اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گنی بساؤ کو دارالحکومت بساؤ کے نواحی علاقہ سفیم میں نصرت جہاں سکیم کے تحت پہلا احمدیہ کلینک تعمیر کرنے اور اس کا باقاعدہ افتتاح کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ یہ علاقہ طبی سہولیات سے محروم تھا اور کوئی قریبی ہسپتال یا کلینک موجود نہ تھا۔ افتتاح سے قبل تین روزہ مفت میڈیکل کیمپ بھی منعقد کیا گیا جس سے ۳۷۰؍سے زائد افراد نے استفادہ کیا۔ کلینک کی عمارت ۲۷؍میٹر لمبی اور ۱۵؍میٹر چوڑی ہے۔ اس میں دو ڈاکٹرز کے کمرے، آپریشن تھیٹر، بنیادی ضرورت کے تمام لیب ٹیسٹ کےليے جدید ترین لیبارٹری، الٹراساؤنڈ، ڈسپنسری، ریکوری روم، چھ بستروں پر مشتمل وارڈ اور انتظارگاہ کی سہولیات میسر ہیں۔ یہ کلینک ۲۴؍گھنٹے مریضوں کی خدمت میں مصروفِ عمل رہے گا۔ ان شاءاللہ افتتاحی تقریب ۱۵؍مئی ۲۰۲۵ء کو مکرم محمد احسن میمن صاحب مبلغ انچارج گنی بساؤ کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں وزیر صحت کے نمائندہ خصوصی، بیومبو ریجن کے گورنر کے نمائندہ، علاقہ سفیم کے ایڈمنسٹریٹر اور مقامی قبائلی بادشاہ سمیت علاقے کے معززین نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد جماعت احمدیہ کا تعارف اور کلینک کی سہولیات سے متعلق معلومات پیش کی گئیں۔ بعد ازاں معزز مہمانان نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ بیومبو ریجن کے گورنر کے نمائندہ نے کہا کہ جماعت احمدیہ نے وعدہ پورا کرتے ہوئے خدمت انسانیت کا ایک عظیم سنگِ میل عبور کیا ہے۔ وزیر صحت کے نمائندہ نے کلینک کو ملکی معیار کے بہترین ہسپتالوں کے ہم پلہ قرار دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ سفیم علاقہ کے ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ معاشرے میں جماعت احمدیہ کے بارے میں جو جھوٹی افواہیں ہیں، انہوں نے جماعت احمدیہ کو اس کے بالکل برعکس پایا۔ مقامی بادشاہ نے بھی جماعت احمدیہ کے روحانی و اخلاقی تربیتی کاموں کے ساتھ جسمانی علاج کی فراہمی کو بھی خوش آئند قرار دیا۔ مبلغ انچارج صاحب نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ آپ نے جماعت احمدیہ کے عالمی فلاحی کاموں کا مختصر تذکرہ کیا اور بتایا کہ ایک سچے احمدی مسلمان کا فرض ہے کہ وہ معاشرے کی بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کرے۔ آخر پر دعا کروائی گئی اور مہمانان کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ اللہ تعالیٰ اس کلینک کو خدمت خلق کے لیے ترقیات کا پیش خیمہ بنائے اور جماعت احمدیہ کے تمام خدمت خلق کے منصوبوں میں مزید برکت عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فجی میں جلسہ ہائے یوم خلافت کا بابرکت انعقاد