https://youtu.be/ZzcVQCiwymU محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ نائیجیریا کو ریفریشر کورس برائے مبلغین کرام نیشنل ہیڈکوارٹرزOjokoro میں مورخہ ۱۸تا۲۱؍مئی ۲۰۲۵ءکو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ مورخہ ۱۸؍مئی کو نماز عصر کے بعد شام ساڑھے چار بجے پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سےہوا۔ مکرم الحاجی عبدالعزیز الاتویے صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا نے اپنی افتتاحی تقریر میں شرکاء کو ریفریشر کورس کے انعقاد کی اہمیت اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔ دن کا پہلا لیکچر بھی امیر صاحب نے ’’مبلغین اور معلمین کی ذمہ داریوں‘‘ پر دیا۔ دوسرادن، ۱۹؍مئی:دوسرے دن کے پروگرام کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم عبد الرحمٰن آڈے والے صاحب مبلغ سلسلہ نے یوکے، جرمنی، کینیڈا اور گھانا کی حالیہ منعقدہ تقریب تقسیم اسناد کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بصیرت افروز خطاب کی روشنی میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی تازہ ہدایات برائے مبلغین پڑھ کر سنائیں۔ نیز جماعت کے چند اہم شعبوں کا تعارف کروایا مثلاً امورعامہ، تعلیم، تربیت اور تبلیغ۔ مکرم ڈاکٹر حسن مجید بیلو صاحب صدر قضا بورڈ نے ’دارالقضاء‘ کا تعارف، کام کی نوعیت اور ’کام کے دوران پیش آنے والے مسائل کو کس طرح کم کیا جا سکتا ہے‘ کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس لیکچر کے بعد مکرم ذیشان ظفراللہ صاحب مبلغ سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ نے ختم نبوت اور صداقت حضرت مسیح موعودؑ کے دلائل کی دہرائی کروائی۔ مکرم الحاجی عباس ارومینی صاحب جنرل سیکرٹری نائیجیریا نے ’’نظام شوریٰ‘‘پر لیکچر دیا۔ اس کے بعد نمازوں اور کھانے کا وقفہ تھا۔ نماز عصر کے بعد پہلا لیکچر مکرم ناصر خلیل الرحمٰن مبلغ سلسلہ نے بعنوان ’’سوشل میڈیا کے فوائد و نقصانات‘‘ دیا۔ اس کے بعد دن کا آخری ایک انٹریکٹو پروگرام منعقد ہوا جس میں مبلغین نے میدان عمل میں در پیش مسائل اور ان کے حل پیش کیے۔ تیسرا دن، ۲۰؍مئی:تیسرے دن کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد پہلا لیکچر مکرم عبدالواسع عابد صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’بنیادی مسائل کے جوابات‘‘ میں سے چند سوالات اور ان کے جواب جو حضور انور اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ارشاد فرمائے ہیں، ان کو مبلغین کے سامنے رکھا۔ ’’عصر حاضر کے مسائل پر اسلام کا رد عمل‘‘ کے موضوع پر مکرم اولاڈیمیجی رضوان صاحب مبلغ سلسلہ نے لیکچر دیا۔ اسی طرح مکرم قاسم اویوقولا صاحب معلم سلسلہ نے ’’نظام وصیت‘‘ پر لیکچر دیا اور دفتر وصیت کو جماعتوں سے موصول ہونے والے مسائل کا ذکر کیا۔ نماز عصر کے بعد حافظ وقار یونس صاحب مبلغ سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ نے ’’وفات و حیات مسیح ‘‘ پر لیکچر دیا۔ دن کا آخری ایک انٹریکٹو پروگرام منعقد ہوا جس میں مبلغین نے میدان عمل میں در پیش مسائل اور ان کے حل پیش کیے۔ چوتھا دن، ۲۱؍مئی:آخری دن کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا ۔ ’’مالی نظام‘‘ پر مکرم مدثر آڈےفراتے صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے لیکچر دیا۔ اس اجلاس میں جماعتی چندہ پورٹل، مبلغین کا دفتر اکاؤنٹ سے رابطہ اور میدان عمل میں در پیش اس دفتر سے متعلقہ امور پر سیرحاصل گفتگو کی گئی۔ اس لیکچر کے بعد مکرم ڈاکٹر توفیق ثانی صاحب نے اپنے لیکچر میں دل کی مختلف بیماریوں اور بلڈپریشر کے عارضہ سے بچنے کے ذرائع بتائے۔ نماز عصر کے بعد اس ریفریشر کورس کا اختتامی اجلاس منعقد ہوا جس میں مکرم امیر صاحب بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اکثر مبلغین نے امیر صاحب سے سوالات کیے نیز اپنی آراء بھی پیش کیں۔ امیر صاحب نے ہر سوال کا جواب دیا اور مبلغین کی آراء کو ان کے متعلقہ دفتر تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی۔ یہ اجلاس ہر لحاظ سے بہت کامیاب رہا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور یوں یہ ریفریشر کورس اپنے اختتام کو پہنچا۔ ریفریشر کورس میں ۴۶ مبلغین نے شرکت کی۔ الحمد للہ ( رپورٹ: سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ آسٹریلیا کی اکیالیسویں نیشنل مجلسِ شوریٰ کا انعقاد