https://youtu.be/53aCvMi9LXQ از طرف مجلس انصاراللہ پاکستان ہم مکرم لئیق احمد چیمہ صاحب کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہیں جنہیں مورخہ ۱۸؍اپریل ۲۰۲۵ء بروز جمعہ کراچی میں احمدیہ ہال کے قریب بہیمانہ طور پر شہید کردیا گیا۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔بوقتِ شہادت آپ کی عمر ۴۷؍سال تھی۔ آپ بفضلہ تعالیٰ موصی تھے۔ شہید مرحوم کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ خلافت اولیٰ میں آپ کے پڑدادا مکرم چودھری حاکم علی صاحب آف چشتیاں ضلع بہاول نگر کے ذریعہ سے ہوا تھا ۔ مکرم لئیق احمد چیمہ صاحب۱۹۷۸ء میں مکرم نذیر احمد صاحب کے ہاں پیدا ہوئے۔ پیشہ کے اعتبار سے موٹر مکینک تھے۔ آپ سال۲۰۲۵ء کے آغاز سے مجلس انصاراللہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک حلقہ کے زعیم تھے۔ سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ۲۵؍اپریل۲۰۲۵ء میں آپ کا ذکر خیر فرمایا اور نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔حضورایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:’’جماعتی امور کی انجام دہی اور خدمت کے لیے ہمیشہ تیار رہتے۔ تہجد اور پنجگانہ نمازوں کے پابند تھے۔ بچوں کو باقاعدگی سے باجماعت نماز کے لیے اپنے ساتھ لے کر جاتے۔ ورکشاپ میں کام کرنے والے احمدی ورکرز اور گھر میں فیملی ممبران کی نمازوں کی ادائیگی کا جائزہ لیتے۔ کام میں مصروفیت کے باوجود کام چھوڑ کر نماز کی ادائیگی کو فوقیت دیتے۔ یہ نہیں کہ کاروبار میں لگے ہوئے ہیں۔ نہیں۔ عام طور پہ اس قسم کے کاروباری لوگ اور اس طرح مصروف نمازوں پہ توجہ نہیں دیتے لیکن انہوں نے کبھی نماز قضانہیں کی۔ نہایت ملنسار اور محبت کرنے والے تھے۔ ہر ایک سے اپنائیت کا تعلق رکھا تھا۔ خلافت سے ایک خاص تعلق تھا۔ ایم ٹی اے کے پروگرامزبالخصوص میرا خطبہ جو ہے ایم ٹی اے پر آتا تھا وہ ضرور سنتے تھے۔ جماعتی مقدمات کی پیروی اور ڈیوٹی کے لیے ہر وقت تیار رہتے تھے۔ شہادت کے واقعہ سے دو روز پہلے بھی عدالت میں مخالفین کی طرف سے انتہائی جارحانہ رویہ اپناتے ہوئے انہیں دھمکیاں دی گئی تھیں…قرآن کریم سے ان کا والہانہ عشق تھا ۔‘‘ آپ کےپسماندگان میں دو بیگمات کے علاوہ سات بچے اور ایک ہمشیرہ اور ایک بھائی شامل ہیں۔ہم اراکین مجلس انصاراللہ پاکستان آپ کی شہادت پرسیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزاورشہیدمرحوم کے اہل و عیال ودیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے بھائی مکرم لئیق احمد چیمہ صاحب کو مغفرت کی چادر میں لپیٹ لے۔جملہ لواحقین کو صبر عطا فرمائے اور ان کی نیکیاں زندہ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے اورسلسلہ کو ان جیسے خلافت کےفدائی اورجاںنثار وجود عطا فرماتا رہے۔آمین