اللہ تعالیٰ کے فضل سے تعلیم الاسلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (ٹکوسا) کینیڈا کا اجلاس مورخہ ۱۸؍مئی ۲۰۲۵ء بروز اتوار سہ پہر پانچ بجے جماعت ریکسڈیل کے نماز سنٹر میں منعقد ہوا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا جس کے بعد مکرم عبدالحمید حمیدی صاحب پریذیڈنٹ ٹکوسا کینیڈا نے پروگرام کی تفصیل اور کینیڈا میں تنظیم ہذا کے جملہ کاموں و فرائض پر روشنی ڈالی۔ نیز پاکستان کے نادار اور مستحق طلبہ کی مالی مدد کی بھی تلقین کی۔ اس کے بعد مکرم سمیع اللہ صاحب جنرل سیکرٹری ٹکوسا نے گذشتہ جنرل باڈی میٹنگ کی رپورٹ پیش کی۔ پروگرام کے دوسرے حصے میں ایک دلچسپ مشاعرہ منعقد ہوا جس میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض ٹورانٹو کے معروف شاعر مکرم رشید ندیم صاحب نے ادا کیے۔ جن شعرائے کرام نے اپنے اپنے کلام کے ذریعے حاضرین سے داد سمیٹی ان میں عبدالحمید حمیدی، توقیرخان ، عثمان خان ، مقصود چودھری اور رشید ندیم صاحبان شامل تھے۔ آخر میں مکرم عبدالحلیم طیب صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے اپنی اختتامی تقریر میں حاضرین کو خلافت احمدیہ سے وابستگی، محبت اور خلیفہ وقت کے لیے خاص دعاؤں کی تلقین کی۔ پروگرام کا اختتام دعا سے شام سات بجے ہوا جس کے بعد حاضرین کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔ مزید پڑھیں: مجالس انصاراللہ ٹورانٹو ویسٹ کینیڈا کا جلسہ یوم خلافت