۱۳؍جون جمعۃ المبارک کے دن نماز فجر کے وقت ہلکی ہوا چل رہی تھی۔ مطلع صاف ہونے کی وجہ سے دن بھر سورج اپنی پوری شدت سے آگ برساتا رہا۔ دوپہر کے وقت لُو بھی چل رہی تھی۔ مغرب کی نماز کے وقت ہلکی آندھی آگئی، جس میں مٹی خوب اُڑتی رہی۔ ہفتہ کو صبح کے وقت گذشتہ دن کی آنے والی آندھی کے اثرات موجود تھے۔ ہوا درمیانی رفتار سے چلتی رہی، جس کی وجہ سے درجہ حرارت پچھلےروز کی نسبت ایک درجہ سینٹی گریڈ کم تھا۔ اتوار کو صبح فجر کے وقت آسمان پر ہلکے بادلوں کی تہ موجود تھی اور ہوا بالکل بند تھی، بلکہ ماحول میں حبس کی کیفیت موجود تھی، تا ہم صبح دس بجے سے ہی تیز ہوا چلنا شروع ہوگئی اور رفتہ رفتہ اس میں تیزی آتی چلی گئی۔ دوپہر کے وقت اس ہوا نے آندھی کا رُوپ دھار لیا۔ تیز ہوا کا سلسلہ تمام دن جاری رہا، جس کی وجہ سے موسم معتدل ہوگیا۔ سوموار کو نماز فجر کے وقت ہلکی ٹھنڈی ہوا رواں دواں تھی اور آسمان پر گھنے بادل موجود تھے، دوپہر کے وقت بادل تو موجود رہےلیکن ہوا بالکل بند ہوگئی۔ منگل کا دن بھی گرم اور خشک تھا، دن بھر سورج گرمی برساتا رہا اور لُو چلتی رہی۔ بدھ کا دن بھی خوب گرم تھا، تاہم شام کے وقت ہلکی ہوا نے موسم کچھ اچھا کردیا۔ جمعرات کو بھی سورج جم کے چمک رہا تھا۔ قبل از دوپہر ہوا ہلکی تھی اور بعد از دوپہر اس میں کچھ تیزی آگئی لیکن گرمی اپنی جگہ موجود تھی۔ آج کل کے دن ربوہ سمیت پاکستان کے گرم ترین دن ہیں جن میں گرمی اپنے زوروں پر ہے۔ پچھلے ہفتہ کے موسم کے حال میں جو احتیاطی تدابیر بتائی گئی تھیں ان پر عملدر آمد جاری رکھیں۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۴۶؍ اور کم سے کم ۳۲؍ درجہ سینٹی گریڈ نوٹ کیا گیا۔ جون کے آخری ہفتہ میں موسم کے درجہ حرارت میں کمی کی اطلاع ہے۔ (ابو سدید) مزید پڑھیں: ربوہ کا موسم(۶تا۱۲؍جون۲۰۲۵ء)