https://youtu.be/FzEMAcQZws8 محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو اپنی سالانہ نیشنل مجلس شوریٰ مورخہ ۱۷و۱۸؍مئی ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ مورخہ ۱۷؍مئی کو صبح نو بجے شوریٰ کے پہلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مبلغ انچارج آئیوری کوسٹ کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد مکرم سلا محمدی صاحب نائب امیر آئیوری کوسٹ کے ساتھ شاملین نے جماعتی عہدیداران کے ليے موصولہ عہد دہرایا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر میں نظام شوریٰ کی اہمیت اور اس ضمن میں خلفائے کرام کے ارشادات پیش کیے اور دعا کروائی۔ مکرم کیےما عمر صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری نے شوریٰ ۲۰۲۴ء کی تین تجاویز پر مشتمل سالانہ رپورٹ پیش کی۔ سالانہ رپورٹ کے بعد صبح۱۰؍بجے مکرم وترا یحییٰ صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے گذشتہ تین سالوں کی رپورٹ اور سالانہ بجٹ کی رپورٹ پیش کی نیزسال ۲۰۲۵ء - ۲۰۲۶ء کے ليے مجوزہ بجٹ بھی شرکا کے سامنے رکھا۔ امسال شوریٰ کے ليے ہال میں ایک بڑی سکرین لگوائی گئی تھی چنانچہ تمام رپورٹس و بجٹ ساتھ ساتھ شاملین کو سکرین پر دکھایا بھی جاتا رہا۔ اسی طرح گذشتہ سال کے دوران آئیوری کوسٹ میں کی گئی جماعتی تعمیرات کی ایک رپورٹ مع تصاویر بھی شاملین کو دکھائی گئی۔ بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری کے بعد اس سال کے ليے منتخب شدہ دو تجاویز پیش کی گئیں اور ان تجاویز کے ليے سب کمیٹیاں بنائی گئیں۔ امسال کے ليے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہ شفقت درج ذیل دو تجاویز کی منظوری عنایت فرمائی :(۱)افراد جماعت آئیوری کوسٹ کو نظام جماعت سے جوڑنے کے ليے کیسے ترغیب دلائی جائے۔ (۲)جماعت کے مالی نظام کے متعلق احباب کرام کو کیسے سمجھایا جائے۔ چنانچہ ان دو تجاویز کی سب کمیٹیوں کے قیام کے ساتھ ہی شوریٰ کے پہلے اجلاس کا اختتام ہوا جس کے فوراً بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور شاملین کی تواضع طعام سے کی گئی۔ مختصر وقفہ کے بعد سہ پہر تین بجے شوریٰ کے دوسرے اجلاس کا آغاز امیر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے دعا کے ساتھ نیشنل عاملہ کے انتخابات کی کارروائی کا آغاز کیا۔ ہر جماعتی شعبہ کے متعلق جماعتی قواعد پہلے فرانسیسی زبان میں پڑھے گئے اور سکرین پر دکھائے جاتے رہے۔ اس کے بعد اس شعبہ کے ليے انتخاب کا سلسلہ شروع ہوتا۔ یہ سلسلہ شام چھ بجے تک جاری رہا۔ شوریٰ کے دوسرے اجلاس کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد دونوں سب کمیٹیوں کی میٹنگز کا انعقاد کیا گیا۔ پہلی تجویز کی کمیٹی کی میٹنگ زیر صدارت مکرم تیرو الحسن صاحب ہوئی۔ جبکہ دوسری کمیٹی کی میٹنگ زیرصدارت مکرم کونے داؤد صاحب ہوئی۔ ان میٹنگز میں دونوں تجاویز پر عمل درآمد کے ليے ذیلی تجاویز پیش کی گئیں۔ دعا کے ساتھ ان میٹنگز کا اختتام ہوا۔ دوسرے دن نماز فجر و درس اور ناشتہ کے بعد صبح ساڑھے آٹھ بجے شوریٰ کے تیسرے اور آخری اجلاس کی کارروائی مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوئی۔ بعد ازاں گذشتہ روز کی دونوں ذیلی کمیٹیوں کے صدران نے مع سیکرٹری کمیٹی باری باری آکر تجاویز اور اس ضمن میں منتخب کیے گئے نکات پیش کیے جس کے بعد ان نکات پر سیر حاصل بحث کی گئی اور شوریٰ کے تمام شاملین نے ان نکات کے سلسلہ میں اپنی اپنی آرا دیں۔ ان تجاویز پر کارروائی کا یہ سلسلہ دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک جاری رہا۔ مکرم امیر صاحب نے شوریٰ کی اختتامی تقریر میں شاملین شوریٰ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری کے بعد تجاویز پر کس طرح عمل کروایا جائے؟ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے نیشنل عاملہ اور جماعتوں کی جانب سے منتخب کردہ ممبران شوریٰ سمیت ۱۲۵؍کے قریب افراد نے شرکت کی جس میں تینوں ذیلی تنظیموں کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔ الحمدللہ مزید پڑھیں:پروگرام بسلسلہ یوم خلافت بواکے ریجن، آئیوری کوسٹ