https://youtu.be/RgVNwuDPU-s اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ کینیڈا کا ششماہی ریفریشر کورس برائے صدرات مسجد بیت الاسلام، پیس ولیج میں مورخہ ۲۶؍اپریل ۲۰۲۵ء کومنعقد ہوا۔ پروگرام کا آغاز صبح دس بجے تلاوتِ قرآن کریم اور عہد سے ہوا۔ اس پروگرام میں ۱۷۵؍ریجنل و لوکل صدرات، جنرل سیکرٹریز اور نیشنل مجلس عاملہ کی ممبرات نے شرکت کی۔ گریٹر ٹورانٹو ایریا سے ۱۲۵؍عہدیداران شامل ہوئیں جبکہ باقی ملک سے ۵۰؍عہدیداران نے آن لائن شرکت کی۔ ریفریشر کورس کے دوران حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا عہدیداران کی راہنمائی سے متعلق خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ ۱۵؍جولائی ۲۰۱۶ء کے ویڈیو کلپس دکھائے گئے۔ جن میں آپ نے تقویٰ اور سچائی کے ساتھ اپنے فرائض کی ادائیگی کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ناصرات کے پروگرامز کو دلچسپ اور معلوماتی بنانے سے متعلق نصائح بھی پیش کی گئیں۔ ریفریشر کورس کی نمایاں باتوں میں خلافت کی اطاعت کی اہمیت، عمومی مسائل پر ہدایات، مختلف شعبہ جات میں مجالس کی کارکردگی، لوکل عاملہ کی ذمہ داریوں کی بہتر ادائیگی کے لیے مفید نکات اور مجالس کے تجربات کا تبادلہ شامل تھا۔ الحمدللہ، اس پروگرام میں تمام ممبرات نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا واقفات نو یوکے کے اجتماع ۲۰۲۵ء سے اختتامی خطاب براہِ راست بھی سنا۔ نمازِ ظہر کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ آرٹیسن (Artisan) نمائش اسی طرح لجنہ اماء اللہ کینیڈا نے پیس ولیج میں اپنی پہلی ’آرٹیسن (Artisan)نمائش‘ مورخہ ۳؍مئی ۲۰۲۵ء کو منعقد کرنے کی توفیق پائی۔ یہ نمائش شعبہ صنعت و دستکاری کے تحت منعقد ہوئی جس میں ممبرات لجنہ اماءاللہ کی مہارتوں، تخلیقی صلاحیتوں اور چھوٹے پیمانے پر کاروباری کاوشوں کو اجاگر کرنے کے لیے ۲۵؍سٹالز لگائے گئے۔ ان سٹالز میں گھریلو پکوان، آرٹ ورک، کروشیٹ آئٹمز(کروشیہ کے ذریعہ بنائی گئی اشیاء)، دستکاری اور زیورات کے سٹالز شامل تھے۔ ان سٹالز میں تمام اشیاء لجنہ ممبرات نے خود تیار کی تھیں۔ نمائش کا ایک اہم مقصد لجنہ ممبرات کو اپنے ہنر دکھانے اور دیگر خواتین کو ہنر سیکھنے کی ترغیب دینا تھا۔ اس موقع پر سوشل میڈیا کے ذریعہ لجنہ کی کاروباری ممبرات کو اپنے کاروبار کے فروغ میں مدد کی پیشکش بھی کی گئی۔ نمائش کی تشہیر کے لیے آن لائن ذرائع استعمال کیے گئے اور ممبرات کو شرکت کی بھرپور ترغیب دی گئی۔ الحمدللہ، تمام شامل ممبرات اور سٹالز لگانے والی خواتین نے اس پروگرام کو بےحد سراہا اور اظہارِ تشکر کیا کہ اس کے ذریعہ ہنر سیکھنے اور سکھانے کے مواقع میسر آئے۔ اللہ تعالیٰ تمام لجنہ ممبرات کو خلافت کی راہنمائی میں اسلام احمدیت کی بہترین خدمت کرنے کی توفیق دے۔ آمین (رپورٹ: امۃ السلام ۔ نیشنل معاونہ صدر وصایا کینیڈا) مزید پڑھیں: جارج ٹاؤن، گیانا میں مفت طبی کیمپ کا کامیاب انعقاد