https://youtu.be/q97sx503uiw مکرم وقاص ظفر صاحب (سائیٹ انجینیئر مسرور سنٹر) تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہیومینٹی فرسٹ کو آئیوری کوسٹ کے معاشی دارالحکومت آبی جان کے محلہ یوپوگوں میں جماعتی جگہ مہدی آباد پر ایک جدید اور مکمل سہولیات سے آراستہ ہسپتال تعمیر کرنے کی توفیق مل رہی ہے جسے ’’مسرور سنٹر فار ہیلتھ کیئر‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ادارہ مختلف امراض کے علاج کے ساتھ ساتھ ایک تدریسی ہسپتال کے طور پر بھی کام کرے گا۔ تعمیراتی کام تکمیل کے مراحل میں ہے اور آئندہ چند ماہ میں مریضوں کے علاج کے لیے کھول دیا جائے گا۔ ان شاء اللہ العزیز مورخہ ۱۶؍مئی ۲۰۲۵ء کو ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل کے متعدد مرکزی عہدیداران ہسپتال کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے اور مقامی نمائندگان سے ملاقات کے لیے آبیدجان تشریف لائے۔ وفد میں شامل شخصیات درج ذیل ہیں: مکرم سید احمد یحییٰ صاحب سربراہ ہیومینٹی فرسٹ انٹرنیشنل، مکرم ڈاکٹر شبیر احمد بھٹی صاحب چیئرمین کمیٹی ’’مسرور سنٹر فار ہیلتھ کیئر‘‘، مکرم نصیر دین صاحب ڈائریکٹر فنڈ ریزنگ، مکرم ڈاکٹر مظفر احمد صاحب میڈیکل ڈائریکٹر، مکرم کیپٹن (ر) ماجد احمد خان صاحب انچارج ہیلتھ کیئر اور مکرم نور اللہ چودھری صاحب ڈائریکٹر فنانس۔ اس موقع پر ایم ٹی اے گھانا کی ٹیم کے دو افراد بھی آئیوری کوسٹ تشریف لائے۔ مورخہ ۱۷؍مئی کو جناب سارا امانی (Sara Amani) صاحبہ آئیوری کوسٹ کی سفیر برائے برطانیہ نے زیر تعمیر ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہیں ہسپتال کے مختلف شعبہ جات دکھائے گئے اور ان کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔ اپنے تاثرات میں انہوں نے ہسپتال کی تعمیر اور مجموعی ماحول کو سراہا اور کہا کہ یہ عمارت نہ صرف جدید سہولیات کی حامل ہے بلکہ اس کے ارد گرد بنائےگئے خوبصورت سبزہ زار اس کی خوبصورتی کو دوبالا کرتے ہیں۔ مورخہ ۱۹؍مئی کو ہیومینٹی فرسٹ کے وفد نے مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ اور مکرم ڈاکٹر احمد کولیبالی صاحب انچارج ہیلتھ کیئر آئیوری کوسٹ کے ہمراہ جناب آدما بکٹوگو (Adama Bictogo) صدر نیشنل اسمبلی آئیوری کوسٹ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے انہیں دنیا بھر میں ہیومینٹی فرسٹ کی خدمات اور آئیوری کوسٹ میں زیر تعمیر ہسپتال کے متعلق تفصیلات بتائیں اور ہسپتال کے دورہ کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کی۔ چنانچہ اسی روز دوپہر کو موصوف نے ہسپتال کا دورہ کیا۔ وفد اور مکرم یحییٰ وترا صاحب انچارج ہیومینٹی فرسٹ آئیوری کوسٹ، نیز خاکسار (سائٹ انجینئر) نے ان کا استقبال کیا۔ انہیں ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کروایا گیا، ریفریشمنٹ پیش کی گئی اور ایک مختصر مگر خوشگوار میٹنگ میں تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے ہسپتال کو شہر کے بہترین ہسپتالوں میں سے ایک قرار دیا اور اس کی جانب آنے والی سڑک کی تعمیر کا وعدہ بھی کیا۔ دورہ کے اختتام پر انہوں نے ہسپتال کے داخلی دروازہ کے قریب ناریل کا پودا بھی لگایا۔ ان ملاقاتوں کے دوران ہسپتال سے متعلق متعدد معلوماتی ویڈیوز بھی ایم ٹی اے گھانا کی ٹیم کے علاوہ مختلف نیشنل ٹی وی چینلز اور اخبارات کے نمائندگان نے ریکارڈ کیں۔ اللہ کرے کہ یہ ہسپتال اپنی تکمیل کے بعد عوام الناس کے لیے ایک باکمال ادارہ ثابت ہو جہاں طبی ماہرین خالصتاً خدمت انسانیت کے جذبہ سے سرشار ہو کر مریضوں کا علاج کریں اور اللہ تعالیٰ ان کے ہاتھ میں شفا عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:عبدالنور۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: میلبرن، آسٹریلیا میں رمضان المبارک کے دوران بین المذاہب پروگرامز کا انعقاد