۲۰؍جون جمعۃ المبارک کے دن نماز فجر کے وقت ہلکی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی، صبح دس گیارہ بجے اس میں تیزی آگئی۔ مطلع صاف اور دھوپ کے باوجود ہوا کی وجہ سے موسم پر خوشگواراثرات مرتب ہوئے۔شام مغرب کے بعد یہ ہوا ٹھنڈی ہوگئی اور رات بھر درمیانی رفتار سے چلتی رہی۔ کھلے آسمان تلے رات بسر کرنے والوں کےلیے موسم اچھا بن گیا۔ ہفتہ کو بھی نماز فجر کے وقت ہلکی ہوا چل رہی تھی ۔ دوپہر کو یہ ہوا لُو کی شکل اختیار کرگئی اور تیز ہوتی چلی گئی۔ شام کے وقت یہ گرم ہوا کسی حد تک معتدل ٹمپریچر کی ہوا میں بدل گئی۔اس کا سلسلہ رات بھر جاری رہا ۔ جب رات زیادہ بھیگنا شروع ہوئی تو یہ خوشگوار ہوکر ٹھنڈی بن گئی۔ جس کی وجہ سے موسم بہتر ہوگیا۔ اتوار کو صبح ہی سے ہلکی ٹھنڈی ہوا رواں دواں تھی جو دراصل گذشتہ رات ہی سے چل رہی تھی۔دن کے وقت اس میں تیزی آگئی جس کی وجہ سے موسم معتدل شکل اختیار کرگیا۔ رات گئے یہ ہوا رُک گئی لیکن ٹھنڈک برقرار رہی۔ سوموار کو صبح کے وقت ہلکی بارش ہوئی جو کچھ دیر بعد ہی رُک گئی۔ بارش کے بعد ہوا بند ہونے سے حبس بن گیاجس سے گرمی ہوگئی تاہم وقفے وقفے سے ہوا چلتی رہی۔ منگل کو آسمان صاف تھا اور سورج پوری آب و تاب سے چمک رہا تھا۔ ہوا ہلکی رفتار سے چل رہی تھی۔ گذشتہ چند دنوں کی نسبت گرمی میں اضافہ ہوگیا۔ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۴۰؍اور کم سے کم ۳۵؍درجہ سینٹی گریڈ نوٹ کیا گیا۔بدھ کو بھی دن بھر گرمی رہی، لیکن سرِشام ہی ہوا نے اپنا رنگ دکھانا شروع کردیا اور موسم اچھا بن گیا۔ جمعرات کو علی الصبح ساڑھ تین بجے تیز اور موسلا دھا ر بارش شروع ہوگئی جس کی وجہ سے ہر طرف جل تھل ایک ہوگیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی نے ڈیرے ڈال لیے اور کچے علاقے کیچڑ کی لپیٹ میں آگئے۔ دو تین گھنٹے تک تو یہ بارش زوروں پر برستی رہی پھر ہلکی ہوگئی، دن بھر ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا آسمان پر بادلوں نے بھی قبضہ کیے رکھا اور سورج کو چھپالیا۔اس بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا، مرجھائے ہوئے چہروں پر رونق آگئی۔ (ابو سدید)