۲۸؍جون ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ (اوسلو، ناروے ۲۸؍جون ۲۰۲۵ء، نمائندگان الفضل) اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال نارڈک ممالک (ناروے، سویڈن، فن لینڈ، ڈنمارک اور آئس لینڈ) کا جلسہ سالانہ مورخہ ۲۸ و ۲۹؍جون ۲۰۲۵ء کو مسجد بیت النصر، اوسلو ناروے میں منعقد ہورہا ہے۔ پہلے روز کا آغاز نماز فجر سے ہوا جو صبح سوا تین بجے ادا کی گئی۔ پرچم کشائی کی تقریب صبح ساڑھے دس بجے ہوئی جس میں پانچوں ممالک کے امرا اور صدران نے اپنے اپنے ملک کے جھنڈے لہرائے۔ لوائے احمدیت مرکزی نمائندہ مکرم عبدالماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد، یوکے نے لہرایا اور دعا کروائی۔ اجلاس اول جلسہ سالانہ نارڈک کا پہلا اجلاس مکرم ظہور احمد چودھری صاحب، امیر جماعت احمدیہ ناروے کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن پاک مکرم شازل احمد افضال صاحب آف سویڈن نے کی۔ اردو ترجمہ مکرم مصعب رشید ڈوگر صاحب مربی سلسلہ سویڈن نے پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم بلال خان صاحب آف ناروے نے درثمین سے نظم پڑھی۔ افتتاحی خطاب صدر مجلس صاحب نے کیا جس میں آپ نے نارڈک ممالک، خصوصاً سکینڈے نیویا کے ممالک میں خلفائے احمدیت کے دورہ جات کے دوران کیے جانے والے خطابات میں سے چند اقتباسات بیان کیے نیز حضور انور کا اس جلسہ کے لیے ارسال فرمودہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا جو انگریزی میں ہے۔ اگلی تقریر مکرم رضوان احمد افضل صاحب مربی سلسلہ سویڈن کی تھی جس کا موضوع تھا ‘‘جدید معاشرے کے چیلنجز اور تربیت اولاد‘‘۔ پھر کلام طاہر میں سے ایک نظم مکرم بابر رشید لون صاحب آف فن لینڈ نے پیش کی۔ اس کے بعد مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مشنری انچارج فن لینڈ نے ’’ذکر حبیب‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ اس کے بعد وقفہ ہوا جس دوران مہمانوں کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد اجلاس دوم کا آغاز ہوا۔ اجلاس دوم اجلاس دوم کا آغاز زیر صدارت مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر جماعت احمدیہ ڈنمارک تلاوت کلام پاک سے ہوا جو مکرم بالاج محمود آف ڈنمارک نے کی۔ جبکہ اردو ترجمہ مکرم افتخار احمد صاحب آف ڈنمارک نے پڑھا۔ ازاں بعد مکرم مصور احمد چیمہ صاحب آف ڈنمارک نے در ثمین سے نظم خوش الحانی سے پڑھی۔ مکرم منصور ملک صاحب مربی سلسہ و صدر جماعت آئس لینڈ نے نماز کی اہمیت اور برکات کے موضوع پر تقریر کی۔ اگلی تقریر مکرم آغا یحیٰ خان صاحب مشنری انچارج سویڈن کی تھی۔ آپ نے روحانی اور اخلاقی برائیوں کے تدارک اور عملی حل کے موضوع پر انتہائی تفصیل سے روشنی ڈالی۔ سویڈن کے مکرم چوہدری ظہیر احمد صاحب نے کلام محمود سے نظم خوش الحانی سے پڑھی۔ آج کی آخری تقریر صدر مجلس نے کی۔ آپ نے پر امن ازواجی زندگی کے رہنما اصول انتہائی تفصیل اور مثالیں دے کر بیان کیے۔ مکرم ڈاکٹر صفدر ملک صاحب صدر احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن نے فضل عمر ڈیویلٹمنٹ پراجیکٹ کے بارے میں تفصیل بیان کی۔ آخر میں قرآن پاک ختم کرنے والے بچوں اور بچیوں کی آمین ہوئی نیز نارڈک ممالک کے مقابلہ تلاوت جیتنے والے انصار میں تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی۔ یوں نارڈک جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کے پہلے دن کی کارروائی کا اختتام ہوا۔ الحمد للہ (رپورٹ: میر عبدالسلام و حمزہ سلطان، نمائندگان الفضل انٹرنیشنل ناروے)