https://youtu.be/gZ-u-vM021o محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ بینن کو مورخہ ۲۸؍مئی ۲۰۲۵ء کو ایک تقریب میں مدعو کیا گیا جس میں بینن ملک کی حفاظت کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کی بیوگان و یتامیٰ کے خاندانوں میں جماعت کی طرف سے امداد کے طور پر راشن تقسیم کیا گیا۔ اس تقریب میں جماعت احمدیہ کی طرف سے ایک وفد نے شرکت کی جس میں مکرم محمد لقمان بصیریو صاحب امیر جماعت احمدیہ بینن، مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب مبلغ انچارج بینن اور مکرم الرؤوف مالکی صاحب نائب امیر جماعت بینن شامل تھے۔ اس تقریب میں وزارت قومی دفاع کے وفد کی قیادت چیف آف سٹاف جنرل عبدالباقی سنی باشابی (General Abdoul Baki Sanni Bachabi, Chief of Staff) نے کی۔ وزارت کی کابینہ کے بعض اراکین، بشمول ان کے نائب اور سماجی امور کے تکنیکی مشیر(Technical Advisor for Social Affairs)بھی اس تقریب میں شامل ہوئے۔ تقریب وزارت دفاع کے احاطے میں ہوئی۔ پروگرام کے آغاز میں جناب چیف آف سٹاف نے تقریب میں شامل ہونے والی بیوگان کو خوش آمدید کہنے کے بعد بتایا کہ جماعت احمدیہ نے ہمارے فوجی بھائیوں کی بیوگان کے ليے بطور امداد راشن و اشیاء خور و نوش پیش کی ہیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ جماعت احمدیہ ملک بھر میں غریب و نادار لوگوں کا سہارابنتی آئی ہے اور بیواؤں اور یتیموں کی دیکھ بھال اور امداد کے ليے اقدام کرنا جماعت احمدیہ کا ہمیشہ سے وطیرہ رہا ہے اور ہم اس کے گواہ ہیں۔ انہوں نے مکرم امیر صاحب بینن کو اظہار خیال کے ليے مدعو کیا۔ امیر صاحب نے کہا کہ یہ عطیہ جماعت احمدیہ کی طرف سے ہماری ان ماؤں اور بہنوں کے ليے ہے جن کے خاوندوں نے ملک کی حفاظت میں بہادری اور شجاعت کا اعلیٰ نمونہ بنتے ہوئے جان دے دی۔ اس تقریب میں ۲۰؍ فوجیوں کی بیوگان وفیملیز نے شمولیت اختیار کی۔ ہر خاندان میں چاول،مکئی، سپیگٹی،آئل اوردودھ پر مشتمل راشن تقسیم کیا گیا۔ (رپورٹ:مرزا فرحان بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: لائبیریا کی کاؤنٹی Marylandمیں ایک نئے مرکزی مشن ہاؤس کا قیام