https://youtu.be/U0-DCT-5NGU اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے جماعت احمدیہ نائیجیریا کو جماعت کے ہیڈکوارٹرز کی مسجد بیت الطاہر میں مورخہ ۱۷و۱۸؍مئی ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار اپنی ستہترویں نیشنل مجلس شوریٰ کے بابرکت انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ امسال شوریٰ میں ملک بھر سے منتخب نمائندگان، نیشنل مجلس عاملہ کے اراکین، مبلغین کرام اور ذیلی تنظیموں کے نمائندگان سمیت ۶۶۷؍افراد نے شرکت کی۔ جبکہ دس افراد بطور زائرین شامل ہوئے۔ مجلس شوریٰ کے اجلاس کا باقاعدہ آغاز صبح دس بجےمکرم الحاجی عبد العزیز الاتویے صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنے افتتاحی کلمات میں شوریٰ کی اہمیت اور اس کے مقاصد کو اجاگر کیا۔ نیز گذشتہ سال جماعت احمدیہ نائیجیریا پر ہونے والے اللہ تعالیٰ کے فضلوں میں سے چند کا ذکر کیا۔ گذشتہ سال کی نیشنل مجلس شوریٰ کی کارروائی مکرم جنرل سیکرٹری صاحب نے پڑھ کر سنائی جس کے بعد جولائی ۲۰۲۴ء سے اپریل ۲۰۲۵ء تک کی سالانہ جماعتی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔ امسال شوریٰ میں صرف حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت پر عمل کیا گیا جو یہ تھی:’’گذشتہ تین سالوں کی تجاویز اور ان کی سفارشات کو پڑھا جائے اور یہ جائزہ لیا جائے کہ کس حد تک ان پر عمل درآمد ہوا ہے۔ جہاں کمی ہے، وہاں ان کو دُور کرنے کا طریقہ کار تجویز کیا جائے اور آئندہ کے لیے ایک عملی منصوبہ بنایا جائے۔‘‘ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے اس ارشاد پر سیر حاصل بحث کے لیے ایک سب کمیٹی قائم کی گئی۔ نماز ظہر و عصر اورکھانے کے وقفے کے بعد سب کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ سہ پہر تین بجے شوریٰ کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد سیکرٹری صاحب مال نے سال ۲۰۲۵ء - ۲۰۲۶ء کا مالی بجٹ پیش کیا۔ اس کے بعد سب کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی اور ممبران شوریٰ نے اس پر اپنی آرا دیں۔تمام سفارشات کو متفقہ طور پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں منظوری کے لیے بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ اس کے بعد مکرم عدنان احمد طاہر صاحب مبلغ انچارج کی زیر صدارت نیشنل امیر و عاملہ کا انتخاب عمل میں آیا۔ اگلے دن نماز تہجد اور فجر کی نماز کے بعد مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر کی، دعا کروائی اور سب کو الوداع کیا۔ بعدازاں تمام قافلے واپس روانہ ہوئے اور بخیریت اپنے گھروں کو پہنچ گئے۔ الحمدللہ (رپورٹ:سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ گیمبیا کی ۴۷ویں نیشنل مجلس شوریٰ ۲۰۲۵ء کا انعقاد