کینیا کے مشرقی صوبہ میں جماعت کے ہیڈ کوارٹرز ’’کادیانی‘‘ قصبہ سے بجانب جنوب تقریباً ۵؍کلو میٹر کے فاصلہ پر کیئوٹی گاؤں میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک فعال جماعت موجود ہے جو ۱۹۹۰ء کی دہائی میں قائم ہوئی تھی۔ ۲۰۰۳ء میں یہاں ایک پختہ مسجد تعمیر کی گئی تھی۔ سال ۲۰۲۳ء میں اس مسجد کی توسیع اور رینوویشن کی گئی۔ اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے مسجد کے پلاٹ میں ہی ایک خوبصورت معلم ہاؤس تعمیر کیا گیا ہے جس کا افتتاح مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا نے ۲۵؍مئی ۲۰۲۵ء بروز اتوار بعد نماز ظہر کیا۔ اس بابرکت تقریب میں کیئوٹی جماعت کے علاوہ ریجن کی دیگر جماعتوں سے بھی احباب جماعت و معززین علاقہ شامل ہوئے۔ نماز ظہر و عصر کے بعد مکرم امیر صاحب نے یادگاری تختی کی نقاب کشائی کے بعد فیتہ کاٹ کر نو تعمیر شدہ معلم ہاؤس کا افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ یہ معلم ہاؤس تین کمروں، بیٹھک اور باورچی خانہ وغیرہ پر مشتمل ہے اور اس میں پانی کی فراہمی کا کام جاری ہے۔ مشن ہاؤس کے افتتاح کے بعد مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت جلسہ یوم خلافت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم معلم جمعہ منیکاصاحب، مکرم آدم جیبو صاحب اور مکرم عبد اللہ مٹنگا صاحب معلمین سلسلہ نے علی الترتیب خلافت راشدہ، خلافت علیٰ منہاج نبوت اور خلافت کی اہمیت و برکات جیسے اہم موضوعات پر تقاریر کیں۔ اسی طرح مکرم شیخ قاسم مچیرے صاحب ریجنل انچارج نے ’’برکات خلافت‘‘ پر تقریر کی جس میں نہایت احسن رنگ میں جماعت احمدیہ عالمگیر کی روز افزوں ترقیات اور الٰہی تائیدات کا ذکر کیا۔ ان تقاریر کے بعد امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں احباب جماعت کو خلافت احمدیہ سے حقیقی وابستگی اور اس کی کامل اطاعت اور باہمی اتفاق و اتحاد کی تلقین کی اور دعا کروائی۔ یوں یہ مبارک جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ جلسہ کے اختتام پر تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ اس جلسہ میں ۲۵؍مہمانوں سمیت ۸۵؍افراد شریک ہوئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ وٹلش، جرمنی میں ایک روزہ تبلیغی ’فیملی ڈے‘ کا انعقاد