اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات اور راہنمائی کی روشنی میں جماعت احمدیہ کینیڈا میں مبلغین کے لیے ایک ریفریشر کورس کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ دینی و علمی معلومات کو تازہ اور بہتر کیا جا سکے۔ الحمدللہ، اسی تسلسل میں ۱۵تا ۲۱؍مئی ۲۰۲۵ء کو سات روزہ ریفریشر کورس برائے مبلغین کامیابی سے منعقد کیا گیا۔ اس سال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم اظہر حنیف صاحب مبلغ انچارج جماعت احمدیہ امریکہ کو مرکز کی طرف سے نمائندہ مقرر فرمایا۔ افتتاحی اجلاس صبح ساڑھے دس بجے مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ بعدازاں مکرم امیر صاحب نے افتتاحی کلمات میں مبلغین کو ریفریشر کورس سے بھرپور استفادہ کرنے کی تلقین کی اور اختتامی دعا کروائی۔ کورس میں تمام فیلڈ کے مبلغین، دفتری مبلغین اور وہ مبلغین بھی شریک ہوئے جو کینیڈا جماعت کی زیر نگرانی بیرون ملک خدمات انجام دے رہے ہیں۔ امسال بھی جماعت امریکہ کے مبلغین نے شرکت کی جبکہ مرکز کی ہدایت پر لاطینی امریکہ اور جنوبی امریکہ میں خدمت بجا لانے والے مبلغین نے آن لائن شرکت کی۔ یوں کم از کم ۲۰؍ممالک سے مبلغین اس کورس میں شامل ہوئے۔ امسال ریفریشر کورس میں درج ذیل مبلغین کو مختلف موضوعات پر جامع لیکچرز و پریزنٹیشنز پیش کرنے کی توفیق ملی: مولانا عبدالسمیع خان صاحب، فرحان قریشی صاحب، طارق محمود صاحب، مروان گل صاحب (ارجنٹائن)، افتخار احمد صاحب (یوکے)، آصف خان صاحب، اعزاز خان صاحب، نجيب اللہ ایاز صاحب اور حافظ عطاءالوہاب صاحب۔ کینیڈا جماعت کی نیشنل مجلس عاملہ کے ۴؍ممبران نے بھی مختلف موضوعات پر لیکچرز دیے۔ USA جماعت سے درج ذیل دو مہمان مقررین نے بھی شرکت کی: مولانا سید شمشاد احمد ناصر صاحب مربی سلسلہ اور ڈاکٹر فہیم یونس قریشی صاحب۔ یوکے (مرکز) سے محترم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ، محترم عامر سفیر صاحب ایڈیٹر ریویو آف ریلیجنز، مولانا ظہیر احمد خان صاحب مربی سلسلہ اور پروفیسر آصف پرویز صاحب نے تقاریر کیں۔ احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن کینیڈا کی جانب سے بھی کئی اہم پریزنٹیشنز ہوئیں جس کی سربراہی ڈاکٹر کوکب اعوان صاحب نے کی۔ آپ نے بھی ایک معلوماتی لیکچر دیا۔ حسب روایت یہ تمام لیکچرز نہایت مفید اور علمی اعتبار سے بھرپور تھے۔ ہر لیکچر کے بعد سوال و جواب کی نشست بھی رکھی گئی تاکہ مبلغین اپنے سوالات کے ذریعے مزید استفادہ کرسکیں۔ انگریزی زبان نہ جاننے والے مبلغین کے لیے رواں ترجمہ کا بھی انتظام کیا گیا۔ اس مرتبہ چند اردو لیکچرز کا بیک وقت انگریزی ترجمہ کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ حاصل کردہ تمام علم کو دیرپا اور بابرکت بنائے اور تمام مقررین و منتظمین کو جزائے خیر عطا فرمائے جنہوں نے اس کورس کے لیے وقت نکالا اور مفید لیکچرزو پریزنٹیشنز تیار کیں۔ آمین (رپورٹ:انصر رضا۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ہنگری میں عید الفطر