https://youtu.be/0433nrZnzAI اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی مئی کے مہینہ میں تنزانیہ بھر کے ریجنز میں جلسہ ہائے یوم خلافت منعقد ہوئے۔ دارالسلام، مورگورو، ڈوڈومہ، موانزہ، شیانگا، گئیٹا، سمییو، مٹوارہ، مساسی، ٹبورا، مبیا، کی بی ٹی، اَروشا، سونگیا، ٹانگا اور زنزبار میں بڑے اجتماعات ہوئے جن میں غیر از جماعت مہمانان کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ ان جلسوں میں جماعت احمدیہ میں خلافت کے قیام اور اس کی عالمگیر برکات کے حوالے سے تقاریر ہوئیں۔ سرزمین تنزانیہ کو دو مرتبہ خلفائے کرام کے دورہ کی برکات حاصل ہوئی ہیں۔ ان مواقع پر ہونے والے ایمان افروز واقعات کا تذکرہ کیا گیا۔ بچوں اور بڑوں نے بہت شوق سے خلافت کے بارے میں نظمیں اور ترانے پڑھے نیز خلافت احمدیہ صد سالہ جوبلی کے موقع پر لیا گیا عہد بھی دہرایا گیا۔ اکثر مقامات پر جلسہ یومِ خلافت کے بعد شاملین کےليے کھانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ دارالحکومت ڈوڈومہ میں یومِ خلافت کے حوالے سے علاقہ کے ۱۸؍مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ ریڈیو احمدیہ مٹوارہ کے ذریعے یومِ خلافت پر ۶؍گھنٹے کے لائیو پروگرامز نشر کیے گئے جن میں خلافت کے موضوع پر تفصیل سے بیان کیا گیا۔ ملک بھر سے مختلف احبابِ جماعت کو بذریعہ فون ان پروگرامز میں شامل کیا گیا۔ جامعۃ المبشرین تنزانیہ میں بھی جلسہ یومِ خلافت منعقد ہوا جو ریڈیو احمدیہ پر براہِ راست نشر کیا گیا۔ اسی طرح خطبہ جمعہ بیان فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مورخہ ۳۰؍مئی ۲۰۲۵ء کا سواحیلی ترجمہ احبابِ جماعت کو سنایا گیا۔ اللہ تعالیٰ ان تمام کاوشوں میں برکت ڈالے اور ہم سب خلافت احمدیہ کی اہمیت اور برکات کو پہچانتے ہوئے ہمیشہ کےليے اس کے ساتھ وابستہ رہیں۔ آمین (رپورٹ:شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ Alzey، جرمنی کی بعض مساعی