https://youtu.be/J4yEBCXzPbk اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ برکینافاسو کی نیشنل مجلس شوریٰ مورخہ ۱۷و۱۸؍مئی ۲۰۲۵ء کو نیشنل ہیڈکوارٹر کی مرکزی مسجد بیت المہدی، واگادوگو میں منعقد ہوئی۔ ملک بھر سے شوریٰ کے منتخب نمائندگان ۱۶؍مئی ہی کو واگادوگو پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ پہلا اجلاس:شام چار بجے شوریٰ کے پہلے اجلاس کی کارروائی بصدارت مکرم میاں قمر احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ برکینا فاسو شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور دعا کے بعد ممبران کی حاضری لگائی گئی۔ صدر مجلس نے افتتاحی کلمات کہے۔ مکرم کونے دائودا صاحب سیکرٹری شوریٰ نے گذشتہ تین سال کے فیصلہ جات شوریٰ پڑھ کر سنائے۔ مکرم فوفانا ابو بکر صاحب سیکرٹری زراعت نے گذشتہ سال کی شوریٰ کے فیصلہ جات پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی۔ سیکرٹری شوریٰ نے ایجنڈے کا اعلان کیا۔ ایجنڈے کےمطابق بحث کے ليے صرف ایک تجویز رکھی گئی تھی۔ اس کے علاوہ بجٹ ۲۰۲۵ء - ۲۰۲۶ء اور نیشنل مجلس عاملہ کا انتخاب بھی پروگرام کا حصہ تھے۔ اس سال کی تجویز یہ تھی:’’مجلس شوریٰ حکمت عملی وضع کرے جس سےسوشل میڈیا کے درست استعمال کے ليے بچوں کی راہنمائی کی جا سکے‘‘۔ تجویز پر سفارشات پیش کرنے کے ليے ۳۰؍ ممبران پر مشتمل سب کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ کمیٹی کے صدر مکرم جیالو عبدالرحمٰن صاحب جبکہ سیکرٹری مکرم یاو لاسینا صاحب مقرر ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی شام سوا پانچ بجے پہلے اجلاس کی کارروائی اختتام پذیر ہوگئی۔ شام پونے سات بجے نماز مغرب و عشاء پڑھنے کے بعد تمام ممبران کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ سب کمیٹی کا اجلاس لائبریری میں رات ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوا اور پونے بارہ بجے تک جاری رہا۔ دوسرے روز کا آغاز صبح چار بجے نماز تہجد، فجر اور ’شوریٰ کی اہمیت‘ پر درس سے ہوا۔ شوریٰ کے اجلاس کی کارروائی صبح نو بجے بصدارت مکرم امیر صاحب شروع ہوئی۔ تلاوت و ترجمہ کے بعد صدر مجلس نے دعا کروائی۔ سب کمیٹی کی رپورٹ سیکرٹری کمیٹی نے پیش کی۔ جس پر بعض احباب نے اظہار خیال کیا۔ تجویز کی سفارشات پر ووٹنگ ہونے کے بعدسیکرٹری مال مکرم نیمینو ناصر صاحب نے بجٹ ۲۰۲۵ء - ۲۰۲۶ء پیش کیا۔ بعض ممبران نے بجٹ کے متعلق کچھ سوالات کیے جن کے جواب سیکرٹری مال اور امیر صاحب نے دیے۔ بجٹ پر کارروائی مکمل ہونے کے بعددس منٹ کا وقفہ کیا گیا۔ اجلاس کے آخری حصہ کی کارروائی صبح گیارہ بجے شروع ہوئی اوردوپہر پونے دو بجے تک جاری رہی۔ اس حصہ میں مجلس عاملہ کا انتخاب ہوا۔ اجلاس کے آخر پر صدر مجلس نے اختتامی کلمات کہے، سب کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی۔ حاضری: امسال شوریٰ کے ممبران کی تعداد ۱۲۵؍رہی۔ علاوہ ازیں جامعۃ المبشرین برکینافاسو کے آخری سال کے طلبہ کو بطور زائرین شامل ہونے کی اجازت دی گئی تاکہ وہ بھی شوریٰ کی کارروائی کے طریق کار سے متعارف ہوں۔ ان طلبہ نے شوریٰ کے انتظامات اور دیگر ڈیوٹیز میں مدد دی۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء (رپورٹ:چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: مسرور سنٹر فار ہیلتھ کیئر،آئیوری کوسٹ میں اہم شخصیات کی آمد