تربیتی پروگرام کا انعقاد:اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ چٹاگنگ، بنگلہ دیش کے تحت مورخہ ۹؍مئی ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک ایک خصوصی تربیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد عید الفطر کے بعد ری یونین، نومبائعین کے لیے تربیتی سیمینار، رمضان المبارک میں قرآن کریم کا دَور مکمل کرنے والے انصار اور حضرت مسیح موعودؑ کی کتاب ’الوصیت‘ کے امتحان میں کامیاب ہونے والوں کو انعامات دینا تھا۔ مجلس انصاراللہ کے تحت تربیتی پروگرام پروگرام کا آغاز نماز جمعہ اور عصر کے بعد سہ پہر تین بجے تلاوتِ قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ صدارت مکرم فضل الٰہی صاحب صدر مجلس انصار اللہ بنگلہ دیش نے کی۔ اس موقع پر مکرم ولی الرحمٰن صاحب معلم وقف جدید نے نومبائعین کو چند نصائح کیں۔ نیز مکرم حاجی شہاب الدین شہاب صاحب ریجنل ناظم اعلیٰ چٹاگنگ اور مکرم میر حسن علی نیاز صاحب معاون صدر برائے رشتہ ناطہ نے تقاریر کیں۔ دو نومبائعین سمیت پانچ افراد نے اپنے تاثرات بھی پیش کیے۔ بعد ازاں مکرم صدر صاحب انصار اللہ نے اختتامی تقریر کی۔ اس موقع پر قرآن کریم کا دَور مکمل کرنے والے ۳۲؍نیز ’الوصیت‘ کے امتحان میں کامیاب ہونے والے ۱۱؍انصار کو انعامات سے نوازا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر مکرم محمد خالد الرحمٰن بھوئیاں صاحب امیر جماعت احمدیہ چٹاگنگ نے دعا کروائی۔ اس کے بعد تمام حاضرین نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ بذریعہ ایم ٹی اے براہِ راست دیکھا اور سنا۔ کتاب ‘کشتی نوح’ پر سیمینار نماز مغرب و عشاء کے بعد انصار کے ورزشی مقابلہ جات کا انتظام کیا گیا جن کے انعامات اسی موقع پر دیے گئے۔ بعد ازاں عشائیہ کا انتظام تھا جس میں جماعتی عاملہ، مجلس عاملہ خدام الاحمدیہ اور مجلس عاملہ لجنہ اماء اللہ کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ جماعت چٹاگنگ کے زیر اہتمام ’کشتی نوح‘ پر ایک سیمینار:اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۶؍مئی بروز جمعۃ المبارک جماعت احمدیہ چٹاگنگ کو حضرت مسیح موعودؑ کی تصنیف لطیف ’کشتی نوح‘ پر ایک بابرکت سیمینار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ سیمینار کا آغاز دوپہر تین بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ صدارت مکرم ظہیر احمد شکیل صاحب نائب امیر جماعت چٹاگنگ نے کی۔ اس موقع پر مکرم فضل الٰہی صاحب نے ’کشتی نوح‘ کے پس منظر پر روشنی ڈالی، مکرم مظفر احمد نظامی صاحب نے ’’کشتی نوح اور ہماری تعلیم‘‘ کے موضوع پر نیز ایک نظم کے بعد مکرم محمد عارف الزمان صاحب سیکرٹری تعلیم نے تقاریر کیں۔ پروگرام کے آخر میں حاضرین کے لیے ایک کوئز کا اہتمام کیا گیا اور صحیح جواب دینے والوں کو موقع پر ہی انعامات سے نوازا گیا۔ اختتامی کلمات صدر اجلاس نے کہے اور دعا کے ساتھ یہ سیمینار بخوبی اختتام پذیر ہوا۔ اس پروگرام میں تقریباً ۱۴۰؍احباب جماعت نے شرکت کی۔ الحمدللہ (رپورٹ:نوید الرحمٰن۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جرمنی کی جماعتوں Alzey ،Rhein-HunsrückاورIdar-Obersteinمیں جلسہ ہائے یوم خلافت کا بابرکت انعقاد