۲۹؍جون ۲۰۲۵ء بروز اتوار (اوسلو، ناروے ۲۹؍جون ۲۰۲۵ء، نمائندگان الفضل) اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال نارڈک ممالک (ناروے، سویڈن، فن لینڈ، ڈنمارک اور آئس لینڈ) کا جلسہ سالانہ مورخہ ۲۸ و ۲۹؍جون ۲۰۲۵ء کو مسجد بیت النصر، اوسلو ناروے میں منعقد ہوا۔ الحمد للہ اجلاس سوئم: نارڈک جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کے تیسرے اجلاس کی صدارت مکرم وسیم احمد ظفر صاحب، امیر جماعت احمدیہ سویڈن نے کی۔ یہ اجلاس صبح دس بجے تلاوت قرآن پاک سے شروع ہوا جو مکرم زیرک اعجاز صاحب آف فن لینڈ نے کی اور ترجمہ مکرم بشارت الرحمان صاحب آف فین لینڈ نے پیش کیا۔ نظم مکرم طارق یوسف صاحب آف سویڈن نے در ثمین سے نہائیت خوش الہانی سے پڑھی۔ آج کی پہلی تقریرمکرم نعمت اللہ بشارت صاحب مربی سلسلہ ڈنمارک کی تھی۔ اس تقریر کا عنوان تھا ‘‘مالی قربانی کی برکات اور اہمیت‘‘۔ آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفا کے دور کے مختلف ایمان افروز واقعات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح جماعت کے افراد نے ہمیشہ مالی قربانی کی اعلیٰ مثالیں پیش کیں۔ اگلی تقریر مکرم ہارون احمد صاحب مربی سلسلہ ناروے نے بعنوان ‘‘جماعت کا باہمی تعلق اور بھائی چارہ‘‘ کی۔ مکرم رانا طاہر محمود صاحب نے کلام طاہر سے نظم ’’وقت کم ہے بہت ہیں کام چلو‘‘ نہائیت خوش الہانی سے پیش کی۔ تیسرے اجلاس کی آخری تقریر مکرم عطا الغالب صاحب، نیشنل صدر جماعت فن لینڈ نے کی جس کا موضوع تھا ’’قدرت سے اپنی ذات کا دیتا ہے حق ثبوت‘‘۔ آپ نے تاریخ اسلام سے واقعات بیان کرتے ہوئے اس موضوع پر سیر حاصل خطاب کیا۔ وقفہ سے قبل نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا میں تعلیمی اسناد تقسیم کی گئیں۔ اختتامی اجلاس نارڈک جلسہ کے اختتامی اجلاس کی صدارت مکرم و محترم عبد الماجد طاہر صاحب، ایڈیشنل وکیل التبشیر و مرکزی نمائندہ صاحب نے کی۔ تلاوت کلام پاک مکرم رانا مبشر احمد صاحب نے کی اور اس کا ترجمہ خاکسار (حمزہ سلطان۔ مربی سلسلہ ناروے) نے پیش کیا۔ نظم از درثمین مکرم سید سمیع الحسن صاحب آف فن لینڈ نے خوش الحانی سے پیش کی۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم مصور احمد شاہکار صاحب مشنری انچارج و نائب امیر ناروے کی تھی۔ جس کا موضوع تھا ’’آنحضور ﷺ خدا تعالیٰ کی صفات کے مظہر‘‘۔ آپ نے اللہ تعالیٰ کی مختلف صفات کا ذکر کرتے ہوئے واقعات کی صورت میں بتایا کہ کس طرح آپﷺ خدائی صفات کے مظہر بنے۔ ازاں بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا ایک عربی قصیدہ مکرم عبدالمنعم ناصر صاحب اور ساتھیوں نے خوش الحانی سے پیش کیا۔ اس کا ترجمہ مکرم محمد اکرم محمود صاحب مربی سلسلہ ڈنمارک نے پیش کیا۔ آخری تقریر مکرم و محترم ایڈیشنل وکیل التبشیر و مرکزی نمائندہ صاحب کی تھی۔ آپ کی تقریر کا موضوع تھا ’’خلافت احمدیہ‘‘۔ اپنے خطاب کے دوران آپ نے خلافت کی برکات اور فضائل بیان کیں نیز حضرت خلیفتہ المسیح ایدہ اللہ تعالی کے قبولیت دعا کے ایمان افروز واقعات کا تذکرہ کیا۔ مکرم ظہور احمد چودھری صاحب، امیر جماعت احمدیہ ناروے نے نمائندہ مرکزیہ نیز تمام امرا و صدران ممالک اور شاملین جلسہ و کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ مکرم مرکزی نمائندہ صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔اور جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔ جلسہ سالانہ نارڈک ۲۰۲۵ء میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۱۴ ممالک کی نمائندگی ہوئی اور کل حاضری دو ہزار تھی۔ الحمد للہ (رپورٹ: میر عبدالسلام و حمزہ سلطان، نمائندگان الفضل انٹرنیشنل ناروے)