اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے باقی دنیا میں جماعتوں کی طرح سیرالیون میں بھی ۲۰؍فروری ۲۰۲۵ء کو یوم مصلح موعود اور ۲۳؍مارچ کو یوم مسیح موعود نہایت جوش و خروش اور شان کے ساتھ منائے گئے۔ پورے ملک میں جماعتی سطح پر اور احمدیہ پرائمری و سیکنڈری سکولز میں جلسے منعقد ہوئے جن میں احمدی و غیر احمدی افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلسہ یوم مصلح موعود یہ جلسے نہ صرف مختلف جماعتی مراکز بلکہ تعلیمی اداروں میں بھی منعقد ہوئے جہاں مبلغین، لوکل مشنریز، معلمین، ائمہ مساجد، جماعتی عہدیداران، پرنسپلز، ہیڈ ماسٹرز اور اساتذہ نے مختلف موضوعات پر تقاریر کیں۔ اس کے علاوہ احباب جماعت نے اپنے ذاتی ایمان افروز واقعات بھی سنائے جو احباب کے ازدیاد ایمان کا باعث بنے۔ ان تمام جلسہ جات میں اطفال، خدام، انصار، ناصرات اور لجنہ اماء اللہ نے تلاوت، نظم، احادیث، اقتباسات، تقاریر اور ترانے پیش کیے۔ دونوں ایام کی مناسبت سے براہِ راست آن لائن پروگرامز نشر کیے گئے جنہیں نہ صرف سیرالیون بلکہ دیگر ممالک میں بھی سنا اور دیکھا گیا۔ ایف ایم ریڈیو کے ذریعہ بھی ان کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کیا گیا۔ اسی طرح لجنہ اماء اللہ نے آن لائن پروگرام منعقد کیا جس میں ملک بھر سے لجنہ ممبرات نے شرکت کی۔ جلسہ یوم مسیح موعود ۲۹۵؍جماعتوں میں یوم مصلح موعود کے جلسے منعقد ہوئے جن میں ۱۶؍ہزار ۴۸۳؍احباب نے شرکت کی جبکہ ۱۱۵؍احمدیہ سکولز میں منعقدہ جلسوں میں ۲۵؍ہزار ۶۹۹؍افراد شامل ہوئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک ملک بھر کی ۲۹۵؍جماعتوں نے یوم مسیح موعود کے جلسے منعقد کیے جن میں ۱۴؍ہزار ۲۴۹؍احباب نے شرکت کی۔ اسی طرح ۱۴۱؍احمدی سکولز نے جلسہ یوم مسیح موعود کا انعقاد کیا جن میں ۴۴؍ہزار ۳۴۸؍افراد شامل ہوئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون نے الگ سے دونوں جلسے منعقد کیے جن کی رپورٹ الفضل میں شائع ہوچکی ہے۔ (ملاحظہ ہو الفضل انٹرنیشنل ۲۶؍اپریل۲۰۲۵ء) (رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: نئے پوپ لیو چہاردہم کی افتتاحی دعائیہ تقریب اور عالمی مذاہب کے وفد میں جماعت احمدیہ کی نمائندگی