نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں درخواستہائے دعا ٭… ملک محمود احمد صاحب (واقفِ زندگی) دفتر الفضل انٹرنیشنل لندن تحریر کرتے ہیں کہ الطاف حسین قاسم صاحب فارماسسٹ مقیم امریکہ کئی ماہ سے بعارضہ فالج شدید بیمار ہیںجس کی وجہ سے بول بھی نہیں سکتے۔ کمزوری مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ اب خوراک کی نالی لگائی گئی ہے۔ ٭… خولہ تمکین صاحبہ تحریر کرتی ہیں کہ خاکسار کے والد عبدالقیوم بلوچ صاحب گذشتہ کچھ ماہ سے بیمار ہیں۔ مُہرے ہلے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے والد صاحب خود چل پھر نہیں سکتے اور گردوں کا بھی مسئلہ ہے۔ ایک گردہ بالکل کام نہیں کررہا۔ طبیعت بہت خراب ہے۔ کھانے میں بھی شدید دقت ہے۔ بہت سے ڈاکٹروں سے علاج کروایا ہے۔ ۲۱؍جون کو ان کے گردے کا آپریشن ہوا ہے۔ ٭… رانا سلطان احمد خاں صاحب اعلان کرواتے ہیں کہ رانا کریم احمد صاحب ابن رانا محمد نواز صاحب کے دل میں تیسری بار سٹنٹ ڈالے گئے ہیں۔ اب پہلے سے کافی بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ ٭… مقبول احمد صاحب ولد محمود احمد صاحب اعلان کرواتے ہیں کہ وسیم احمد وسیم صاحب ابن عصمت اللہ صاحب تقریباً ساڑھے پانچ سال پہلے قتل کے ایک مقدمہ میں ملوث کردیے گئے تھے۔ یہ کیس فیصل آباد میں چلتا رہا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں بذریعہ فیکس/خطوط موصوف کی بریّت کے لیے دعا کے لیے عرض کرتے رہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے تسلّی بھی ملتی رہی۔ امسال عید الفطر سے قبل حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا ایک خط ملا جس میں حضور انور کے الفاظ کا مفہوم تھا کہ ان شاءاللہ تعالیٰ اللہ تعالیٰ جلد اِن کی بریّت کے سامان پیدا کرے گا اور جلد رہائی نصیب ہوگی۔ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی دعاؤں کے بدولت موصوف عید الفطر سے قبل باعزت بری ہو کر گھر آگئے۔ اللہ تعالیٰ موصوف کو آئندہ ہر قسم کی پریشانیوں سے محفوظ رکھے۔ آمین مخالف فریق نے بری ہونے والے افراد کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔ جو قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کی سطح پر ہے۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل وکرم سے جملہ مریضان کو شفائے کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے اور ہر قسم کی پیچیدگی اور پریشانی سے بچائے رکھے اور صحت و سلامتی والی فعال زندگی عطا فرمائے۔نیز ہر احمدی کو اپنی خاص حفاظت میں رکھے۔ آمین سانحہ ارتحال عبدالمغنی زاہد صاحب ریٹائرڈ مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے ماموں زاد بھائی عبدالشکور جاوید صاحب سابق سیکرٹری مال محلہ دارالرحمت شرقی ربوہ ۱۲؍جون ۲۰۲۵ء کو بعمر۸۳؍سال وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون آپ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ مورخہ ۱۵؍جون کو ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور بہشتی مقبرہ دارالفضل میں تدفین عمل میں آئی۔ آپ مکرم چودھری عبدالجلیل صاحب کے بیٹے اور حضرت چودھری عبدالحئی خان صاحبؓ پوسٹ ماسٹر صحابی حضرت مسیح موعودؑ آف کاٹھ گڑھ ضلع ہوشیار پور کے پوتے تھے۔ مرحوم کے بیٹے مکرم ذیشان احمد صاحب مبلغ سلسلہ ہیں۔ مرحوم کو محلہ دارالرحمت شرقی میں بچپن سے لے کر وفات سے چند سال پہلے تک مختلف حیثیتوں سے جماعت کی بھرپور خدمت کا موقع ملا۔ ۲۸؍سال تک سیکرٹری مال رہے اور گھر کے ایک حصہ میں قائم ان کی کریانہ کی دکان ہمیشہ جماعتی اور سماجی سرگرمیوں کا محور اور مرکز بنی رہی۔ بہت دعاگو، عبادت گزار، صابرو شاکر، خوش مزاج اور نافع الناس وجود تھے۔ پسماندگان میں بیٹا، بیٹی اور دو بہنیں شامل ہیں۔ احباب جماعت کی خدمت میں مرحوم بھائی کی مغفرت، بلندی درجات اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا ہونے کے لیے دعا کی درخواست ہے۔ اعلانات ولادت ٭… عبد السمیع خان صاحب استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے خاکسار کے بیٹے عطاءالرؤف سلمان اور بہو نائلہ مبارک (اوسلو، ناروے) کو ۳۰؍مئی ۲۰۲۵ء کو بیٹی سے نوازا ہے جس کا نام علینہ سلمان رکھا گیا ہے۔ نومولود حضرت فتح دین صاحبؓ صحابی حضرت مسیح موعودؑکی نسل سے اور عبد الرشید خان صاحب خوشاب (مرحوم سابق صدرمحلہ دار العلوم وسطی ربوہ )کی پڑپوتی اور مکرم شیخ مبارک احمد صاحب مرحوم ناظر دیوان کی نواسی ہے۔ ٭… محسن نعیم صاحب بحرین سے تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل و کرم سے خاکسار اور اہلیہ فائقہ بشریٰ صاحبہ کو مورخہ۲؍جون ۲۰۲۵ء بروز سوموار بیٹی سے نوازا ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت بچی کا نام زینب نعیم عطا فرمایا ہے اور وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں قبول فرمایا ہے۔نومولود نعیم احمد صاحب آف بحرین کی پوتی ہے۔ احبابِ جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ نومولود بچوں کو نیک، صالح، عبادت گزار، نافع الناس وجود بنائے نیز صحت مند لمبی عمر عطا فرمائے۔ آمین