اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال بھی دیگر ممالک کی طرح جماعت ہائے احمدیہ کینیا کو یوم خلافت کے جلسوں کا اہتمام کرنے کی توفیق ملی۔ ان جلسہ جات میں مختلف طبقاتِ زندگی سے تعلق رکھنے والے غیر از جماعت احباب کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ چنانچہ کینیا کے بارہ ریجنز میں ۷۹؍جماعتوں میں جلسہ ہائے یوم خلافت منعقد کیے گئے جن میں ۱۵۵؍مہمانوں سمیت دو ہزار ۶۱۰؍احباب نے شرکت کی۔ ان جلسوں میں نو مبائعین کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہوئی اور انہوں نے خلافت اور اس سے متعلق موضوعات پر نہایت ایمان افروز تقاریر کیں۔ الحمدللہ علیٰ ذالک ان جلسوں میں تلاوت قرآن کریم کے بعد حمدو نعت اور خلافت کی اہمیت و برکات سے متعلق منظوم کلام پیش کیا گیا۔ پھر مبلغین و معلمین سلسلہ اور دیگر مقررین نے خلافت کا مقام، اس کی ضرورت و اہمیت اور اس کی برکات بیان کرنے کے علاوہ امت محمدیہؐ میں خلافت سے متعلق قرآن و حدیث کی پیشگوئیوں کا ذکر کیا نیز ان پیشگوئیوں کے نتیجے میں جماعت احمدیہ کے قیام اور خلافت کے اجرا کو حضرت محمد مصطفیٰﷺ اور بانی جماعت احمدیہؑ کی صداقت کے ثبوت کے طور پر پیش کیا۔ علاوہ ازیں آنحضورﷺ کے وصال کے بعد خلافت راشدہ اور اب خلافت احمدیہ کے ذریعہ اسلام کی عالمگیر ترقی اور خدمت انسانیت کے سلسلے میں ان کی سعی کا تذکرہ بھی کیا۔ نیز خلفائے راشدین کی سیرت و سوانح، غلبہ اسلام اور خدمت انسانیت کے لیے ان کی تحریکات کے شیریں ثمرات کا ایمان افروز بیان ہوا۔ تقریباً تمام جماعتوں میں جلسوں کے بعد کلوا جمیعًا اور مہمان نوازی کا اہتمام بھی کیا گیا اور متعدد جگہوں پر اسی مناسبت سے علمی مقابلہ جات اور کھیلوں کے پروگرام بھی رکھے گئے جو ہر لحاظ سے کامیاب رہے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ لائبیریا کی سترھویں نیشنل مجلس شوریٰ کا کامیاب انعقاد