اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کو مورخہ ۲۵؍مئی ۲۰۲۵ء بروز اتوار نیشنل مجلس شوریٰ مرکزی مسجد بیت السلام بانجل/کومبو میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک مجلس شوریٰ کا آغاز صبح دس بجے مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں صدر مجلس نے دعا کے ساتھ اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کیا۔ مکرم سیکرٹری مجلس شوریٰ نے شوریٰ کے قواعد پیش کیے نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ مورخہ ۲۳؍ اگست ۲۰۲۳ءبابت انتخابات عہدیداران کا خلاصہ بھی پیش کیا۔ اس کے بعد آئندہ تین سال کے لیے امیر و نیشنل عاملہ کے انتخاب کی کارروائی مکرم محمود احمد طاہر صاحب مبلغ انچارج گیمبیا نے کروائی۔ اس موقع پر سب سے پہلے جنرل سیکرٹری نے انتخابی قواعد پڑھ کر سنائے جس کے بعد انتخاب مکمل ہوا۔ اجلاس کا اختتام سہ پہر تین بجے دعا کے ساتھ ہوا۔ نماز ظہر و عصر اور کھانے کے لیے ایک گھنٹے کے وقفے کے بعد سہ پہر چار بج کر دس منٹ پر تیسرا اجلاس مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت شروع ہوا۔ آغاز میں مکرم سیکرٹری مجلس شوریٰ نے جماعت احمدیہ گیمبیا پر گذشتہ سال ہونے والے اللہ تعالیٰ کے افضال و احسانات کا ذکر کیا جس کے مطابق اس وقت گیمبیا میں ۱۲۳؍مساجد، ۳۴؍نماز مراکز، ۳۶؍مشن ہاؤسز اور ۱۹۲؍واقفین نو ہیں۔ گذشتہ سال کے دوران قرآن کریم کی نمائشوں، تربیتی کلاسز کے انعقاد، ہزاروں افراد تک جماعتی لٹریچر اور پیغام کے پہنچنے کی رپورٹ پیش کی گئی۔ مزید یہ کہ چار ہزار سے زائد مستحق افراد کی مالی و طعامی مدد کی گئی نیز بیواؤں میں راشن بھی تقسیم کیا گیا۔ بعد ازاں موجودہ سال کی تجاویز پیش کی گئیں اور ان پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ نیشنل سیکرٹری مال نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا جس پر ممبران کے سوالات کے جواب دیے گئے۔ بعد ازاں گذشتہ سال کی تجاویز پر عملدرآمد کی رپورٹ مکرم امیر صاحب نے پیش کی۔ اختتامی تقریر میں آپ نے تقویٰ کے قیام اور اپنی حقیقی آمد پر شریعت کے مطابق مالی قربانی کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس کا اختتام شام چھ بج کر پینتیس منٹ پر دعا کے ساتھ ہوا جس کے بعد شاملین کا گروپ فوٹو ہوا۔ امسال شوریٰ پر نمائندگان کی تعداد ۴۵۰ کے قریب تھی۔ (رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ لیسوتھو میں جلسہ یوم خلافت کا بابرکت انعقاد