https://youtu.be/RqgwB4Y06lw ٭… اسرائیلی افواج نے فلسطینیوں کو فوجی کارروائی میں اضافے سے قبل شمالی غزہ سے انخلا کا حکم دے دیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی کے مطالبے کے بعد اسرائیل نے غزہ اور جبالیہ کے فلسطینیوں کو جنوب کی طرف المواسی کے ساحلی علاقے کی جانب منتقل ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور حماس کے درمیان معاہدے پر بات چیت ابھی ہوگی۔امریکی صدر نے کہا تھا کہ غزہ میں معاہدہ کریں اور یرغمالیوں کو واپس لائیں۔ ٭… ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی سے غیر معمولی تعاون بغیر ٹھوس ضمانتوں کے ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ امید نہیں کی جانی چاہیے کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کے ساتھ ایران عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی سے بھی تعاون کرے۔ اس سےقبل گذشتہ ہفتے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی ایکس پر اپنے ٹوئٹ میں سربراہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے حوالے سے کہہ چکے ہیں کہ رافیل گروسی بمباری کے مقامات کا دورہ کرنے پر اصرار کر رہے تھے جو بے معنی تھا اور شاید ان کے ارادے بھی خراب تھے۔ ٭… امریکی اخبار کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران امریکی حملوں سے ایران کی جوہری تنصیبات کو خاطر خواہ نقصان نہیں پہنچا۔امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کے مطابق انہوں نے یہ دعویٰ امریکی انٹیلیجنس حکام اور سینیئر ایرانی حکام کے درمیان ہونے والی گفتگو کو ریکارڈ کرنے کے بعد کیا۔امریکی اخبار کا کہنا تھا کہ امریکی انٹیلیجنس حکام اور سینیئر ایرانی حکام کے درمیان ہونے والی گفتگو کے مطابق امریکی حملوں نے ایرانی جوہری پروگرام کو صرف کچھ مہینوں تک پیچھے کیا ہے۔ دوسری جانب ترجمان وائٹ ہاؤس نے واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نامعلوم ایرانی حکام جانتے ہیں کہ جوہری تنصیبات کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔ ٭… کئی یورپی ممالک ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں جہاں اس حوالے سے شہریوں کے لیے وارننگ بھی جاری کی جارہی ہیں۔سپین کے قصبے ایل گراناڈو میں ہفتے کو درجہ حرارت ۴۶؍ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جو کہ جون کے ماہ میں گرمی کا نیا ریکارڈ ہے۔ پرتگال، اٹلی، کروشیا، فرانس، آسٹریا، بیلجیم، بوسنیا، ہنگری، سربیا، سلووینیا اور سوئٹزرلینڈ میں بھی گرم موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ٭… پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بارشوں کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ملک کے مختلف شہروں میںدو روز سے وقفے وقفے سے جاری بارش کے بعد دریائے کابل کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا۔ دریائے سوات کا سیلابی ریلا دریائے کابل میں داخل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں میں طوفانی بارشیں متوقع ہیں جبکہ گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں گلیشیئرز پگھلنے سے سیلابی صورتِ حال کا خطرہ ہے۔ دوسری جانب پنجاب کے کئی شہروں میں بھی سیلابی صورتِ حال کا خدشہ ہے جبکہ سندھ کے کئی شہروں میں بھی شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ٭… پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔زلزلے کی شدت ۵.۵؍اور گہرائی ۲۸؍کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز موسیٰ خیل سے ۵۶؍کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔ زلزلے سے دو مکانات مکمل تباہ ہوگئے ہیں اور تین کو جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ٭… پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں ۲۵؍جون سے اب تک بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل جاری کردی گئی۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق کے پی میں بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سات مرد، پانچ خواتین اور دس بچوں سمیت ۲۲؍ افراد جاں بحق اور ۱۱؍زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں سب سے زیادہ متاثر ضلع سوات رہا جہاں ۱۴؍افراد جاں بحق اور ۶؍زخمی ہوئے۔ ٭… چین کے جنوب مغربی علاقوں میں بارشوں نے شدید تباہی مچادی، چینی صوبہ گوئژو ایک بار پھر سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔ چین میں شدید بارشوں کے بعد جنوب مغربی علاقے سیلاب کی زد میں ہیں۔تین دریاؤں کے سنگم پر واقع رونگجیانگ کاؤنٹی جہاں تین لاکھ سے زائد گھر موجود ہیں اس ہفتے ریکارڈ بارشوں کی وجہ سے وہاں چھ افراد ہلاک ہوئے اور وہاں اب بھی پانی کھڑا ہے اور ۸۰؍ہزار سے زائد افراد اپنا گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: سپورٹس بلیٹن