دوسرا دن: ہفتہ، ۵؍جولائی ۲۰۲۵ء (جلسہ گاہ رچمنڈ، ۵؍جولائی ۲۰۲۵ء، نمائندگان الفضل) آج جماعت احمد یہ امریکہ کے ۷۵ ویں جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا بابرکت آغاز نماز تہجد سے ہوا جو صبح چار بجے جلسہ گاہ میں مکرم حافظ اُسید الدین صاحب نے پڑھائی۔ اس کے بعد مکرم اسامہ رحمان صاحب مربی سلسلہ نے نماز فجر پڑھائی اور تشکر کے موضوع پر درس دیا۔ صبح سات بجے شاملین جلسہ کے لیے ڈائٹنگ ہال میں ناشتہ کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ رجسٹریشن کا عمل بھی ساتھ جاری رہا۔ کارکنان ٹریفک کنٹرول بھی ہر وقت اپنی ڈیوٹیوں پر پہنچ گئے۔ پہلا اجلاس: ہفتہ کا پہلا اجلاس صبح دس بجے مکرم ڈاکٹر نسیم رحمت اللہ صاحب، نائب امیر جماعت احمدیہ امریکہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مکرم حافظ مصباح الدین صاحب نے پیش کی جبکہ مکرم مبارک بشیر صاحب نے اس کا ترجمہ پیش کیا۔ نظم مکرم لبیب جنود صاحب مربی سلسلہ نے پڑھی جس کا ترجمہ مکرم مزمل جلال صاحب مربی سلسلہ نے پیش کیا۔ اجلاس کی پہلی تقریر مکرم محمد احمد چودھری صاحب نے ’’جدید سرمایہ دارانہ نظام پر اسلامی تعلیمات‘‘ کے عنوان پر کی۔ موصوف نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں واضح کیا کہ ایک مومن کی حقیقی تمنا ہمیشہ رضائے الٰہی ہونی چاہیے۔ بعد ازاں مکرم سلام بھٹی صاحب نے ’’جنت کے حصول کے لیے جان و مال کی قربانی‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ موصوف نے بتایا کہ بطور احمدی مسلمان ہمیں چاہیے کہ ہماری تجارت خدا تعالٰی کے ساتھ ہونی چاہیے جس کے ذریعہ اس کا قرب حاصل ہوتا ہے۔ تیسری تقریر خاکسار (مطیع اللہ جوئیہ۔ مربی سلسلہ) نے ’’غض بصر- پاکیزگی کے قیام اور معاشرے کے تحفظ کا ذریعہ‘‘ کے عنوان پر پیش کی۔ خاکسار نے بد نظری سے اجتناب اور حیا اختیار کرنے کی اہمیت پر اسلامی تعلیم بیان کی۔ چوتھی تقریر مکرم قاسم رشید صاحب کی تھی، جنہوں نے ’’حضرت مولوی عبدالکریم صاحب سیالکوٹی رضی اللہ عنہ- مسلمانوں کے لیڈر‘‘ کے عنوان سے حضرت مولوی صاحب کی خدمات دینیہ اور ان کے جماعتی اخلاص کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس اجلاس کی آخری تقریر مکرم عدنان احمد بھلی صاحب مربی سلسلہ نے ’’خدا کے دوست بنو تا وہ بھی تمہارا دوست بن جائے‘‘ کے عنوان پر کی۔ انہوں نے قرآن و حدیث نبوی صلّ اللہ علیہ و سلم اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات کی روشنی میں تعلق باللہ کے واقعات اور خدا تعالٰی کا دوست بننے کے عملی طریق بیان کیے۔ اجلاس کے اختتام پر چند اہم اعلانات کیے گئے۔ نماز ظہر و عصر ایک بج کر پندرہ منٹ پر باجماعت ادا کی گئیں، جس کے بعد شاملین نے دوپہر کا کھانا تناول فرمایا۔ تیسرا اجلاس: تیسرا اجلاس شام قریباً چار بجے مولانا اظہر حنیف صاحب، نائب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ امریکہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم منعم نعیم صاحب (چیرمین ہیومینٹی فرسٹ امریکہ) نے ’’فلاحی بہبود کے لیے جماعت احمدیہ کی خدمات‘‘ کے عنوان پر جامع تقریر کی۔ انہوں نے جماعت کے فلاحی منصوبہ جات کا تفصیل سے ذکر کیا۔ اس کے بعد مکرم امجد محمود خان صاحب، نیشنل سیکرٹری امور خارجیہ نے ان مہانان جنہوں نے جلسہ سے خطاب کیا کا تعارف کرایا۔ نیز احمدیہ مسلم ہیومینٹیرین ایوارڈ میری لینڈ ریاست کے سینیٹر مسٹر کرس وین ہالن (Chris Van Hollen) صاحب کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں دینے کا اعلان کیا گیا۔ موصوف خود حاضر نہیں ہو سکے تھے مگر ان کا خصوصی ویڈیو پیغام تمام شاملین جلسہ کو سنایا گیا۔ دیگر مہمانان کرام میں سے درج ذیل احباب نے حاضرین جلسہ سے خطاب کیا: HON. DANNY AVULA, MAYOR, CITY OF RICHMOND HON. GHAZALA HASHMI, MEMBER, VIRGINIA STATE SENATE HON. KANNAN SRINIVASAN, MEMBER, VIRGINIA STATE SENATE HON. SADDAM SALIM, MEMBER, VIRGINIA STATE SENATE HON. SCHUYLER VANVALKENBERG, MEMBER, VIRGINIA STATE SENATE HON. JOSHUA COLE, MEMBER, VIRGINIA HOUSE OF DELEGATES DR. SCOTT WEINER, SUPERVISORY POLICY ANALYST, U.S. COMMISSION ON INTERNATIONAL COMMISSION PROFESSOR HEATHER FERGUSON, CLAREMONT MCKENNA COLLEGE یہ اجلاس شام ساڑھے پانچ بجے مکمل ہوا، جس کے بعد تبلیغی و حکومتی مہمانان خصوصی عشائیہ کے لئے ڈایٹنگ ہال تشریف لے گئے۔ سوا چھ بجے کے قریب تقریب آمین ہوئی۔ قبل از نماز مغرب و عشاء مکرم شمشاد احمد ناصر صاحب مربی سلسلہ نے امریکہ میں گزشتہ سال وفات دہندگان کے نام بغرض دعا پڑھ کر سنائے۔ اس کے بعد صلوٰة المغرب و العشاء ادا کی گئیں۔ اجلاس مستورات: لجنہ اماءاللہ امریکہ نے مورخہ ۵؍جولائی بروز ہفتہ اپنے علیحدہ جلسہ کا آغاز کیا۔ پہلا اجلاس صبح دس بجے شروع ہوا۔ تلاوتِ قرآن کریم اور نظم کے بعد پہلی تقریر محترمہ نادیہ احمد صاحبہ نے ’’منہاج الطالبین: اعلیٰ اخلاقی اقدار کے حصول کی جدوجہد‘‘ کے موضوع پر کی۔ دوسری تقریر محترمہ عطیہ ظفر صاحبہ نے ’’جدید معاشروں کے فریب سے بچاؤ کے بارہ میں اسلامی تعلیمات‘‘ کے عنوان پر پیش کی۔ تیسری تقریر محترمہ فریحہ حمید صاحبہ کی تھی، جنہوں نے ’’خلافتِ احمدیہ ہماری راہنما‘‘ کے موضوع پر نہایت بصیرت افروز گفتگو کی۔ اجلاس کی اختتامی تقریر محترمہ فزا ناصر صاحبہ نے ’’اسلامی خدمت کو خدا کی نعمت سمجھو‘‘ کے موضوع پر کی، جس میں انہوں نے خدمت دین کی اہمیت کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ اس کے بعد امتیازی طالبات میں انعامات و اسناد تقسیم کی گئیں۔ دوپہر کا اجلاس مستورات: دوپہر کے کھانے کے بعد شام چار بجے مستورات کے دوسرے اجلاس کا آغاز تلاوت اور نظم سے ہوا۔ پہلی مقررہ مکرمہ درثمین پراپلا صاحبہ تھیں، جنہوں نے اسلام احمدیت میں اپنے روحانی سفر کا تأثر انگیز احوال بیان کیا۔ اس کے بعد ڈاکٹر ہبۃ الوحید غنی صاحبہ نے ’’وصیت کے ذریعہ اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق مضبوط کریں‘‘ کے عنوان سے ایمان افروز تقریر کی۔ اختتامی تقریر محترمہ دیا بکر صاحبہ (نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ امریکہ) نے ’’جلسہ سالانہ: ایک خاص روحانی اجتماع‘‘ کے موضوع پر کی۔ آخر میں نو مبائعات کے اعزاز میں لجنہ کی چند بچیوں نے نہایت خوش الحانی سے قصیدہ پیش کیا۔ اعلانات کے بعد شام کا کھانا چھ بجے پیش کیا گیا، اور نماز مغرب و عشاء رات پونے نو بجے ادا کی گئیں۔ (رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر و مطیع اللہ جوئیہ۔ نمائندگان الفضل انٹرنیشنل امریکہ)