محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے گیمبیا کے لوئر ریور ریجن کی جماعت مانساکونکو کو ریجن کے ہیڈکوارٹر کی مسجد میں مورخہ ۲۷؍مئی ۲۰۲۵ء بروز منگل جلسہ یوم خلافت کے انعقاد کی توفیق ملی۔ جلسہ سے ایک ماہ قبل خلافت کوئز پروگرام کے ليے خلافت سے متعلقہ سوالات کا نصاب تیار کیا گیا اور خدام، اطفال اور ناصرات میں تقسیم کیا گیا۔ روزانہ کی بنیاد پر دینی معلومات کی کلاسز میں ان سوالات کی تیاری کروائی گئی۔ جلسہ والے دن بعد از نماز عصر مذکورہ بالا خلافت کوئز کا مقابلہ کروایا گیا جس میں کُل ۱۸؍احباب نے حصہ لیا۔ کوئز مقابلہ کے بعد تمام شاملین نے حضورا نور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھے۔ جلسہ یوم خلافت کی کارروائی بعداز نماز مغرب وعشاء شروع ہوئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور حدیث سے ہوا۔ مکرم ابراہیم جارا صاحب نے ’’برکات خلافت‘‘ اور مکرم داؤد سنگھاٹے صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’اطاعت خلافت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ تقاریر کے بعد ’’خلافت کی برکات‘‘ کے موضوع پر ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی جو احباب نے بڑی دلچسپی سے دیکھی۔ بعدازاں تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی جس میں مہمان خصوصی مکرم آنسومانا سایاں صاحب نے خلافت کوئز میں سو فیصد نمبر حاصل کرنے والے خدام اور اطفال میں انعامات تقسیم کیے۔ اس کے بعد خاکسار (ایریا مشنری) نے خلافت عہد دہرایا۔ آخر پر مہمان خصوصی نے اختتامی دعاکروائی اور یوں یہ بابرکت جلسہ اپنے اختتام کوپہنچا۔ جلسہ کے بعد عشائیہ سے احباب کی تواضع کی گئی۔ جلسہ کی کل حاضری ۷۰؍رہی جن میں ۵؍غیر از جماعت احباب بھی شامل تھے۔ اسی طرح مجلس خدام الاحمدیہ نے بھی مورخہ ۳۱؍مئی کو بعد از نماز مغرب جلسہ یوم خلافت کا انعقاد کیا جس میں ۲۰؍خدام و اطفال نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ لتھوانیا کے پہلے نیشنل اجتماع کا کامیاب انعقاد