اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ آسٹریا کو اپنا تیرھواں سالانہ اجتماع ’’ہستی باری تعالیٰ‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۰و۱۱؍مئی ۲۰۲۵ء کو مسجد بیت الطاہر، ویانا میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک مورخہ ۱۰؍مئی کو صبح سوا دس بجے تقریب پرچم کشائی سے اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اس کے بعد افتتاحی اجلاس منعقد ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم، نظم اور عہد کے بعد مکرم محمد اشرف ضیاء صاحب مبلغ انچارج و نیشنل صدر جماعت احمدیہ آسٹریا نے خدام کو چند قیمتی نصائح کیں۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ خدام و اطفال کی علمی استعداد بڑھانے کے لیے اس اجتماع کے دوران ۱۶؍علمی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا جن میں مقابلہ حسنِ قراءت، اذان، حفظ قرآن، حفظ ادعیہ، حفظ حدیث، نظم، اردوو جرمن تقریر، تقریر فی البدیہہ، مشاہدہ و معائنہ، پیغام رسانی، دینی معلومات، بیت بازی، مطالعہ کتب اور ترجمۃ القرآن شامل تھے۔ بعض مقابلہ جات آن لائن Kahoot پلیٹ فارم پر بھی منعقد کیے گئے۔ اس طرح خدام و اطفال کی جسمانی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ۱۰؍ورزشی مقابلہ جات بھی رکھے گئے تھےجن میں دوڑ، کلائی پکڑنا، سلو سائیکلنگ، والی بال، فٹ بال، گولہ پھینکنا، لمبی چھلانگ، ریلے ریس اور رسہ کشی شامل تھے۔ ان مقابلہ جات کے لیے خصوصی میدان کرایہ پر حاصل کیے گئے۔ تمام علمی مقابلے مسجد بیت الطاہر میں اور ورزشی مقابلے بیرونی میدانوں میں منعقد ہوئے جن میں خدام و اطفال نے بھرپور جوش و جذبے سے شرکت کی۔ اس موقع پر مکرم نبیل احمد باسط صاحب مبلغ سلسلہ و صدر مجلس خدام الاحمدیہ اور مکرم مبلغ انچارج صاحب نے شرکت کر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اجتماع کے دوران ’حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ نشست‘ کے موضوع پر تلقین عمل کا ایک پروگرام رکھا گیا جس میں مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے ماہ ستمبر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ متوقع بابرکت نشست کا تعارف کرایا اور اس کی بابت عمومی ہدایات دیں اور مکرم مبلغ انچارج صاحب نے ’’خلافت کے مقام ، اس کی اہمیت اور برکات ‘‘ کی بابت قیمتی نصائح کیں اور حاضرین کے سوالوں کے جواب بھی دیے۔ شعبہ صنعت و تجارت کے تحت خدام کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ خدام الاحمدیہ آسٹریا کے لوگو والی ٹی شرٹس بھی برائے فروخت رکھی گئیں۔ مورخہ ۱۱؍مئی کو اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی مکرم نیشنل صدر صاحب جماعت احمدیہ آسٹریا تھے۔ تلاوت قرآن کریم، نظم اور عہد کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے اللہ تعالیٰ سے تعلق کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے خدام و اطفال میں انعامات تقسیم کیے اور دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس اجتماع میں تمام علمی، تربیتی اور ورزشی پروگرامز میں خدام و اطفال نے بھرپور ذوق و شوق سے شرکت کی۔الحمدللہ علیٰ ذالک۔کُل حاضری ۸۵؍ تھی۔ (رپورٹ: مبارک احمد فرخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: دنیائے احمدیت میں عید الاضحی کے اجتماعات اور قربانی کے اہم فریضہ کی ادائیگی کی ایک جھلک