خدا تعالی کے فضل سے مورخہ ۲۷جون ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک مدرسۃ الحفظ کے ایک اور طالبعلم عزیزم فضل عمر ثاقب نے تکمیل حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کی۔ الحمدللہ۔ عزیزم نےیکم اکتوبر ۲۰۲۳ء کو قرآن کریم حفظ کرنا شروع کیا اورایک سال، ۸ ماہ اور ۲۷دن میں قرآن کریم کا حفظ مکمل کیا۔عزیزم پہلے پاکستانی ہیں جو دوران تعلیم افریقن بچوں کے ساتھ مستقل ہوسٹل میں رہے۔ امسال مدرستہ الحفظ کے سالانہ امتحان میں اول آئے اور best student of the yearکا اعزاز اپنے نام کیا۔ یہ بچہ مکرم مبشر احمد اختر مرحوم آف عقب فضل عمر ہسپتال ربوہ کا پوتا، مکرم محمد سلطان خان صاحب سابق کارکن صدر انجمن احمدیہ ربوہ حال لندن کا نواسہ اور محترم انور اقبال ثاقب صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ انٹر نیشنل گھاناکا بیٹا ہے۔ عزیزم وقف نو کی بابرکت تحریک میں بھی شامل ہے۔عزیزم کو مدرسۃ الحفظ بھجوانے سے قبل یسرنالقرآن اور صحت تلفظ کے ساتھ قرآن کریم ناظرہ پڑھانے کی سعادت ان کی والدہ محترمہ مبارکہ ثاقب صاحبہ کو ملی۔ مدرسۃ الحفظ کے آغاز یکم مارچ ۲۰۰۵ءسے اب تک اس ادارے سے ۹۶طلباء قرآنِ کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں جن کا تعلق گھانا، برکینا فاسو،آئیوری کوسٹ، یوگنڈا، لائیبیریا، ٹوگو، بینن، گیمبیا اور پاکستان سے ہے۔ اس وقت مدرسۃ الحفظ میں زیرِ تعلیم طلباء کی تعداد۲۷ہے۔ان طلباء کا تعلق گھانا، پاکستان اورگنی بساؤ سے ہے۔ (رپورٹ: حافظ مبشر احمد جاوید(مربی سلسلہ)۔ انچارج مدرسۃ الحفظ گھانا)