https://youtu.be/-TXprEyLVac مکرم صادق احمد لطیف صاحب مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ آنیبلیکرو (Agnibilekrou)، آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۲۴؍مئی ۲۰۲۵ء کو اپنا پہلا پیس سمپوزیم مقامی میونسپلٹی کے زیر انتظام کلچرل ہال میں منعقد کرنے کی سعادت ملی۔ اس بابرکت پروگرام کی تشہیر کے لیے ایک ہفتہ قبل دعوت نامے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد میں تقسیم کیے گئے۔ مورخہ ۲۳؍مئی کو آبی جان سے مکرم سلا محمدی صاحب نائب امیر جماعت آئیوری کوسٹ کی قیادت میں ایک مرکزی وفد آنیبلیکرو پہنچا جس میں مکرم سلطان احمد وڑائچ صاحب مبلغ سلسلہ، نمائندہ صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ اور ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ کے نمائندہ شامل تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ مکرم سلا اسماعیل صاحب معتمد خدام الاحمدیہ نے جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا۔ خاکسار (مبلغ سلسلہ)نے ’’حضرت محمدﷺ-امن کے سفیر‘‘ کے موضوع پر فرانسیسی زبان میں اور مکرم سلطان احمد وڑائچ صاحب نے ’’اسلام میں اولوا الامر کی اطاعت‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ تقاریر کے بعد مکرم نائب امیر صاحب نے اظہار خیال کیا۔ چند معزز مہمانانِ گرامی نے بھی کانفرنس کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام کے اختتام پر مکرم نائب امیر صاحب نے دعا کرائی۔ اس موقع پر قرآن کریم کی نمائش اور بک سٹال کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ جس سے حاضرین نے بھرپور استفادہ کیا۔ بعض معزز مہمانان کو فرانسیسی ترجمہ کے ساتھ قرآن کریم بطور ہدیہ پیش کیا گیا۔ اختتامی دعا کے بعد تمام شرکاء کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ اس پروگرام میں حکومتی نمائندگان، اساتذہ، ڈاکٹرز، طلبہ اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ۶۵؍افراد نے شرکت کی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک کانفرنس کی رپورٹ آن لائن اخبار AIP میں بھی شائع ہوئی۔ اللہ تعالیٰ اس کاوش کو بابرکت فرمائے اور اسے اسلام احمدیت کے تعارف کا مؤثر ذریعہ بنادے۔ آمین (رپورٹ:عبدالنور۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ جرمنی کا آن لائن نیشنل تربیتی سیمینار نیز مجلس کی دیگر مساعی