اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن کو اپنی ۴۲ویں نیشنل مجلس شوریٰ مورخہ ۱۰ و۱۱؍مئی ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوارمسجد ناصر، گاتھن برگ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ ملک کے طول وعرض سے تمام نمائندگان شوریٰ مورخہ ۹؍مئی کی شام تک مسجد ناصر پہنچ گئے۔ امسال چونکہ جماعتی انتخابات کا بھی انعقاد ہونا تھا اس ليے پروگرام کے پہلے حصہ میں جماعتی انتخابات کو رکھا گیا۔ مورخہ ۱۰؍مئی کی صبح نو بجے مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے بطور نمائندہ مرکز انتخابات کروائے۔ دوپہر گیارہ بجے شوریٰ کے پہلے باقاعدہ اجلاس کا انعقاد مکرم وسیم احمدظفر صاحب امیر جماعت سویڈن کی صدارت میں ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور ترجمہ کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ امسال شوریٰ سے قبل مکرم منظور احمد مبشر صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری جماعت سویڈن نے بہت تفصیل سے شوریٰ کے بارے میں قواعد و ضوابط اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات تمام نمائندگان کو بھجوا دی تھیں۔ مکرم ظہیر احمد چودھری صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت نے گذشتہ سال کی تربیت سے متعلق شوریٰ تجاویز کی عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد مکرم امیر صاحب کی ہدایت پر نیشنل جنرل سیکرٹری صاحب نے مختلف ردّ شدہ تجاویز کے بارے میں ممبران شوریٰ کو مطلع کیا اور ساتھ ہی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے موصولہ ہدایت کے بارے میں بتایا کہ شعبہ تربیت کے تحت اس پر غور کیا جائے۔ مکرم امیر صاحب نے دو سب کمیٹیاں تشکیل دیں: شعبہ تربیت کے تحت حضور انور ایدہ اللہ کی ہدایت کی روشنی میں درج ذیل تجویز پر غور کرنے کےليے کمیٹی بنائی گئی: ’’آپ کو پچھلے تین سالوں کی تجاویز کی سفارشات کو پڑھنا چاہيے اور اندازہ لگانا چاہيے کہ ان پر کس حد تک عمل کیا گیا ہے۔ جہاں خامیاں باقی رہیں، اس کی نشاندہی کریں کہ ان کو کیسے دُور کیا جاسکتا ہے اور مستقبل کے لیے لائحہ عمل تیار کریں۔‘‘ جبکہ دوسری کمیٹی شعبہ مال کےليے سالانہ بجٹ کے جائزے کے لیے تشکیل دی گئی۔ نماز ظہر و عصر اور دوپہر کے کھانے کے بعد سب کمیٹیوں کے اجلاس شروع ہوئے جو نماز مغرب تک جاری رہے۔ مورخہ ۱۱؍مئی کی صبح نو بجے مجلس شوریٰ کا دوسرے دن کا اجلاس شروع ہوا جس میں پہلے شعبہ تربیت کی سب کمیٹی نے اپنے اجلاس میں فائنل ہونے والی سفارشات پیش کیں جن پر ممبران شوریٰ نے اپنی رائے کا اظہار کیا اور شوریٰ نے ان سفارشات کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت اقدس میں بغرض منظوری بھجوانے کےليے اتفاق کیا۔ اس کے بعد مال کی سب کمیٹی نے بجٹ پیش کیا۔ اس دوران بھی ممبران شوریٰ اپنے رائے کا اظہار کرتے رہے اور بالآخر یہ بجٹ بھی منظوری کےليے فائنل ہو گیا۔ شوریٰ کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے تمام کارکنان اور نمائندگان شوریٰ کا شکریہ ادا کیا اور اختتامی دعا کروائی۔ اللہ تعالیٰ ممبران شوریٰ کو سارا سال اپنی ذمہ داریوں کو کما حقہ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ہنگری میں عید الفطر