(جلسہ گاہ لیون، ۴؍جولائی ۲۰۲۵ء، نمائندہ الفضل) محض خدا تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ بیلجیئم کو اپنا ۳۱واں جلسہ سالانہ مورخہ ۴تا ۶؍جولائی ۲۰۲۵ء کو لیون شہر میں منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک۔ جلسہ سالانہ کے انعقاد سے قبل حضور انور نے درج ذیل افسران کی منظوری عطا فرمائی: مکرمراجہ عبدالطیف صاحب افسر جلسہ سالانہ، مکرم توصیف احمد صاحب (مشنری انچارج) افسر جلسہ گاہ اور مکرم آصف بن اویس صاحب (مربی سلسلہ و صدرمجلس خدام الاحمدیہ) افسر خدمت۔ جلسہ سے ایک روز قبل ۳؍جولائی بروز جمعرات کو جلسہ سالانہ کی تیاری کے سلسلہ میں وقارعمل کیا گیا۔ جس کے تحت مارکیز اور خیمہ جات کی تنصیب، ہال کی سجاوٹ و آرائش، سیکورٹی، لنگر خانہ و دیگر اہم انتظامات کیے گئے۔ اس وقارِ عمل میں جلسہ کی روحانی برکات و فضائل کے حصول کے لیے اور وقت کی قربانی کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کی تمام ذیل تنظیموں کے کارکنان وقارِ عمل میں شامل ہوئے۔ ناظم صاحب تیاری جلسہ سالانہ نے بعض ٹیکنیکل امور کے متعلق ہدایات دیں اور کارکنان میں کام تقسیم کیا اور ہدایت فرمائی کہ تمام کارکنان متعین کیے گئے عہدیداران کے ساتھ مل کر کام کریں۔ جماعت احمدیہ بیلجیئم کے ۳۱ویں جلسہ سالانہ کے پہلے روز ۴؍جولائی بروز جمعۃ المبارک کی صبح سے معزز مہمانان کرام کی آمد کاسلسلہ شروع ہوگیا۔ شعبہ استقبال کے کارکنان نے جلسے پر آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔جلسہ سالانہ کی افتتاحی تقریب سے قبل مہمانوں نے دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد نماز جمعہ میں شرکت کی۔ نمازجمعہ: نماز جمعہ مکرم مشنری انچارج صاحب بیلجیئم نے پڑھائی آپ نے خطبہ جمعہ میں حضرت مسیح موعود ؑ کے ارشادات کے مطابق جلسے کی اہمیت اور مقاصد بیان کیے۔ تقریب پرچم کشائی: جماعتی روایات کے مطابق پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت بیلجیئم اور مکرم مشنری انچارج صاحب نے بالترتیب لوائے احمدیت اور بیلجیئم کا قومی پرچم لہرا کر دعا کے ساتھ اس بابرکت جلسہ کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں مجلس خدام الاحمدیہ کے مستعد خدام نے پرچم کی حفاظت کےلیے اپنی ڈیوٹی سنبھال لی۔ افتتاحی اجلاس: پرچم کشائی کے بعد جلسہ سالانہ کے افتتاحی اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی۔ تلاوتِ قرآن کریم کی سعادت مکرم حافظ جہازیب احمد قریشی صاحب نے حاصل کی جبکہ مکرم مبشراحمد ہاشمی صاحب نے نظم پڑھنے کی توفیق پائی۔ جلسے کی افتتاحی تقریر میں مکرم امیرصاحب نے اللہ نور السمٰوات والارض کے موضوع پر انتہائی پُر مغز تقریر کی جس میں انہوں نے خدا تعالیٰ کی ہستی کے متعلق تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ اجلاس کی دوسری تقریر فرنچ زبان میں مکرم فرحان خان صاحب صدر جماعت اوپن نے JUSTICE IN AN UNJUST WORLD پر کی جس میں انہوں نے احبابِ جماعت کو بتایا کہ دنیا میں انصاف کس طرح ہوسکتا ہےقرآن کریم اور حدیث اور حضرت خلیفتہ المسیح کے خطبات کا حوالہ جات دے کر حقیقی انصاف اور امن کے قیام کا ذکرکیا۔ اس کے بعد مکرم رانا عطا اللہ صاحب نے نظم پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ جلسہ سالانہ بلجیئم کے پہلے روز کی تیسری تقریر مکرم شیخ وسیم احمدصاحب صدر مجلس انصار اللہ نے دور حاضر اور والدین کے لئے تربیت کے طریق کےمتعلق کی جس میں انہوں نے حضرت مسیح موعود اور خلفائے احمدیت کے حوالہ جات دے کر اپنے موضوع کو بیان کیا۔ اللہ تعالٰی ہمیں جلسہ سالانہ کی برکات اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاوں کا وارث بنائے ۔آمین