اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۶ اور ۷؍جون ۲۰۲۵ء کو دنیا بھر میں ہزاروں فرزندان توحید نے دینی جوش و جذبے سے عید الاضحی منائی اور اللہ تعالیٰ کے حضور سنت ابراہیمی پر عمل پیرا رہنے کا عہد دہرایا۔ عید الاضحی کے موقع پر جماعت احمدیہ کو خدمت انسانیت کی توفیق ملی۔ مختلف ممالک میں عید الاضحی کی نماز کے بعدسنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے مختلف جگہوں پر خدائے بزرگ و برتر کے حضور جانوروں کی قربانی پیش کی گئی اور چھوٹے، بڑے جانور ذبح کیے گئے۔ ترقی یافتہ ممالک میں جہاں جانور قربان کرنے کی اجازت نہیں احمدی احباب نے غریب ممالک میں اپنی قربانیاں بھجوائیں۔ قربانی کے ان جانوروں میں ذاتی قربانیاں بھی شامل تھیں جبکہ بہت سی جگہوں پر جماعتی طور پر بھی قربانی کی گئی۔ ہیومینٹی فرسٹ نے بھی اس کارخیر میں حصہ لیا اور قربانی کی رقوم مختلف علاقوں میں بھجوائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ احباب بلا تفریق مذہب و ملت اس سے مستفید ہو سکیں۔ مرکزی نظام کے تحت قربانیوں کا گوشت احباب جماعت کے علاوہ غیر از جماعت احباب،پڑوسیوں اور دیگر ضرورتمندوں میں تقسیم کیا گیا۔ متعدد احمدی مسلمانوں کو امسال بھی حجِ بیت اللہ کی سعادت نصیب ہوئی۔ عید کے اس موقع پر بالخصوص پاکستان کے احمدیوں کے علاوہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو پیش آنے والے انتہائی تکلیف دہ واقعات کی وجہ سے ربِّ کعبہ کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگی گئیں۔ امسال ۶؍جون کو جمعة المبارک کا بابرکت دن بھی تھا۔ اس حوالے سے ایک ہی روز میں دو عیدوں کی خوشی بھی میسر آئی۔ اکثر ممالک میں مساجد، احمدیہ سکولز کے کھلے میدانوں یا عیدگاہوں میں نمازِ عید کے متعدد بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ اطفال، خدام اور انصار نے ایک روز قبل ان عیدگاہوں کو وقارِ عمل کے ذریعہ تیار کیا۔ ان کے علاوہ کئی جماعتوں میں نمازِ عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے جن کے بعد حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ عید براہ راست سننے کا اہتمام کیا گیا۔ عیدالاضحی کے حوالے سے بعض نمائندگانِ الفضل انٹرنیشنل کی جانب سے بھجوائی گئی رپورٹس پیش ہیں۔ بر اعظم ایشیا بھارت (قادیان): مورخہ ۷؍جون ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ، قادیان دارالامان میں عید الاضحی منائی گئی۔ صبح ساڑھے آٹھ بجے مسجد اقصیٰ قادیان میں محترم ایڈیشنل ناظر صاحب اعلیٰ جنوبی ہند نے نماز عید پڑھائی اور عید کا خطبہ دیا۔ مسجد اقصیٰ کے علاوہ قادیان کے مختلف محلہ جات کے چار مقامات پر نماز عید کا انتظام کیا گیا تھا جس میں کثیر تعداد میں افراد جماعت شامل ہوئے۔ اس مبارک موقع پر قادیان دارالامان کے علاوہ مضافات سے کثیر تعداد میں احباب تشریف لائے اور نماز عید ادا کی۔ خطبہ عید کے بعد تمام حاضرین اجتماعی دعا میں بھی شامل ہوئے۔ احباب جماعت نے عید الاضحی کے موقع پر قربانیاں بھی دیں۔ خطبہ عید کے بعد قادیان کے گردو نواح سے تشریف لانے والے مہمانان کے لیے لنگر خانہ حضرت مسیح موعودؑ سے ضیافت کا انتظام کیا گیا۔ قادیان شہر کے غیر مسلم معززین اور ہمسائیگی میں رہنے والے افراد عید کے موقع پر جماعت کو مبارک بادی پیش کرنے کے لیے سرائے وسیم میں تشریف لائے جہاں انہیں عید کی خوشی میں شامل کیا گیا اور ان کے لیے ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔ مرکز احمدیت قادیان میں عید الاضحی کی کوریج کے لیے مختلف پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان بھی قادیان تشریف لائے۔ (رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا) بنگلہ دیش: موصولہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر کے ۲۳ ریجنز کی 154 جماعتوں میں عید الاضحی ادا کی گئی جن میں شاملین کی کل تعداد ۱۱ ہزار 752 رہی۔ عید کا سب سے بڑا اجتماع جماعت شالشیڑی میں ہوا جہاں شاملین کی تعداد 904 تھی۔ اسی طرح جماعت کی طرف سے ملک بھر میں کل 117 قربانیاں کی گئیں۔ (رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تھائی لینڈ: ملک کی سات جماعتوں (Phatthanakan، Charan، Pracha Uthit A، Pracha Uthit B، Pracha Uthit C، Nong Khaem، اور (Mission house میں ایک ہزار چھ افراد نے نمازِ عید ادا کی اور ۷۹؍جانور قربان کیے۔(رپورٹ: کاشف احمد۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) روس: امسال ماسکو، رشیامیں بروزجمعہ عید الاضحی منائی گئی اور قربانی کرنے کی توفیق ملی۔نماز عید کے بعد افراد جماعت کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ بعدازاں ماسکو کے مضافات میں پانچ دنبے قربان کرنے کی توفیق ملی۔ ایک قربانی جماعت کی طرف سے اورچارافرادجماعت کی طرف سے کی گئی۔ مشن ہاؤس واپسی پر نمازجمعہ ادا کی گئی جس کے بعد احباب جماعت اور ضرورت مند افراد میں گوشت تقسیم کیاگیا۔ نماز عید میں کُل ۲۸؍افراد شامل ہوئے۔الحمدللہ۔ (رپورٹ: جمیل احمدتبسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) قزاقستان: امسال پہلی مرتبہ قزاقستان کے گیارہ شہروں (الماتی، استانہ، شمکنت، سیمئی، اقتاؤ، اتراؤ، تلدی کرغان، تاراز، پاولادار، قاراغندا اور جانا اوزن) میں نماز عید ادا کی گئی۔ قزاقستان میں تقریباً سب احمدی احباب و خواتین قزاقستانی ہیں اور بھاری اکثریت نو مبائعین پر مشتمل ہے۔ صبح پانچ بجے سے شام سات بجے تک قربانیوں کے سلسلہ میں احباب جماعت نے بڑے جو ش و خروش سے وقار عمل میں حصہ لیا، خود گوشت بنایا اور پھر غرباء اور مستحقین جن کی فہرست پہلے سے تیار تھی ان تک گوشت پہنچانے کا انتظام کیا گیا، فالحمد للہ علیٰ ذالک۔ امسال ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی طرف سے پہلی دفعہ قزاقستان میں عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی قربانی کرنے کی سعادت حاصل ہوئی جس میں ۲؍بیل اور ۱۲؍بھیڑیں ذبح کر کے اللہ تعالیٰ کے حضور پیش کی گئیں اور ۹۸۶؍احباب کی مدد کی گئی۔ نیز مرکز کی ہدایت پر ۳؍بیل ذبح کیے گئے اور ۹۷۲؍ مستحقین کو گوشت مہیا کیا گیا۔ (رپورٹ:عطاءالرب چیمہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) میانمار(برما): میانمار کے ۴؍علاقوں (رنگون (مرکز)، مانڈالے، مون اسٹیٹ اور اپیر واڈی) میں نماز عید اور قربانی کے جانوروں کو ذبح کرنے کا اہتمام کیا تھا۔ ہفتہ کے روز کو تھون، مون اسٹیٹ میں ایک گائے کو ذبح کرکے ۵۹؍گھرانوں میں تقسیم کیا گیا۔ Ayeyarwady ریجن، Eaimae میں ایک گائے کو ذبح کیا گیا۔ گوشت ۳۹؍گھرانوں میںتقسیم کیا گیا۔ مانڈ لے شہر میں ۲؍گائیاں ذبح کی گئیں۔ کُل ۱۴۵؍گھرانوں تک گوشت پہنچایا گیا۔ رنگون میں چار گائیوں کا گوشت ۲۰۴؍گھرانوں میں تقسیم کیا گیا۔ قربانی کا کل گوشت مندرجہ بالا چار علاقوں کے ۴۴۷؍ گھرانوں میں تقسیم کیا گیا۔ (رپورٹ: محمد سالک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) بر اعظم اوشیانہ آسٹریلیا: جماعت احمدیہ آسٹریلیا کے وکٹوریہ ریجن کی تمام چھ جماعتوں (لینگوارن کلائیڈ و بیرک، میلبرن ویسٹ، شیپرٹن، میلبرن ایسٹ) کو عیدالاضحی ۷؍جون ۲۰۲۵ءبروز ہفتہ روایتی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔عید کے اجتماعات میں کل ۱۸۹۵؍افراد شامل تھے۔ خطبہ عید اور اجتماعی دعا کے بعد ایک دوسرے سے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔ خوشی کے اس موقع پر بچوں میں چاکلیٹس تقسیم کی گئیں۔بعد ازاں تمام احباب کی خدمت میں کھانا اور شیرینی پیش کی گئی۔ (رپورٹ :عاطف احمد زاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) نیوزی لینڈ: نیوزی لینڈ میں مورخہ ۷؍جون کو عید کی نماز ادا کی گئی۔ نیوزی لینڈ کے پانچ ریجنز (آکلینڈ، وائیکاتو، ویلنگٹن، ماسٹرٹن، نیلسن)میں موجود جماعتی مساجد اور نماز سنٹرز میں بھرپور حاضری دیکھنے کو ملی۔کل حاضری ۱۰۶۵؍ رہی جبکہ ۸۲؍قربانیاں کی گئیں۔ آکلینڈجماعت احمدیہ مسلمہ کا مرکز ہے۔ یہاں پر عید مسجد بیت المقیت میں ادا کی گئی جو مکرم شفیق الرحمٰن صاحب مربی سلسلہ ومبلغ انچارج نے پڑھائی۔ اس میں ۵۰۰؍کے قریب مردو زن اور بچے شامل ہوئے۔(رپورٹ:مبارک خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) بر اعظم افریقہ آئیوری کوسٹ: آئیوری کوسٹ کے ۲۱؍ریجنز کے ۱۲۹؍ مقامات پر نماز عید ادا کی گئی جہاں پر کل ۱۷؍ہزار ۹۳۰؍احباب و خواتین نے نماز عید ادا کی۔ ان ریجنز کے نام درج ذیل ہیں: Abidjan, Bouake, San-Pedro, Bondoukou, Abengourou, Agnibilekrou, Daoukro, Bassam, Grand-Lahou, N’Douci, Oume, Ferkessedougou, Korhogo, Agboville, Man, Danane, Daloa, Issia, Sinfra, Sassandra, Amoriakro اسی طرح ملک بھر میں جماعتی طور پر کل ۲۱؍گائیوں اور ۳؍بکروں کی قربانی کی گئی۔ نیز ہیومینٹی فرسٹ کے تحت ۲۲؍گائیوں کی قربانی پیش کی گئی۔ (رپورٹ: عبد النور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) تنزانیہ: ملک کے ۲۰؍ریجنز (اَروشا، مبیا، موروگورو، جامعہ، دارِا لسلام، ڈوڈومہ، سونگیا، ٹُندُورُو، مٹوارہ لنڈی، مٹوارہ شہر، زنزبار، شیانگا، گئیٹا، موانزہ، سِمِیُو، ٹبورا، ٹانگا، اِرنگا، پوانی، کاگیرا) میں نمازِ عید کے اجتماعات میں ۱۸۱۵۱؍ حاضری رہی۔ جبکہ ۶۳۲؍قربانیاں کی گئیں۔(رپورٹ: شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) زیمبیا: ملک کے لوساکا، پیٹوکے، پیمبا، کاپربیلٹ، کایبوے، نادرن اور دیگر ریجنز میں نمازِ عید کی کل حاضری ۵۵۰؍رہی۔ جبکہ ۱۳۷؍قربانیاں کی گئیں۔ (رپورٹ:طاہر احمد سیفی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) سینیگال: ملک کے تیرہ ریجنز(ڈاکار، چئیس، فاٹک، کولک، کفرین، تانباکنڈا، کولڈا، زنگاشور، لوگا، جربل، سینٹ لوئس، ماتم، سیجو) میں ۵۹۲۰؍افراد نے نمازِ عید ادا کی جبکہ ۱۱۶؍قربانیاں کی گئیں۔ (رپورٹ:حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) کونگو کنشاسا: ملک بھر کے ۱۱؍ریجنز میں ۲۱۹۹۶؍ احباب نے نماز عید ادا کی۔ جبکہ 457؍انفرادی و اجتماعی قربانیاں کی گئیں۔(رپورٹ:شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) کیمرون: کیمرون کے سات ریجنز (سینٹرل ریجن، شمالی کیمرون (تین ریجنز)، لٹورل ریجن، ساؤتھ ویسٹ، ایسٹ ریجن، ویسٹ ریجن، نارتھ ویسٹ ریجن) میں ۵۰۴۳؍احباب نے نمازِ عید ادا کی جبکہ ۲۰۲؍قربانیاں کی گئیں۔(رپورٹ:عبدالخالق نیر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) کینیا: جماعت احمدیہ کینیا کے بارہ ریجنز میں عید الاضحی بروز ہفتہ پورے اسلامی جوش و جذبہ سے منائی گئی۔ نیروبی ریجن کا سب سے بڑا اجتماع نیروبی شہر میں ہوا۔کینیا کے بارہ ریجنز میں کل 108؍مقامات پر 6944؍احمدیوں نے نماز عید ادا کی۔اور 186؍بکرے، 45؍بیل اور ایک اونٹ جماعتی نظام کے تحت راہ مولیٰ میں قربان کیے گئے۔(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) گنی بساؤ: ملک کے آٹھ ریجنز (بساؤ،تومبلی، کنارا، بافٹا، غابو، اویو، کشیو، بسورنگ ) کی ۶۲؍جماعتوں میں نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے۔ نمازِ عید کی کل حاضری ۳۰؍ہزار۹۰۶؍ رہی۔ جبکہ ۶۳؍قربانیاں کی گئیں۔ (رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ) گنی کناکری:آٹھ ریجنز (کناکری، کنڈیا،بوفا، فورے کاریا،فارانا،بوکے،فیلایا، طیباتا) میں ۷۶۹۰؍افراد نے نمازِ عید ادا کی۔ انفرادی و جماعتی طور پر ۲۱؍گائے اور ۳۳؍بکرے قربان کیے گئے۔ کناکری شہر میں مرکزی مسجد بیت الاحد میں ۱۳۰؍افراد مرد و زن نے نماز عید ادا کی۔ نماز کے بعد مختصر خطبہ دیا گیا پھر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے MTA کے ذریعہ براہ راست خطبہ عید تمام احباب جماعت نے سننے کی سعادت پائی اور حضور انور کے ساتھ دعا میں شامل ہوکر ہماری عید بھی حقیقی عید ہوگئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔(طاہر محمود عابدؔ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) گیمبیا: گیمبیا کے سات ریجنز (بانجل/کومبو، فونی ایریا، لوئر ریور ریجن، سنٹرل ریور ریجن، اپر ریور ریجن، فرافینی ایریا، بارا ایریا) میں ۹۲؍ مقامات پر ۸۱۷۷؍افراد عید کے لیے جمع ہوئے اور ۹۱؍قربانیاں کی گئیں۔ ملک کا سب سے بڑا اجتماع گیمبیا کی مرکزی جامع مسجد بیت السلام بانجل/کومبو میں ہوا جہاں کل حاضری 470؍رہی۔ (مسعود طاہر بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) لائبیریا: لائبیریا میں کل ۱۱۰؍مقامات پر نماز عید ادا کی گئی جبکہ شاملین کی کل تعداد ۶۵۰۰؍تھی۔ عید کے سب سے بڑے اجتماع میں ۲۳۵؍افراد نے نماز عید ادا کی۔ اسی طرح کل ۱۳؍ گائیوں اور ۳۳؍بکروں کی قربانی کی گئی۔ (رپورٹ: فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ملاوی: ملاوی کے تین زونز (Balaka، Mangochi, Machinga) میں چودہ مقامات میں نماز عید ادا کی گئی۔ کل حاضری ۳۷۱۵؍رہی جبکہ قربانیوں کی کل تعداد ۳۵؍تھی۔ (رپورٹ:شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) نائیجیریا: نائیجیریا میں عیدالاضحی بھر پور رنگ میں منائی گئی۔ ملک کے تمام سرکٹس میں عید کی نماز ادا کی گئی۔ ملک کے ۸۴؍ریجنز کی ۳۹۸؍جماعتوں میں عید کے اجتماعات ہوئے جبکہ ۳۲۱؍جماعتوں میں قربانیاں کی گئیں۔موصولہ رپورٹس کے مطابق 457000؍افراد نے عید کی نماز ادا کی۔عید کا سب سے بڑا اجتماع Minna circuit میں ہوا جہاں اندازاً آٹھ ہزار افراد نے شرکت کی۔ (رپورٹ :سید اطہر محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) بر اعظم یورپ بیلجیم: بیلجیم میں ۱۳۴۳؍احمدی احباب نے نمازِ عید ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔ (رپورٹ: چودھری طاہر گل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) چیک ری پبلک: مرکز پراگ میں چار، استی میں پانچ اور کومارو میں بارہ احباب نے نمازِ عید ادا کی۔ (رپورٹ: کاشف احمد جنجوعہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ڈنمارک :کوپن ہیگن، ڈنمارک میں عید کے موقع پر ۳۰۰؍احباب نے شرکت کی۔ (رپورٹ: محمد اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) سویڈن: سویڈن کے پانچ ریجنز (گاتھن برگ، مالمو، سٹاک ہالم، لولیو، کالمار) میں ۹۵۵؍احباب نے نمازِ عید ادا کی۔ (رپورٹ:رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) فِن لینڈ: مورخہ ۶؍جون کو فن لینڈ میں عید الاضحی کا مرکزی اجتماع وانتا کی مسجد نور میں ہوا۔ حاضری تقریباً ۱۷۵؍ رہی۔ فن لینڈ کی باقی لوکل جماعتوں نے بھی نماز عید کا انتظام کیا تھا اور تامپرےجماعت میں کل ۱۳؍ترکو جماعت میں ۱۵؍ نیز واسا جماعت میں کل ۱۷؍افراد نے نماز عید ادا کی۔ کل حاضری ۲۲۰؍رہی۔ الحمد للہ نماز عید کے بعد جماعتی طور پر کھانے کا انتظام تھا جس کے بعد سب نے مسجد میں ہی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہ راست خطبہ عید سماعت کیا۔ اس کے بعد نماز جمعہ کی ادائیگی ہوئی۔ (رپورٹ:طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) لتھوانیا: لتھوانیا کی جماعت ولنیئس میں ۲۲؍افراد نماز عید کے لیے جمع ہوئے جبکہ ایک قربانی بھی پیش کی گئی۔ (رپورٹ: احمد فراز۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) لٹوِیا: جماعت احمدیہ ریگا (Riga) میں ۲۵؍احباب نے مل کر نمازِ عید ادا کی۔ (رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ہنگری: جماعت ہنگری میں عید الاضحی 6؍جون کو منائی گئی اور دو جگہ نمازِ عید ادا کی گئی۔ بوڈاپسٹ میں عید کے لیے ایک ہال کرایہ پر لیا گیا۔جہاں حاضری 27؍افراد تھی۔ دارالحکومت سے لگ بھگ اڑھائی سو کلومیٹر دور شہر ڈیبرسن میں سات طلبہ جو پڑھائی کی وجہ سےمقیم ہیں نے وہیں کسی دوست کے گھر میں نماز ادا کی۔ ایک ہنگرین دوست کے تعاون سے دارالحکومت سے ایک سو ساٹھ کلومیٹر دور ایک چھوٹے سے گاؤں میں بکرےکی قربانی کا انتظام کیا گیا۔وہیں تین چار خاندانوں میں گوشت تقسیم کیا اور احمدی گھروں میں بھی گوشت تقسیم کیا۔ قربانی کے موقع پر اس جگہ ہمسائے اور صاحبِ خانہ کے دوست بھی اکٹھے ہوگئے۔ اس طرح پہلی بار اس گاؤں میں جماعت احمدیہ کا نام پہنچا اور قربانی کے بارے میں اسلامی احکامات اور تعلیمات بتانے کا موقع ملا۔ الحمدللہ (رپورٹ: عطاءالوحید منعم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) یوکے: یوکے کے ۱۴؍ریجنز میں نماز عید الاضحی ادا کی گئی۔ شاملین کی کُل تعداد ۲۵ ہزار ۸۸۵ تھی۔ مرکزی اجتماع اسلام آباد میں ہوا جہاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ عید پڑھائی اور بصیرت افروز خطبہ عید ارشاد فرمایا۔ (تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو الفضل انٹرنیشنل مورخہ ۱۴؍جون ۲۰۲۵ء)۔ مسجد بیت الفتوح میں چھ ہزار جبکہ مسجد فضل میں دو ہزار ۳۰۵؍افراد جماعت نے نمازِ عید ادا کی۔ (رپورٹ:لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) سکاٹ لینڈ ریجن میں عید کا سب سے بڑا اجتماع مسجد بیت الرحمٰن گلاسگو میں منعقد ہوا جس میں دو جماعتیں گلاسگو نارتھ اور گلاسگو ساؤتھ کے ممبران نے شرکت کی جس میں کُل ۲۵۰؍مرد اور ۲۰۰؍خواتین بچوں سمیت شامل ہوئے۔ ایڈنبرا اور فائف جماعت نے نماز عید کے لیے مقامی چرچ میں انتظام کیا جس میں ۳۱؍مرد اور ۳۱؍خواتین نے بچوں سمیت شرکت کی۔ ڈنڈی جماعت نے نماز عید مسجد بیت المحمود میں ادا کی جس میں ۳۲؍مرد اور ۳۲؍خواتین نے بچوں سمیت شرکت کی۔ تمام مقامات پر نماز عید کے بعد حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ سنا گیا۔ اور ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ (رپورٹ:ارشد محمود خاں۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) یونان : ایتھنز، یونان میں ۲۷؍احمدی احباب نے مل کر نمازِ عید ادا کی۔ (رپورٹ: ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) بر اعظم امریکہ سرینام: جنوبی امریکہ کے ملک سرینام میں مسجد ناصر، پاراماریبو میں 125؍افرادنے نمازِ عید ادا کی اور 3؍بڑے اور 7 چھوٹے جانور قربان کیے۔ (رپورٹ: لئیق احمد مشتاق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭