اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یوم خلافت کے حوالے سے جرمنی بھر کی جماعتوں میں اجلاسات منعقد ہوئے۔ جن جماعتوں کی طرف سے مختصر رپورٹس موصول ہوئی ہیں ان کو قارئین الفضل انٹرنیشنل کے علم میں لانے کے ليے پیش کیا جا رہا ہے۔ بیت السبوح،فرینکفرٹ:لوکل امارت جماعت احمدیہ جرمنی کے زیر انتظام بیت السبوح میں ۲۵؍مئی بروز اتوار بعد از نماز ظہر جلسہ یوم خلافت منعقد ہوا جس کی صدارت مکرم حیدر علی ظفر صاحب (سابق مبلغ انچارج جرمنی)نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم مبشر احمد بٹ صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’خلافت علیٰ منہاج نبوت‘‘ پر اور ایک ترانہ کے بعد مکرم محمد طلحہ کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’اطاعت خلافت‘‘کے موضوعات پر جرمن زبان میں تقاریر کیں۔ یوم خلافت کے حوالے سے بچوں کے ساتھ کوئز پروگرام مکرم فرہاد احمد صاحب (مبلغ سلسلہ )کی زیر نگرانی ہوا۔ صدر اجلاس نے اپنی صدارتی تقریر میں ’’انتخاب خلافت کے وقت خدا تعالیٰ کس طرح انتخاب کمیٹی کے ممبران کی راہنمائی کرتا ہے‘‘ کے واقعات بیان کیے۔ آپ نے دوران تقریر کہا کہ خلیفہ وقت سے رابطہ بڑھانے کا ایک ذریعہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل بھی ہے جس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات، پیغامات، تقاریر اور مصروفیات کی تفصیل موجود ہوتی ہے۔ آپ نے احباب کو الفضل خرید کر پڑھنے کی تلقین کی۔ آخر پر آپ نے جلسہ سالانہ آئرلینڈ کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے پیغام کا کچھ حصہ پڑھ کر سنایا۔ دعا سے قبل مکرم خواجہ مبشر احمد صاحب لوکل امیر فرینکفرٹ نے ضروری اعلانات کیے۔ سوا چار بجے دعا کے ساتھ جلسہ یوم خلافت کا اختتام ہوا جس کے بعد تمام حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ جماعت ہناؤ:لوکل امارت ہناؤ کا جلسہ یوم خلافت ۲۷؍مئی کو شام چھ بجے مسجد بیت الواحدمیں مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ سلسلہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم حسنات احمد صاحب نائب امیر جرمنی نے جرمن زبان میں ’’خلافت کی اہمیت‘‘ پر تقریر کی۔ ناصرات الاحمدیہ کی طرف سے ایک ترانہ کے بعد صدر اجلاس نے ’’اطاعت خلافت و برکات خلافت‘‘ پر تقریر کی۔ بعد ازاں حاضرین کے ساتھ سوال جواب کا اجلاس ہوا۔ احباب کی طرف سے پوچھے جانے والے سوالات کے جواب صدر اجلاس صاحب نے دیے۔ آخر پر اجتماعی دعا ہوئی جس کے بعد تمام حاضرین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ جلسہ میں ۲۲۵؍احباب اور ۲۴۲؍خواتین شامل ہوئیں۔ جماعت ویزبادن:لوکل امارت ویزبادن کا جلسہ یوم خلافت ۲۵؍مئی بروز اتوار مسجد مبارک میں منعقد ہوا جس میں ۵۳۰؍افراد شامل ہوئے۔ جلسہ کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم فرہاد عبدالغفار صاحب مبلغ سلسلہ اور مکرم شیخ رافع محمود صاحب لوکل امیر نے ’’خلافت کی اہمیت‘‘ اور ’’برکات خلافت‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ دعا کے ساتھ یہ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا جس کا کُل دورانیہ دو گھنٹے تھا۔ جماعت کوبلنز:جماعت کوبلنز کا جلسہ یوم خلافت ۲۷؍مئی کو مسجد طاہر میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد صدر جماعت مکرم ابرار احمد صاحب نے یوم خلافت کی اہمیت بیان کی۔ نظم کے بعد مکرم ریاض محمود باجوہ صاحب نے ’’خلافت علیٰ منہاج النبوت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ ایک پنجابی نظم کے بعد مکرم انصر احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے جرمن اور اردو زبان میں ’’خلافت سے محبت، اصلاح نفس کا ذریعہ‘‘ کے موضوع پر جامع تقریر کی۔ مقامی خدام نے ایک ویڈیو پروگرام تیار کر کے دکھایا۔ اختتامی دعا کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ جلسہ میں مرد حضرات کی حاضری ۱۶۵؍رہی جبکہ خواتین بھی زنانہ حصہ میں ایک بڑی تعداد میں موجود تھیں۔ جماعت نیدر ہاؤزن: نیدر ہاؤزن ایک چھوٹی جماعت ہے۔ اس کے باوجود ۹۷؍احباب جماعت خدا تعالیٰ کے فضل سے ۲۵؍مئی کے روز جلسہ یوم خلافت میں شامل ہوئے۔ جلسہ کا آغاز دوپہر بارہ بجے تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ مکرم خلیق احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے اردو و جرمن زبان میں ’’خلافت کی برکات‘‘کے حوالےسے تقریر کی۔ اس کے بعد مرکز کی جانب سے موصولہ پریزنٹیشن جو مختلف سوالات اور ان کے جواب پر مشتمل تھی پراجیکٹر کے ذریعہ حاضرین کو دکھائی گئی۔ اختتامی دعا کے بعد نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں اور تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ (رپورٹ:عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ سویڈن کی بیالیسویں نیشنل مجلس شوریٰ ۲۰۲۵ء