اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ارجنٹائن کو امسال ایک بار پھر ۲۶؍اپریل سے لے کر ۱۲؍مئی کے عرصہ میں دارالحکومتBuenos Aires میں منعقدہ انٹرنیشنل بُک فیئر میں شرکت کی توفیق ملی۔ اس بُک فیئرکا شمار دنیا کی اہم ترین بُک فیئرز میں ہوتا ہے جس میں ہر سال دس لاکھ سے زائد افراد شرکت کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں یہ تین ہفتہ کی بک فیئر ارجنٹائن کی سب سے معروف اور سب سے اہم سالانہ ثقافتی تقریب خیال کی جاتی ہے۔ قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں تراجم کے علاوہ سپینش زبان میں مختلف اسلامی لٹریچر سٹال کی زینت بنا۔ دورانِ بک فیئر اللہ تعالیٰ کے فضل سے کئی ہزار افراد تک اسلام احمدیت اور حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کا پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ نیز حاضرین کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا عالمی امن کے سفیر کے طور پر تعارف کروایا گیا۔ کئی زائرین نے جماعت سے مستقل رابطہ میں رہنے اور اسلام احمدیت کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ گذشتہ سال میں اسی بک فیئر کے ذریعہ ہمارے کئی مقامی نومبائعین کا ابتدائی تعارف جماعت سے ہوا تھا۔ نیز صحافیوں، سیاستدانوں اور دیگر تبلیغی روابط بھی اسی بک فیئر کے دوران قائم ہوئے۔ دوسری طرف اس تقریب کا یہ بھی فائدہ ہے کہ احباب جماعت کی ٹریننگ کا یہ عمدہ موقع ہے جس میں انہیں براہِ راست داعیان الیٰ اللہ کی حیثیت سے تبلیغ کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اس دوران ہمیں دو پروگرامز بھی منعقد کرنے کا موقع ملا۔ ایک بین المذاہب تقریب اور حالات حاضرہ کے حوالے سے اسلام کی پُرامن تعلیمات پر لیکچرہوا۔ امسال مکرم عطاء المنان صاحب مبلغ سلسلہ Boliviaاور لوکل Bolivian معلم مکرم Antonio Sucedo صاحب بھی ہماری معاونت کے لیے ارجنٹائن تشریف لائے۔ اللہ تعالیٰ ہماری اجتماعی خدمات اور تبلیغی کاوشوں کو قبول فرمائے اور اس مہم کے نیک اور دیرپا نتائج ظاہر فرمائے۔ نیز سعید فطرت روحوں کو اسلام احمدیت قبول کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:مروان سرور گل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: دنیائے احمدیت میں عید الاضحی کے اجتماعات اور قربانی کے اہم فریضہ کی ادائیگی کی ایک جھلک