انشورنس کمپنی سوئس ری نے جاری کیے۔ رپورٹ کے مطابق یہ نقصان گذشتہ سال کی پہلی ششماہی کے ۱۲۳؍ارب ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ ان نقصانات میں سے ۸۰؍ارب ڈالر انشورڈ (بیمہ شدہ) تھے۔ کمپنی نے بتایا کہ لاس اینجلس کی آگ اب تک کی سب سے مہنگی انشورڈ جنگلاتی آفت بن چکی ہے، جس کا تخمینہ ۴۰؍ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ اس بھاری نقصان کی وجہ گرم اور تیز ہوائیں، بارش کی کمی اور امریکہ میں مہنگے رہائشی علاقوں کی گنجان آباد صورت حال بتائی گئی ہے۔ ٭…سوئس ری کی رپورٹ میں مارچ میں میانمار میں آنے والے زلزلے کو بھی بڑی قدرتی آفات میں شامل کیا گیا، جس کے جھٹکے تھائی لینڈ، بھارت اور چین تک محسوس کیے گئے۔ صرف تھائی لینڈ میں انشورڈ نقصان ۱.۵؍ارب ڈالر تک پہنچا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ عموماً سال کی دوسری ششماہی بیمہ کنندگان کے لیے زیادہ مہنگی ہوتی ہے کیونکہ اس عرصے میں شمالی بحرِ اوقیانوس کے سمندری طوفانوں کا موسم شروع ہو جاتا ہے۔ ٭…غزہ پٹی میں حماس کے زیر انتظام سول ڈیفنس ایجنسی نے بروز بدھ بتایا کہ وسطی غزہ میں ایک امدادی ٹرک کے الٹنے سے کم از کم بیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔یہ حادثہ منگل اور بدھ کی درمیانی نصف شب کے قریب اس وقت پیش آیا، جب نصیرات کے پناہ گزین کیمپ کے قریب سینکڑوں فلسطینی شہری امداد کے انتظار میں کھڑے تھے۔ اسرائیلی فوج نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ اس واقعے کی تفصیلات کا جائزہ لے رہی ہے۔ادھر حماس نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ امدادی ٹرکوں کو خطرناک راستوں سے گزارنے پر مجبور کر رہا ہے تاکہ ’’جان بوجھ کر بھوک اور انتشار پیدا کیے جائیں۔‘‘ ٭…لبنان کی کابینہ نے منگل کو ملکی فوج کو یہ ہدف دیا ہے کہ وہ رواں سال کے آخر تک حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا منصوبہ تیار کرے۔ یہ اقدام لبنان کی خانہ جنگی کے بعد پہلی بار کسی مسلح گروہ کو ریاستی سطح پر غیرمسلح کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔لبنان کی حکومت نے فوج کو ایک ایسا منصوبہ تیار کرنے کا کام سونپا ہے جس میں رواں برس کے اواخر تک صرف ریاستی اداروں کے پاس ہی ہتھیار ہوں گے۔ یہ فیصلہ امریکہ کے سخت دباؤ کے بعد کیا گیا اور یہ نومبر میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کا حصہ ہے، جس کا مقصد اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ایک سال سے زائد جاری کشیدگی اور دو ماہ کی شدید جنگ کا خاتمہ تھا۔ اس تصادم میں حزب اللہ کو شدید نقصان پہنچا تھا، تاہم وہ اب بھی اپنے ہتھیاروں کے کچھ ذخائر پر قابض ہے۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے مشرقی لبنان میں واقع بقاع کے علاقے میں حزب اللہ کے ایک کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے، جو شام میں سرگرم مسلح سیلوں کی نگرانی کر رہا تھا۔ ٭…بنگلہ دیش کے عبوری راہنما اور انتظامیہ کے مشیر نوبیل انعام یافتہ محمد یونس نے منگل کے روز اعلان کیا کہ ملک میں عام انتخابات فروری ۲۰۲۶ءمیں ہونے والے ہیں۔منگل کے روز انتخابات سے متعلق محمد یونس کے اعلان سے قبل ہزاروں بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ میں جمع ہوئے، تاکہ بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک کی پہلی سالگرہ منائی جاسکے۔اس موقع پر مختلف علاقوں میں ریلیاں نکلیں، محافل موسیقی کا اہتمام ہوا اور سالگرہ منانے کے لیے دعائیہ نشستوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ گذشتہ برس کی بغاوت کی تحریک کے حامیوں نے اسے ’’دوسری آزادی‘‘ کا نام دیا ہے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں گذشتہ برس پانچ اگست عوامی بغاوت کے سبب وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کا تختہ الٹ گیا تھا اور اس واقعے کے بعد یہ پہلے انتخابات ہوں گے۔ ٭…کمپنی ’ایکس‘نے بھارتی حکومت کے توسیع شدہ سوشل میڈیا سنسرشپ کو عدالت میں چیلنج کردیا۔اِس مقدمے میں انٹرنیٹ سنسرشپ کے نظام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جسے حالیہ برسوں میں بھارت نے مزید سخت کر دیا ہے۔واضح رہے کہ بھارت کو اختیار حاصل ہے کہ سنسرشپ اختیارات کے تحت پولیس اور سرکاری اہلکار جب چاہیں ایکس سے مواد ہٹانے کے احکامات جاری کر سکتے ہیں۔ ٭…٭…٭