پہلا نیشنل مقابلہ مضمون نویسی اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کوسوو کو اپنے بارھویں جلسہ سالانہ (منعقدہ ۴؍مئی ۲۰۲۵ء) سے قبل ملکی سطح پر پہلا مقابلہ مضمون نویسی کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس تعلیمی مہم کا مقصد سکول کے طلبہ و طالبات میں اسلامی اقدار، افکار اور تحریری اظہار کو فروغ دینا تھا۔ یہ اقدام نہ صرف تعلیمی اداروں اور جماعت کے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کا باعث بنا بلکہ طلبہ کو اس سے اخلاقی و روحانی پہلوؤں پر غور و فکر کا موقع بھی فراہم ہوا۔ یہ مقابلہ کوسوو کی چھ بلدیات (الیزہان، لیپیا، پوڈوجیوا، شتیمے، دیچان اور استوگ) میں منعقد ہوا۔ چھ سرکاری سکولوں نے شرکت کی اور طلبہ کو ایسے موضوعات دیے گئے جو اخلاقی، روحانی اور اسلامی اقدار سے متعلق تھے۔ اس مہم کو شاندار پذیرائی ملی اور مجموعی طور پر ۱۷۶؍مضامین موصول ہوئے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک ۱۸؍طلبہ کو ان کے اعلیٰ معیارِ تحریر، فکری وضاحت اور اسلامی اصولوں سے ہم آہنگی کی بنیاد پر بہترین قرار دیا گیا۔ ہر علاقہ میں تعلیمی محکموں کے تعاون سے انعامی تقریبات منعقد ہوئیں جن میں پرنسپل، اساتذہ، طلبہ، والدین اور مقامی حکام نے شرکت کی۔ خصوصی بات یہ تھی کہ مکرم ڈاکٹر فہیم یونس صاحب آف امریکہ جو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے نمائندہ خصوصی اور جلسہ سالانہ کوسوو ۲۰۲۵ء کے مرکزی مہمان تھے ان تمام تقریبات میں شریک ہوئے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ علم کو اپنا ہتھیار بنائیں اور اخلاص و عاجزی کے ساتھ سچائی و خدمت کی راہ پر گامزن رہیں۔ کامیاب طلبہ کے مضامین کو جلسہ سالانہ کوسوو کے موقع پر خصوصی نمائش میں رکھا گیا، جو ملکی و غیر ملکی مہمانوں کے لیے قابلِ تحسین تجربہ رہا۔ تعلیمی و بلدیاتی افسران نے جماعت کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ملک کی چار بلدیات میں شجرکاری مہم اسی طرح جماعت احمدیہ کوسوو نے اپریل اور مئی ۲۰۲۵ء کے دوران چار بلدیات میں ایک وسیع شجرکاری مہم کامیابی سے مکمل کی۔ الحمدللہ مہم بہ کوسوو کی چار اہم بلدیات (دیچان (Deçan)، لیپیا (Lipjan)، شتیمے (Shtime) اور الیز ہان (Elez Han) میں انجام دی گئی۔ مقامی بلدیات کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر مناسب مقامات کا انتخاب کیا گیا جن میں سکولوں کے صحن اور عوامی پارک شامل تھے۔ ہر بلدیہ میں ۲۶؍درخت لگائے گئے۔ بعدازاں تقاریب میں مزید چار درخت شامل کیے گئے۔ ان تقاریب میں اساتذہ، طلبہ، بلدیاتی نمائندگان اور مہمانوں نے شرکت کی۔ ماحولیاتی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے درختوں کا انتخاب کیا گیا جو فوری فائدہ پہنچا سکیں۔ اس مہم میں مجموعی طور پر ۱۲۰؍درخت لگائے گئے۔ الحمدللہ تقریبات میں مقامی حکومتوں کی بھرپور حمایت حاصل رہی۔ مکرم ڈاکٹر فہیم یونس صاحب نے اپنی تقریر میں شجرکاری کو صدقہ جاریہ قرار دیا اور قرآن و حدیث کی روشنی میں قدرت کی حفاظت کی اہمیت بیان کی۔ تقریبات کی تفصیل ٭… دیچان: ۲۳؍اپریل کو دو سکولوں میں درخت لگائے گئے۔ تقریب ۲؍مئی کو منعقد ہوئی۔ ٭… لیپیا:۲۹؍ اپریل کو شجرکاری۔ ۵؍مئی کو تقریب۔ ٭… شتیمے:۲۴؍اپریل کو شجرکاری۔ ۵؍مئی کو تقریب۔ ٭… الیز ہان:۲۹؍اپریل کو سٹی پارک میں درخت لگائے گئے۔ ۵؍مئی کو میئر اور ڈاکٹر صاحب کی موجودگی میں تقریب۔ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کوسوو کی ان مساعی کو قبول فرمائے اور جماعت احمدیہ کو آئندہ بھی انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین (رپورٹ: جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: الاسلام ویب سائٹ اور قرآن ایپ پر سویڈش ترجمۃ القرآن کی نئی سہولت